متفرق

ربوہ کا موسم(۲۸؍جون تا ۴؍جولائی۲۰۲۴ء)

۲۸؍جون جمعۃ المبارک کو صبح ہی سے ہلکے بادل چھا ئے ہوئے تھے اور ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی بلکہ گذشتہ رات سے ہی ہوا نے موسم خوشگوار بنائے رکھا ۔ دوپہر کو گرمی ہوگئی اور ہلکی لوجاری رہی ۔ اس کے بعد باقی ہفتہ کافی گرم گزرا۔ سارا پاکستان ہی گرمی کی حالیہ لہر کی لپیٹ میں ہے۔کراچی سے لے کر پشاور اور شمالی علاقہ جات تک گرمی ہی گرمی پڑ رہی ہے۔ اس ہفتہ کے دوران لاہور میں دو دن بارش ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ اسلام آباد اور اس کے نواحی پہاڑی علاقے ، مری اور اس کی گلیات نیز شمالی علاقہ جات کے دیگر پُر فضا مقامات بھی آجکل گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ ہفتہ اور اتوار کو ربوہ میں موسم خشک اور خوب گرمی کی لپیٹ میں رہا، لو بھی چلتی رہی۔ سوموار کو سہ پہر کے وقت ہلکی آندھی آئی اور ہوا چلنے سے موسم کچھ خوشگوار ہوگیا۔منگل کو دوپہر کے وقت لو چلتی رہی۔ بدھ کو گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا تیز لو چلتی رہی ۔ سورج سے آگ ہی آگ برس رہی تھی ۔ لو چلنے کے باوجود گھر سے باہر نکلنے پر دم گھٹتا ہوامحسوس ہورہار تھا ۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۴۴؍ اور کم سے کم ۳۱؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ رات گئے ہوا چلنا شروع ہوگئی۔جمعرات کو نماز فجر کے وقت گذشتہ رات سے جاری ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی۔ فجر کے بعد اچانک اس نارمل سپیڈ میں چلنے والی ہوا نے تیز آندھی کی شکل اختیار کرلی جو تقریباً صبح ساڑھے سات بجے تک جاری رہی۔ بعد میں ٹھنڈی ہوا میں بدل گئی اور سارا دن چلتی رہی۔گرمی قدرے کم ہوگئی ، ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۷؍ اور کم سے کم ۲۸؍درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ (ابو سدید)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button