مجلس انصار اللہ لائبیریا کی نیشنل مجلس عاملہ کا تبلیغی و تربیتی دورہ
مکرم شمیم احمد یحیٰ صاحب نیشنل قائد تعلیم و تربیت مجلس انصاراللہ لائبیریا تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے نیشنل مجلس عاملہ کے چند ممبران کوNimba اور Grand Gedeh کاؤنٹیوں کے دورہ کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
گرینڈ جیڈا کاؤنٹی کا صدر مقام Zwedru دارالحکومت منروویا سے تقریباً ۴۷۵؍کلومیٹر کی مسافت پر ہے اور جماعتی ہیڈکوارٹر بیت المجیب سے تاحال سب سےدُور مشن بھی یہاں ہی قائم ہے۔گرینڈ جیڈا پہنچنے کے لیے نمبا کاؤنٹی سے گزرنا پڑتا ہے جہاں تک پختہ سڑک موجود ہے۔ لیکن اس سے آگے تقریباً ۲۱۵؍کلومیٹرکا سارا سفر ہی کچے راستہ پر طےکرنا پڑتا ہےجوبارشوں سےبہت حد تک متاثر ہونے کے باعث ایک انتہائی دشوار گزار اور طویل وقت کا متقاضی ہے۔ یہاں پر پہلی مرتبہ مشن کا قیام۲۰۰۲ء میں ہوالیکن ملکی خانہ جنگی کے باعث مکرم جاوید اقبال لنگاہ صاحب مبلغ سلسلہ کو یہ علاقہ چھوڑنا پڑا جس کے بعد ایک لمبے عرصہ تک یہاں پر کسی کا تقررممکن نہ ہو سکا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۲۰۲۱ء میں مکرم ابراہیم سیسے صاحب معلم سلسلہ کی تقرری سے از سر نومشن کا قیام عمل میں آیا۔ اس وقت یہاں پر مشن ہاؤس، نماز سینٹر اور جماعت کی ملکیت میں دوپلاٹ موجود ہیں۔
Ganta میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے مرکزی مشن ہاؤس اور احمدیہ کلینک بھی قائم ہیں۔ لہٰذا ہم نے اسے بھی اپنے پروگرام میں شامل کر لیا اور یہاں رات قیام کا فیصلہ کیا۔ چنانچہ ۳۱؍مئی کو مکرم منصور احمد ناصر صاحب صدر مجلس انصاراللہ کی قیادت میں مکرم ناصر احمد کاہلوں صاحب مبلغ سلسلہ و نائب صدر، مکرم ڈاکٹر عبدالحلیم صاحب اعزازی ممبر نیشنل مجلس عاملہ اور خاکسار (نیشنل قائد تعلیم و تربیت) منروویا سے Ganta کے لیے روانہ ہوئے۔ رات ساڑھے نوبجے Gantaپہنچے جہاں مکرم محمد زکریا صاحب مبلغ سلسلہ و دیگر ممبران جماعت نے وفد کا استقبال کیا۔
اگلے روز احباب جماعت کے ساتھ اجتماعی نماز تہجد ادا کی گئی۔ نماز فجر، درس اور ناشتہ کے بعد احمدیہ کلینک کا دورہ کیا جس کے بعد قافلہ منزل مقصودکی جانب روانہ ہوا۔ Ganta سے مکرم محمد زکریا صاحب مبلغ سلسلہ و ناظم اعلیٰ مجلس انصاراللہ نمبا کاؤنٹی اورنگران گرینڈ جیڈا کاؤنٹی بھی وفد کے ساتھ شامل ہو گئے۔ دو پہر دو بجے ہم Zwedru پہنچے جہاں مکرم ابراہیم سیسےصاحب معلم سلسلہ نے دیگر احباب جماعت کے ساتھ وفد کا استقبال کیا۔ نمازوں کی ادائیگی اور کھانے کے بعد والی بال کے ایک نمائشی میچ میں شرکت کی۔ اس میں شہر کے دیگر غیر ازجماعت معزز مہمان بھی مدعو کیے گے تھے۔ اس میچ کا مقصد عوام الناس کو جماعت کا تعارف اور تبلیغ کرنا تھا جس کا بھرپور فائدہ اٹھایا گیا۔نماز مغرب و عشاء کے بعد احباب جماعت کے ساتھ ایک نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں ان کے حالات و مسائل جاننے کا موقع ملا۔ اس کے علاوہ ان کی طرف سے پیش کیے جانے والے سوالات کے جواب بھی دیے اور ساتھ ساتھ ان کو نظام جماعت کے متعلق آگاہی بھی دی جاتی رہی۔
اگلے روز دن کی مصروفیات کا آغاز اجتماعی نماز تہجد سے کیا گیا جس میں مقامی احباب نے بھی شمولیت کی۔ ناشتہ کے بعد شہر کی سیر میں چندائمہ اور کاروباری احباب سے بھی ملاقات کا موقع ملا ۔انہیں جماعت کا تعارف کروایااور مشن ہاؤس آنے کی دعوت دی۔ صبح دس بجے ممبران مجلس انصار اللہ کے ساتھ ایک اجلاس عام کا انعقاد کیا جس میں تنظیم کا تعارف، ممبران کی ذمہ داریاں اور خلافت احمدیہ سے تعلق پیدا کرنے جیسے عناوین زیر گفتگورہے۔ دوپہر ایک بجے کچھ ریفریشمنٹ کے بعد وفد نے واپسی کے لیے سفر شروع کیا۔نماز ظہر و عصر Ganta میں ادا کی جس کے بعدممبران مجلس انصار اللہ کے ساتھ اجلاس عام منعقد کیا۔ کھانے کے بعد واپسی کا سفر شروع ہوا۔ دوران سفر نمازوں کی ادائیگی کے لیے مارگیبی کاؤنٹی کے مرکزی نماز سینٹربمقام Kakataکچھ دیر قیام کیا اورتقریباً رات بارہ بجے بخیروعافیت منروویا پہنچ گئے۔ اس دورہ میں مجموعی طور پر لگ بھگ ۷۰؍احمدی و غیرازجماعت احباب سے ملاقات ہوئی۔ اللہ تعالیٰ اس کے مثبت نتائج ظاہر فرمائے۔آمین
(مرسلہ : فرخ شبیر لودھی۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)