امریکہ (رپورٹس)

مجلس انصاراللہ کینیڈا کے زیر اہتمام پہلا نارتھ امریکہ ریفریشر کورس برائے ممبران نیشنل مجالس عاملہ

محض خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ کینیڈا کے زیر اہتمام پہلا ریفریشر کورس برائے ممبران نیشنل مجالس عاملہ (کینیڈا اور امریکہ) مورخہ ۸؍جون ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ بیت الحمد مسی ساگا، کینیڈا میں منعقد ہوا جس میں مکرم عبد الخالق تعلقدار صاحب اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری (انصار سیکشن) نے بطور مرکزی نمائندہ خصوصی شرکت کی۔

کارروائی کا باقاعدہ آغاز صبح ساڑھے دس بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، دعا اور عہد سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم عبدالحمید وڑائچ صاحب صدر مجلس انصاراللہ کینیڈا نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور دعائیہ کلمات کے بعد مکرم منصور قریشی صاحب صدر مجلس انصار اللہ امریکہ نے چند افتتاحی کلمات کہے۔

اس کے بعد ریفریشر کورس میں شامل تمام عاملہ ممبران کا تعارف ہوا۔ تعارف کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے وہ ویڈیو کلپس دکھائے گئے جن میں حضور انور نے مجلس انصاراللہ کے عہدیداروں کو مختلف مواقع پر ہدایات سے نوازا ہے۔ مجلس انصاراللہ امریکہ کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کی رپورٹ مکرم محفوظ شیخ صاحب قائد عمومی امریکہ جبکہ مجلس انصاراللہ کینیڈا کے شعبوں کی کارکردگی رپورٹ مکرم عاصم بھلی صاحب قائد عمومی نے پیش کی۔

صدرمجلس انصار اللہ امریکہ کی تقریر بعنوان ’’مجلس انصاراللہ کے عہدیداران کی ذمہ داریاں‘‘کے بعد مجلس انصاراللہ کینیڈا اور امریکہ کے اہم شعبوں یعنی تربیت، تعلیم، تبلیغ اور مال کے قائدین نے اپنے اپنے شعبوں کے حوالے سے رپورٹس پیش کیں اور اپنی مساعی کا ذکر کرتے ہوئے مزید بہتری کی تجاویز دی گئیں۔ اسی طرح میدان عمل میں پیش آنے والے مسائل اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔

نماز اور کھانے کے وقفے کے بعد مختلف شعبوں کی کارکردگی کوبہتر بنانے کے حوالے سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی ہدایات پر مشتمل ویڈیو کلپس بھی دکھائے گئے جس کا حاضرین پر گہرا اثر ہوا۔

مرکزی نمائندہ خصوصی کے ساتھ سوال و جواب کی ایک مجلس منعقد ہوئی۔ پروگرام کے مطابق مجلس انصار اللہ امریکہ اور کینیڈا کی بہترین مجلس اور ریجن کے نمائندوں نے اپنی اپنی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔ چائے کے وقفے کے بعد دونوں ممالک کے عاملہ ممبران نے مجالس کے باہمی تعاون میں بہتری لانے کے حوالے سے اوپن فورم میں اپنی تجاویز پیش کیں۔

بعد ازاں مرکزی نمائندہ خصوصی نے اپنی اختتامی تقریر میں ریفریشر کورس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے عاملہ ممبران کو خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۸؍اگست۲۰۲۳ء کی طرف متوجہ کیا اور بعض ہدایات دیں۔ آخر میں مکرم لال خان ملک صاحب نیشنل امیر جماعت احمدیہ کینیڈا نے اختتامی دعا کروائی اور اس طرح یہ بابرکت پروگرام اختتام پذیر ہوا۔

پروگرام کے بعد تمام مہمانوں کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہ پروگرام ہر لحاظ سے کامیاب رہا اور شاملین کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع میسر آیا جس کا اظہار انہوں نے ریفریشر کورس کے دوران اور بعد میں بھی کیا۔

ریفریشر کورس کے اگلے دن بروز اتوار مجلس انصاراللہ کینیڈا کی طرف سے امریکہ سے آنے والے مہمانوں کے اعزاز میں پکنک اور بار بی کیو کا اہتمام بھی کیا گیا۔ ریفریشر کورس کی کُل حاضری ۱۱۰؍رہی جس میں امریکہ،ٹورانٹو کے مضافات، وینکوور، کیلگری اور ایڈمنٹن سے نیشنل ممبران عاملہ اور ریجنل ناظمین شامل ہوئے۔ دو غیر ملکی مہمان بھی اس پروگرام میں شامل ہوئے۔ نیز ۲۶؍رضاکاروں نے اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں بھرپور خدمت انجام دی۔ فجزاہم اللہ تعالیٰ احسن الجزاء

(رپورٹ: خالد محمود شرما۔ قائد تعلیم مجلس انصار اللہ کینیڈا)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button