ریجنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ ناتی ٹنگو، بینن
محض خدا تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۱؍مئی ۲۰۲۴ء کو مجلس خدام الاحمدیہ ریجن ناتی ٹنگو، بینن کواپنا ریجنل اجتماع منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ فالحمد للہ علیٰ ذٰلک۔ یہ اجتماع ریجن کی جماعت کانکولگا (Kankoulga) کی مسجد میں منعقد کیا گیا۔
بینن کے دارالحکومت سے اراکین نیشنل عاملہ مجلس خدام الاحمدیہ، مکرم آچیدے زکریا صاحب نائب صدر مجلس خدام الاحمدیہ بینن اور مکرم رائمی مقدم صاحب اجتماع میں شامل ہوئے۔
مورخہ ۱۱؍مئی کو خاکسار خدام الاحمدیہ کے وفد کے ہمراہ کانکولگا جماعت میں پہنچا جہاں احباب جماعت نے نعرہ ہائے تکبیر سے وفد کا والہانہ استقبال کیا اور مسجد میں داخل ہوئے۔
پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا جس کا فرنچ ترجمہ پیش کیا گیا۔ اس کے بعدتمام خدام نے کھڑے ہو کر عہد دہرایا جس کے بعد محترم نائب صدر صاحب نے خدام کو صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ کی طرف سے بھجوایا گیا پیغام پڑھ کر سنایا اور نصائح کیں۔ دعا کے ساتھ افتتاحی اجلاس اختتام کو پہنچا۔
اس کے بعد ورزشی مقابلہ جات کا سلسلہ شروع ہوا جس میں رسہ کشی، پنجہ آزمائی اور میوزیکل چیئرز شامل تھے۔ خدام و اطفال نے ان مقابلہ جات میں بڑی دلچسپی اور جوش و خروش سے حصہ لیا۔ اس کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا جس کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔
اس کے بعد علمی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا جن میں تلاوتِ قرآنِ کریم، قصیدہ اور حفظ القرآن شامل تھے۔
اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآنِ کریم سے کیا گیا جس کے بعد قصیدہ ’یا عین فیض اللہ والعرفان‘ ایک طفل نے پیش کیا۔ محترم نائب صدر صاحب نے پوزیشن حاصل کرنے والے خدام و اطفال میں انعامات تقسیم کیے اور آخر پر خاکسار (مبلغ سلسلہ ریجن ناتی ٹنگو بینن) نے حضرت مصلح موعودؓ کے بیان فرمودہ ارشادات کی روشنی میں خدام و اطفال کو اپنے علمی و روحانی معیار بلند کرنے کی طرف توجہ دلائی۔
اس اجتماع میں خدا تعالیٰ کے فضل سے ۶۷ خدام و اطفال نے شرکت کی۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے بابرکت ثمرات عطا فرماتے ہوئے سب کو خلیفہ وقت کا سلطان نصیر بنائے۔ آمین
(رپورٹ: مرزا فرحان احمد بیگ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)