مجلس خدام الاحمدیہ ساؤتومے کے تحت پروگرام عطیہ خون
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۵؍مئی ۲۰۲۴ءکو مجلس خدام الاحمدیہ ساؤتومے کو خون کا عطیہ پیش کرنے کا موقع ملا۔ خدام الاحمدیہ نے نیشنل مشن ہاؤس سے وزیراعظم آفس تک مارچ کیا اور وزیراعظم آفس کے سامنے پروگرام عطیہ خون منعقد کیا گیا۔ اس سال ۳۸؍خدام نے خون کا عطیہ پیش کرنے کی توفیق پائی۔ تین لوگ مارچ کے دوران خدام کے ساتھ شامل ہوئے اور خون دیا۔ اس طرح کُل ۴۱؍ لوگوں نے خون دیا۔
خون کا عطیہ پیش کرنے والوں میں سے ایک ایدیملسوں صاحب تھے، وہ کہتے ہیں کہ میں مسلمان نہیں ہوں لیکن جماعت کا عطیہ خون کا پروگرام مجھےبہت پسند آیا۔ آپ لوگوں کو دیکھ کر میرے دل نے مجھے مجبور کیا کہ میں بھی خون دوں۔ دوسروں کی جان بچانے کے لیے جماعت کی یہ کاوش سب کے لیے لائحہ عمل ہونی چاہیے۔
عطیہ خون کی نیشنل تنظیم کے صدرمارچ میں شامل ہوئے اور انتظامات کرنے میں بھی ہماری مدد کی۔ انہوں نے جماعت کے کام کو سراہا اور آخر تک ساتھ رہے۔ جب سب لوگ عطیہ خون کے بعد واپس چلے گئے تب موصوف نے وائنڈاپ بھی کروایا۔
کیپٹل کے میئر نے اپنے پیغام میں کہا کہ جماعت احمدیہ نے انسانیت کی بہت بڑی خدمت کی ہے۔ سپورٹس منسٹر نے شکریہ ادا کیا اور وزیراعظم صاحب نے بھی شکریہ کا پیغام بھیجا۔ بہت سارے سیاسی، سماجی افراد، ڈائریکٹرز اور پروفیسرز نے اس پروگرام کو سراہا۔ نیشنل ٹی وی نے اس پروگرام کی تفصیلی رپورٹ رات کے خبر نامے میں نشر کی۔
(رپورٹ: انصر عباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)