افریقہ (رپورٹس)

سیرالیون کے روکوپر ریجن کی دو جماعتوں میں تقاریب آمین

(سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ روزنامہ الفضل انٹرنیشنل)

مکرم راشد جاوید صاحب ریجنل مبلغ روکوپر ریجن تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۵و۲۶؍مئی ۲۰۲۴ء کو سیرالیون کے روکوپر ریجن کی دو جماعتوں ٹومبوولہ اور کامبیا میں قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والے بچوں اور بڑوں کی تقاریب آمین منعقد کی گئیں جن کی تفصیل درج ذیل ہے۔

جماعت ٹومبوولہ میں تقریب آمین

مورخہ ۲۵؍مئی ۲۰۲۴ء کو جماعت ٹومبو ولہ میں تقریب آمین منعقد ہوئی جس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور قصیدہ سے ہوا۔ پڑھے گئے قصیدہ کا خلاصہ مشنری انچارج صاحب نے حاضرین کو سنایا۔ بعد ازاں مکرم الفا کمارا صاحب پرنسپل احمدیہ مسلم سینئر سکول ٹومبوولہ نے مہمانوں کا تعارف کروایا۔ مہمانوں میں مبلغ انچارج صاحب، خاکسار (ریجنل مشنری)، ریجنل قائد مجلس خدام الاحمدیہ اورسرکٹ مشنری سمیت کئی معروف احمدی اور غیر از جماعت شخصیات شامل تھیں۔

اس موقع پر مکرم نعیم اظہر صاحب مبلغ انچارج نے قرآن کریم سیکھنے کی برکات پر تقریر کی اور بتایا کہ اصل برکات قرآن کریم کے ساتھ وابستہ ہیں۔ ریجنل مبلغ صاحب اور مولوی محمد سعید فوفانہ صاحب نے خلافت اور جماعت کی محبت کے عنوان پر روشنی ڈالی۔ مسجد میں موجود تمام اطفال نے نماز باترجمہ سنائی جس سے حاضرین بہت متاثر ہوئے۔ بعد ازاں دینی معلومات کو سوال جواب کی صورت میں پیش کیا گیا۔

مبلغ انچارج صاحب نے قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں سے قرآن کریم کا کچھ حصہ سنا۔ قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں میں۱۰؍اطفال اور۳؍ناصرات شامل تھیں۔ آپ نے بچوں اور ان کے والدین کو مبارک باد دی اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر موجود غیراحمدی اماموں و معززین نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جماعت کی کوششوں کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر قرآن کریم مکمل کرنے والے بچوں میں قرآن کریم اور اسناد تقسیم کی گئیں اور گروپ فوٹو بھی بنائی گئی۔ نماز ظہر وعصر کی ادائیگی کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ دعا کے ساتھ یہ بابرکت پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ کُل حاضری ۲۰۰؍ تھی ۔

جماعت کامبیا میں تقریب آمین

مورخہ ۲۶؍مئی ۲۰۲۴ء کو تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم داؤدا کمارا صاحب مینیجر احمدیہ سکولز روکوپر ریجن نے مہمانوں کا تعارف کروایا۔ مہمانوں میں مبلغ انچارج صاحب نے قرآن کریم کی تعلیم کی اہمیت اور ہماری ذمہ داریوںپر اور خاکسار (ریجنل مبلغ)نے نظام خلافت اور خلافت سے محبت کے عنوان پر تقاریر کیں۔

اس کے بعد بعض اطفال نے پروگرام پیش کیے۔ دو ممبرات لجنہ اماءاللہ نے سورۃالنجم انگلش ترجمہ کے ساتھ سنائی جو انہوں نے حفظ کی ہوئی تھی۔ اطفال نے نماز باترجمہ بآواز پڑھی اور وضو کرنے کا طریق عملی طور پر مظاہرہ کر کے بتایا، اسی طرح کچھ احادیث ترجمہ کے ساتھ پیش کیں۔ اس کے بعد مکرم مبلغ انچارج صاحب نے قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں سے قرآن کریم کا کچھ حصہ سنا۔ قرآن کریم کا پہلا دور مکمل کرنے والوں میں ۷؍اطفال اور ۲؍ناصرات شامل تھیں۔ آپ نے بچوں اور ان کے والدین کو مبارکباد دی اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ پیراماؤنٹ چیف جناب ماگبیما نے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جماعت کی کوششوں کو سراہا۔ ایک اَور چیفڈم بیرامایا کے پیراماؤنٹ چیف بھی موقع پر موجود تھے اور بہت خوش تھے کیونکہ ان کی بیٹی اور خاندان کے دو بچے بھی آمین کی تقریب کا حصہ تھے۔ انہوں نے بھی پہلی دفعہ قران مکمل کیا تھا۔ اس چیفڈم کے امام بھی اس موقع پر مدعو تھے۔ انہوں نے بھی جماعت احمدیہ کی خدمت قرآن کو سراہا۔ اسی طرح کئی غیر احمدی مہمانوں نے بھی ان خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر قرآن کریم مکمل کرنے والے بچوں میں قرآن کریم اور کچھ نقدی بطور انعام تقسیم کیے گئے اور گروپ فوٹو بھی بنائی گئی۔

نماز ظہر وعصر کی ادائیگی کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ دعا کے ساتھ یہ بابرکت پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ کُل حاضری ۲۴۰؍تھی۔

اللہ تعالیٰ تمام بچوں اور بڑوں کے سینوں کو قرآن کریم کے نور سے بھر دے۔ آمین

(رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button