یورپ (رپورٹس)

مجلس انصاراللہ علاقہ ہیسن ٹاؤنس، جرمنی کا ایک روزہ سالانہ اجتماع

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ علاقہ ہیسن ٹاؤنس، جرمنی کا ایک روزہ سالانہ اجتماع مورخہ ۹؍جون۲۰۲۴ء بروز اتوار مسجد عطاء، فلورس ہائم میں منعقد ہوا۔ اس ایک روزہ اجتماع میں علاقہ کی تمام پندرہ مجالس سے ۲۰۰؍سے زائد انصار نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

یہ اجتماع نمازوں اور کھانے کے وقفے کے ساتھ صبح دس بجے سے شام چھ بجے تک جاری رہا۔ اہم پروگراموں میں پرچم کشائی، افتتاحی تقریب، علمی و ورزشی مقابلہ جات، تلقین عمل کا پروگرام اور تقسیم انعامات شامل ہیں۔ علمی مقابلوں میں مقابلہ حسن قراءت، نظم، مشاہدہ معائنہ، تقریر اردو ، جرمن اور فی البدیہ شامل تھے۔ورزشی مقابلوں میں دوڑ، کلائی پکڑنا، رسہ کشی، والی بال اور فٹ بال شامل تھے۔حسب سابق علمی مقابلوں میں منصفین کے فرائض مربیان کرام نے سرانجام دیے۔

اجتماع کا دن:مورخہ ۹؍جون کو صبح شاملین اجتماع نے رجسٹریشن کے بعد ناشتہ کیا۔ دس بجے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں مکرم بشیر احمد ریحان صاحب صدر مجلس انصاراللہ جرمنی نے مجلس انصاراللہ کا جھنڈا جبکہ ناظم اعلیٰ علاقہ مکرم چودھری وسیم احمد صاحب نے جرمنی کا پرچم لہرایا۔ اس موقع پر تین انصار نے ترانہ پڑھا جس کے بعد صدر صاحب نے دعا کروائی۔

سالانہ اجتماع کی افتتاحی تقریب مکرم صدر مجلس انصاراللہ جرمنی کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے شروع ہوئی۔ اپنی افتتاحی تقریر میں صدر صاحب نے ایک ناصر کی ذمہ داریوں کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں بیان کیا اور ان پر سنجیدگی سے عمل کرنے کی تلقین کی اور پھر دعا کروائی۔ دعا کے بعد علمی و ورزشی مقابلوں کا آغاز ہوگیا۔تمام علمی مقابلے مسجد کے مین ہال میں منعقد ہوئے جبکہ ورزشی مقابلے فلورس ہائم کے سپورٹس ہال کے ملحقہ سرسبز گراؤنڈ میں منعقد ہوئے جو کھانے اور نمازوں کے وقفہ تک جاری رہے۔

تلقین عمل کا پروگرام و بقیہ علمی مقابلے: وقفہ کے بعد اڑھائی بجے تلقین عمل کے پروگرام کے تحت مکرم صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جرمنی نے حضرت مسیح موعودؑ کی ذات مبارکہ سے متعلق ایمان افروز واقعات اور قرآن مجید کی تعلیمات کی روشنی میں خلافت کی برکات کے حوالے سے تقریر کی۔ شام پونے چھ بجے تک مقابلوں کا سلسلہ جاری رہا۔

اختتامی تقریب و تقسیم انعامات و دعا:اجتماع کی اختتامی تقریب شام چھ بجے مکرم خلیل الدین احمد صاحب معاون صدر کی زیر صدارت شروع ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم کے بعد مکرم توصیف احمد صاحب سیکرٹری اجتماع نے اپنی کارگزاری رپورٹ پڑھ کر سنائی۔ اس کے بعد ناظم اعلیٰ علاقہ نے تمام شاملین اجتماع، اجتماع کمیٹی اور منصفین علمی مقابلہ جات کا شکریہ ادا کیا۔ پھر صدراجلاس نے مقابلوں میں نمایاں پوزیشنز لینے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔ تربیتی امور پر اظہار خیال کرنے کے بعد مکرم شرجیل احمد صاحب مربی سلسلہ نے اختتامی دعا کروائی جس کے ساتھ ہی اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔ تمام شاملین کی گھروں کو روانگی سے پہلے ان کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔

(رپورٹ: منور علی شاہد۔ منتظم رپورٹنگ)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button