یورپ (رپورٹس)

جماعت احمدیہ مورفیلڈن، جرمنی میں چار روزہ ’اسلام و قرآن‘ نمائش کا اہتمام

(صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی)

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۰تا۲۳؍مئی ۲۰۲۴ء کو جماعت احمدیہ مورفیلڈن، جرمنی نےشہر کے کمیونٹی سینٹر میں چار روزہ اسلام وقرآن نمائش کا اہتمام کیا۔ اس نمائش کی تیاری تقریباً چھ ہفتے پہلے مبشر احمد باجوہ صاحب لوکل امیر کی زیرنگرانی شروع کی گئی۔ قبل ازیں اس شہر میں مختلف تبلیغی پروگراموں کے ساتھ اسلام وقرآن نمائشوں کا اہتمام کیا جاتا رہا ہے۔

نمائش کی تیاری کے سلسلے میں نیشنل شعبہ تبلیغ حافظ فرید احمد خالد صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ کی نگرانی میں نمائش کی انتظامیہ کی راہنمائی کرتا رہا۔

اس نمائش کی تشہیر کے لیے پانچ ہزار دعوت نامے تیار کرکے مختلف طریقوں اور ذریعوں سے تقسیم کیے گئے۔ اسی طرح شہر کی مشہور اور مصروف گزرگاہوں، چوراہوں اور مارکیٹوں میں ۳۰؍سے زائد قدآورپوسٹرآویزاں کیے گئے۔ اسی طرح میڈیا، مختلف تنظیموں، اداروں اور شہری انتظامیہ کو تحریری طور پر دعوت بھجوائی گئی۔مزیدبرآں سوشل میڈیا کے ذریعہ بھی اس کی خاطر خواہ تشہیر کی گئی۔

۷۰۰؍مربع میٹر جگہ پر لگائے جانے والی اس نمائش میں اسلام احمدیت کے بنیادی مضامین پر بڑے بڑے ۱۶؍پوسٹرزلگائےگئے۔ ان کے علاوہ قرآنی آیات،احادیث مبارکہ اور حضرت مسیح موعودؑ کی تحریرات کے چھوٹے چھوٹے سٹینڈز بھی لگائےگئے۔اس موقع پر ملٹی میڈیا کا بھی انتظام کیا گیا۔ ٹیلی ویژن پر جماعت احمدیہ کا تعارف اور حضورِانور کے دورہ جات، مساجد کے افتتاح و سنگ بنیاد اور جماعت احمدیہ جرمنی کی تاریخ کی ویڈیوز و تصاویر نشر ہوتی رہیں۔

اسلام وقرآن نمائش کے علاوہ زائرین کی دلچسپی اور جماعت احمدیہ کے فلاحی کاموں کو تصویری شکل میں دکھانے کے لیے جماعت احمدیہ جرمنی کی ابتدائی تاریخ پر مشتمل نمائش، ہیومینٹی فرسٹ کا تعارفی سٹینڈ اور ’’النصر‘‘ کا سٹال لگایا گیاتھا۔

اس نمائش میں ’’ مسیح آگیا ہے‘‘ کے عنوان سے ایک حصہ مختص کیا گیا تھا جس میں حضرت مسیح موعودؑ کے دل کو موہ لینے والے مختلف ارشادات جرمن زبان میں درج کیے گئےتھے۔ ان پوسٹرز کے سامنے دیدہ زیب انداز میں حضرت مسیح موعودؑ کی تحریر کردہ ۷۰؍سے زائد کتب کا جرمن ترجمہ زائرین کے ملاحظہ کے لیے رکھا گیا۔

افتتاحی تقریب:مورخہ ۲۰؍مئی دوپہر دو بجے اس نمائش کا افتتاح ہوا۔ اس تقریب کی نظامت کے فرائض عطاء القدوس چغتائی صاحب نے ادا کیے۔ افتتاحی تقریب میں اس شہر کے میئر جناب Thomas Winkler، نفیس احمد عتیق صاحب مربی سلسلہ، مقامی افرادِجماعت کے علاوہ نیشنل اسمبلی کے ممبر جناب Jörg Cezanne صاحب، سیاسی پارٹی SPDکےلوکل ایسوسی ایشن کے نمائندہ کے علاوہ ۳۰؍مہمانوں نے شرکت کی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد ناظم صاحب نے احمدیت یعنی حقیقی اسلام کا ذکر خیر کیا اور اسلام وقرآن نمائش لگانے کی غرض و غایت بیان کی۔ آخر میں مربی صاحب موصوف نے دعا کروائی۔ دعا کے بعد مہمانوں کو چائے اور کافی پیش کی گئی۔

لیکچرز:اس نمائش کے چوتھے اور آخری دن طارق احمد ظفر صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ جرمنی نے ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘ کے موضوع سے ایک لیکچر پیش کیا۔ اس لیکچر کو سننے کے لیے ۲۵؍جرمن مہمانان تشریف لائے۔لیکچر کے بعد ایک نوجوان مربی صاحب کے ساتھ گھنٹوں تبادلہ خیالات کرتا رہا اور جاتے ہوئے اپنا رابطہ نمبر دے کر کہنے لگا کہ آئندہ مجھے اپنے ہونے والے پروگرامز کی اطلاع کردیا کریں۔

تقریباً چار روزہ اس نمائش کو مجموعی طور پر ۱۵۰؍سے زائد افراد نے دیکھا۔ ان مہمانوں میں بعض مشہور سیاسی و سماجی شخصیات بھی تشریف لائی تھیں۔ ممبر یورپین پارلیمنٹ جناب Michael Gahlerکے علاوہ شہری انتظامیہ کے سرکاری نمائندوں اور مختلف تنظیموں کے سربراہان تشریف لائے۔اسی طرح ساتھ والے شہر کے ایک مشہور سکول کی کلاس اپنے ٹیچر کے ساتھ آئی۔ڈیوٹی پر مربیان نے سکول کے بچوں کو بڑی تفصیل کے ساتھ اسلام احمدیت کا تعارف کروایا۔ جاتے وقت ان بچوں کولٹریچر کے علاوہ شعبہ تبلیغ کی طرف سے تیار کردہ جماعتی تعارف پر مبنی تحائف بھی پیش کیے گئے۔

زائرین کو اسلام احمدیت اور نمائش کا مکمل دورہ کروانے کے لیے مقامی افراد جماعت کے علاوہ انصر بلال چٹھہ صاحب، کامران اشرف صاحب،مستنصراحمد صاحب اورعمیرالیاس صاحب مربیان سلسلہ نے بھرپور انداز میں ڈیوٹی دی اللہ تعالیٰ سب مربیان کو جزائے خیر عطافرمائے۔آمین

مجموعی طور پر لوگوں کے تاثرات بہت مثبت تھے اور وہ اسلام کی حقیقی تعلیم کوجان کر بہت خوش ہوئے۔ نمائش میں کئی احمدی طلبہ و طالبات اپنے کلاس فیلوز کو اپنے ساتھ لے کر آئے جن میں بعض غیراحمدی مسلمان طلبہ بھی شامل تھے جو نمائش سے بڑے متاثر ہوئے، خاص طور پر دجال اور جنّ وغیرہ کی جماعتی تشریح پر انہیں حیرت انگیز تسلی ہوئی۔ نمائش کے آخری دن ایک خاتون قرآن کریم کا تحفہ وصول کرنے پر کہنے لگیں کہ آج تو میرا دن بن گیا۔

اس نمائش کو لگانے، ڈیوٹی دینے اور اختتامی مراحل طے کرنے تک فرزان خان صاحب لوکل سیکرٹری امورخارجہ کے علاوہ لوکل امارت کے بیسیوں افراد نے خدمت کی توفیق پائی سب کے اسماء لکھنا موجب طوالت ہوگا۔اللہ تعالیٰ سب کو جزائے خیر عطافرمائے۔آمین۔

اللہ تعالیٰ اس نمائش کے نیک نتائج ظاہرفرمائے۔آمین

(رپورٹ: صفوان احمد ملک۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button