کینیا کے کوسٹ ریجن بی کی جماعت کیفیونزو (Kifyonzo) میں مسجد کا افتتاح
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ کینیا کو امسال کوسٹ ریجن بی کی کیفیونزو (Kifyonzo) جماعت میں ایک خوبصورت پختہ مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔ کیفیونزو میں جماعت احمدیہ کا قیام ۲۰۰۷ء میں عمل میں آیا تھا اور جماعت کے ایک مخلص ممبر مکرم سالم مواحیما (Salim Mwahema) صاحب حال صدر جماعت ہذا نے مسجد کی تعمیر کے لیے ایک پلاٹ عطیہ کیا تھا جس پرایک کچی مسجد بنا کر نمازوں کا انتظام کیا گیا تھا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس سال جماعت کو یہاں ۳۰؍فٹ لمبی اور ۲۰؍فٹ چوڑی خوبصورت پختہ مسجد تعمیر کرنے کی توفیق ملی ہے جس میں ۱۰۰؍سے زائد افراد نماز ادا کر سکتے ہیں۔ یہاں مردوں اور عورتوں کے لیے وضو وغیرہ کا الگ الگ انتظام بھی کیا گیا ہے۔ اس مسجد کی تعمیر کی نگرانی مکرم شیخ صدام رجب صاحب مبلغ انچارج کوسٹ ریجن بی نے کی اور اس کی تعمیر کا سارا خرچ مکرم جبران سیٹھی صاحب آف امریکہ نے ادا کیا۔ فجزاہ اللہ احسن الجزاء
مورخہ ۸؍جون بروز ہفتہ مکرم ناصر محمود طاہر صاحب امیر و مشنری انچارج کینیا نے مبلغین سلسلہ، احباب جماعت اور معززین علاقہ کی معیّت میں قبل از نماز ظہر اس مسجد کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اسسٹنٹ چیف نے فیتہ کاٹا جبکہ امیر صاحب نے تختی کی نقاب کشائی کے بعد دعا کروائی۔ بعد ازاں تمام احباب مسجد کے احاطہ میں نصب خیموں میں گئے جہاں مردوں اور عورتوں کے لیے بیٹھنے کا الگ الگ انتظام کیا گیا تھا۔ یہاں اس سلسلہ میں ایک تقریب مکرم امیر صاحب کی صدارت میں منعقد ہوئی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ بعدہٗ صدر جماعت نے امیر صاحب اور دیگر مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ریجنل انچارج صاحب نے تعمیراتی کام کی رپورٹ پیش کی۔ پھرمقامی سرکاری افسران، اسسٹنٹ چیف، ایم سی اے اور دیگر احباب نے مختصر تقاریر کیں اور مسجد کی تعمیر سے متعلق اپنی نیک خواہشات کا اظہا کیا۔ آخر میں امیر صاحب نے اپنی تقریر میں اسلام میں مسجد اور نمازوں کی اہمیت اور مسجد کے آداب بیان کرتے ہوئے احباب جماعت کو مسجد میں پنجگانہ نمازوں کی ادائیگی اور اس کی صفائی ستھرائی کی طرف توجہ دلائی۔ نیز آپ نے سرکاری حکام کی اس تقریب میں شمولیت اور جماعت کے ساتھ بہترین تعاون پر ا ن کا شکریہ بھی ادا کیا۔ دعا کے بعد نماز ظہر ادا کی گئی اور پھر تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ اس مسجد کو اس علاقہ میں منبع رشد و ہدایت بنائے اور اسے نیک دل اور پاک طینت نمازیوں سے بھر دے۔ آمین
اس مبارک تقریب میں کیفیونزو جماعت کے احباب، مقامی مہمانوں اورارد گرد کی جماعتوں سے تقریباً ۳۵۰؍احباب نے شرکت کی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)