کینیڈا کی تین جماعتوں کا مشترکہ جلسہ یوم خلافت کا انعقاد
محض خدا تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ کینیڈا کی جماعتوں بریڈفورڈ ایسٹ، بریڈ فورڈ ویسٹ اور حدیقہ احمد کو مورخہ ۲۷؍مئی ۲۰۲۴ء کو مشترکہ طور پر جلسہ یوم خلافت منعقد کرنے کی توفیق ملی ۔
ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کے لیے جلسے کی کارروائی سننے کا انتظام مسجد بیت الخبیر بریڈفورڈ میں کیا گیا تھا جبکہ خدام، انصار اور اطفال کے لیے انتظام بریڈفورڈ کمیونٹی سینٹر میں تھا۔
نماز عصر کی باجماعت ادائیگی کے بعد جلسے کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں قاسم گھمن صاحب مربی سلسلہ نے انگریزی میں ’’خلافت ایک دائمی وعدہ ہے‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ بریڈ فورڈ کے اطفال نے خلافت کے موضوع پر ترانہ پیش کیا جس کا بعد میں انگریزی ترجمہ بھی کیا گیا۔ بعدہٗ خالد منہاس صاحب مربی سلسلہ نے ’’خلافت کے پھل‘‘ کے موضوع پر تقریرکی جس کے بعد شاملین کو خلافت کے موضوع پر ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ دعا کے بعد نماز مغرب وعشاء کی ادائیگی کے ساتھ جلسے کا اختتام ہوا۔
اس اجلاس میں تینوں جماعتوں سے ۱۹۰؍مرد اور ۲۴۲؍ممبرات لجنہ اماءاللہ و ناصرات شامل ہوئیں۔ یوٹیوب پر یہ جلسہ براہ راست نشر بھی کیا گیا جس کو تقریباً ۴۰؍افراد نے دیکھا۔ جلسے کے اختتام پر تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ (رپورٹ: توصیف احمد ریحان۔ سیکرٹری اشاعت جماعت بریڈفورڈ ایسٹ، کینیڈا)