مجلس انصاراللہ سکاٹ لینڈ کی بعض تبلیغی سرگرمیاں
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ سکاٹ لینڈ کو چند تبلیغی سرگرمیوں کے اہتمام کی توفیق ملی جس کی مختصر رپورٹ پیش خدمت ہے:
٭…مورخہ ۷؍مئی ۲۰۲۴ء کو ڈاکٹر عبدالحئی صاحب منتظم تبلیغ مجلس انصار اللہ ایڈنبرا کو ڈنفرم لائن، فائف میں کوئین این ہائی سکول(Queen Anne High School) کے ڈپٹی ہیڈ ٹیچر اور مذہبی تعلیم کے استاد سے ایک گھنٹے سے زائد ملاقات کرنے کا موقع ملا۔ سکول کی لائبریری کے لیے قرآن کریم، سیرت نبی اکرم محمدﷺ اور جماعت احمدیہ کے تعارف پر مبنی لٹریچر پیش کیا گیا۔ سکول کے عملے اور اساتذہ نے جماعت کی مقامی اور بین الاقوامی خدماتِ انسانیت کو سراہا۔
٭…مورخہ۹؍مئی کو زعیم مجلس انصار اللہ ایڈنبرا فریدالدین صاحب، داؤد احمد قریشی صاحب مربی سلسلہ ایڈنبرا اینڈ ڈنڈی اورمنتظم تبلیغ ایڈنبرا ڈاکٹر عبدالحئی صاحب نے وکٹوریہ ہسپتال NHS Kirkaldy & Fifeمیں شعبہ روحانی نگہداشت کے زیر اہتمام تیسرے سہ ماہی کثیرالمذاہب اجلاس میں شرکت کی۔ ہسپتال کی سینئر مینجمنٹ ٹیم نے جماعت احمدیہ کی طرف سے پیش کیے جانے والے قرآن کریم اور سیرت نبی اکرم محمدﷺ کے نسخہ کو قبول کیا اور اس کو سراہا۔
٭…مورخہ۲؍جون کو مجلس انصار اللہ گلاسگو نے بیت الرحمٰن مسجد گلاسگو کے سامنے تبلیغی سٹال کا اہتمام کیا۔یہاں ۲۰۰؍سے زیادہ لٹریچر تقسیم کیا گیا اور چند مقامی سکاٹش زائرین نے بھی شرکت کی۔
٭…مورخہ۱۰؍جون کو مجلس انصار اللہ ایڈنبرا نے ٹوری برن فائف کے ساحل کی صفائی کا اہتمام کیا جس میں تقریباً ۲۲؍افرادِ جماعت نے شرکت کی۔ کونسلر گریم ڈاؤنی نے اپنی بیٹی اور چند اَور مقامی سکاٹش لوگوں کے ساتھ شرکت کی جن کا تعلق اس گاؤں سے تھا۔ مقامی کمیونٹی نےجماعت احمدیہ کی اس کاوش کو سراہا کہ کس طرح انہوں نے اس صفائی کے کام میں لگن سے حصہ لیا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: ارشد محمود خاں۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)