مدرسۃ الحفظ گھانا کے سالانہ علمی مقابلہ جات
مکرم حا فظ خلیق بشیر صاحب استاد مدرسۃ الحفظ گھانا تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس سال مدرسۃ الحفظ گھانا کے سالانہ پروگرام کے مطابق طلبہ کے سالانہ علمی مقابلہ جات مورخہ ۱۵؍جون ۲۰۲۴ء کو جامعۃ المبشرین کے ہال میں منعقد ہوئے۔ مقابلہ جات سے پہلے ایک مختصر افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی مولانا طاہر احمد ظفر صاحب وائس پرنسپل جامعۃ المبشرین گھانا تھے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ بعد ازاں خاکسار (استاد مدرسۃ الحفظ گھانا) نے علمی مقابلہ جات کی مختصر رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے بعد مہمان خصوصی نے طلبہ کو نصائح کیں جس میں آپ نے طلبہ کو مستقبل کے لیے اسلام کا نور دنیا میں پھیلانے کے لیے تیار رہنے کی تلقین کی اور افتتاحی دعا کروائی۔ دعا کے بعد تمام طلبہ، اساتذہ اور منصفین کے ساتھ گروپ فوٹو ہوئی جس کے بعد مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔
گذشتہ سالوں کی طرح امسال بھی تلاوت قرآن کریم، اذان، فجر، اردو نظم، انگریزی تقریر، پیغام رسانی اور دینی معلومات کے مقابلہ جات کروائے گئے۔ پیغام رسانی اور دینی معلومات کے مقابلے میں چار چار ٹیمیں شامل ہوئیں اور ہر ٹیم چار طلبہ پر مشتمل تھی۔
امسال علمی ریلی کے لیے اساتذہ مدرسۃ الحفظ کے ساتھ مولوی حافظ محمد آرکو صاحب زونل مشنری برائے اکمفی زون،مولوی رضوان کوثر صاحب استاد جامعۃ المبشرین گھانا اور عزیزم یوسف ابوبکر صاحب طالبعلم جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا نے بطور منصفین شرکت کی۔
ان مقابلہ جات میں بہترین کارکردگی عزیزم فضل عمر ثاقب ابن مولوی انور اقبال ثاقب صاحب کی رہی۔ تمام منصفین نے طلبہ کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔
(مرسلہ: فہیم احمد خادم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)