قمری قوسِ قزح
قوسِ قزح ہر کس و ناکس کو پسند ہے۔ اور جدید دور میں آپ اس حسین منظر کوفوری کیمرے یا موبائل میں محفوظ کرنا چاہیں گے۔ عمومی طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ قوسِ قزح بارش اور سورج کی موجودگی میں ہی دیکھی جا سکتی ہے۔ جتنی تیز روشنی اور بارش ہوگی اتنی ہی قوسِ قزح واضح اور بڑی ہوگی۔ لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ سورج کی بجائے چاند بھی اسی عمل کے تحت قوسِ قزح بناتا ہے۔ بشرطیکہ چاند کی روشنی بھرپور ہو۔
پہلے یہ سوچا جاتا تھا کہ قوسِ قزح یا دھنک کبھی رات کو نظرنہیں آتی۔ تاہم یہ رات میں بھی نظر آتی ہے اور اسے Moonbow, Lunar Rainbow, Black Rainbow, White Rainbow, Lunar Bow اور Space Rainbowکے نام سے جانا جاتا ہے۔ قمری قوسِ قزح کا ذکر ۳۵۰ قبل مسیح میں ارسطو کی موسمیات میں بھی ملتا ہے۔
Moonbow قوسِ قزح کی وہ قسم ہے جو سورج کی چاند سے منعکِس ہونے والی روشنی کے نتیجے میں وجود میں آتی ہے۔ مکمل چاند کی روشنی گہرے بادلوں سے گزر کر فضا میں دوسری جانب قوسِ قزح بناتی ہے۔ قمری قوسِ قزح دن میں عام بننے والی قوسِ قزح سے باریک اور مدھم ہوتی ہے جس کی وجہ سورج کی روشنی کا چاند کے واسطے سے آنا ہے۔یہ ہمیشہ چاند کے مخالف سمت میں نظر آتی ہیں۔
اندھیرے اور موسم کی خرابی کے باعث اس کو عام طور پر دیکھنا ممکن نہیں ہوتا۔ قمری قوسِ قزح دیکھنے کے لیے کئی حالات کا موافق ہونا ضروری ہے:
۱۔ وہاں ایک مکمل چاند ہو۔
۲۔ آسمان میں کسی قسم کی اور روشنی نہ ہو۔ اس لیے قمری قوس قزح کو عموماً طلوع شمس سے ۳-۴ گھنٹے قبل ہی دیکھا جا سکتا ہے۔
۳۔ چاند کے طلوع سے تین سے چار گھنٹے بعدیا غروب سےتین سے چار گھنٹے قبل۔
۴۔ اور وہاں کی ہوا میں نمی لازمی ہو کیونکہ قوسِ قزح سورج کی کرنوں سے بنتی ہے جو بارش کے قطروں کے اندر انعکاس کرتے ہیں یا اس معاملے میں ، چاند کی کرنیں منعکس ہوتی ہیں۔
یہ بھی کہا جاتا ہے کہ قمری قوسِ قزح کے رنگ ہوا میں نمی کے قطروں کے تناسب پر منحصر ہیں وہ جتنے چھوٹے ہوں گے رنگ اتنے ہی غیر واضح ہوں گے۔
قمری قوسِ قزح دیکھنے کے مواقع بہت کم ہیں، صرف چند بار ہی قمری قوسِ قزح کو دیکھا گیا ہے۔
مختلف آبشاروں پر پورے چاند کی رات کو یہ منظر دیکھا جاسکتا ہے جسے spray moonbowsکہا جاتا ہے۔
اس کو دیکھنے کا بہترین مقام Hawaii میں Kauai اور Big Island ہے۔ ایک دلچسپ امر یہ ہے کہ بعض لوگ چاند کے گرد بننے والے ہالے کو ہی قمری قوسِ قزح خیال کرتے ہیں لیکن اس کو جعلی قوسِ قزح (False Moonbow)کہا جاتاہے۔
(ماخوذ از انٹرنیٹ زیر لفظ moonbow)
(ابو الفارس محمود)