جماعت احمدیہ فن لینڈ کے وفد کی ریاستہائے متحدہ امریکہ کے ۲۴۸ویں یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت
مورخہ ۱۴؍جون ۲۰۲۴ء کو جماعت احمدیہ فن لینڈ کے ایک وفد نے ریاستہائے متحدہ امریکہ کے ۲۴۸ویں یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت کی۔ اس وفد میں یہ احباب شامل تھے: مکرم عطاء الغالب صاحب نیشنل صدر فن لینڈ، مکرم شاہد محمود کا ہلوں صاحب مبلغ انچارج فن لینڈ اور مکرم احمدفاروق قریشی صاحب نیشنل سیکرٹری امور خارجیہ فن لینڈ۔
یہ تقریب ہیلسنکی میں امریکی سفارت خانے میں منعقد ہوئی اور ریاستہائے متحدہ امریکہ کے سفیر جناب Douglas Hickey نے اس کی میزبانی کی۔ یوم آزادی کی تقریب سفارت خانے کی روایت کے مطابق یوم آزادی یعنی ۴؍جولا ئی سے چند ہفتے پہلے منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں اعلیٰ سطحی مہمانوں کی بڑی تعداد، سیاستدانوں سے لے کر شوبز سے تعلق رکھنے والے لوگوں تک کو مدعو کیا گیا تھا۔ اس موقع پر کئی فِنش عوامی شخصیات بھی موجود تھیں۔
جماعت کے وفد نے محترم Douglas Hickey سے ملاقات کرکے انہیں یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ اس پُروقار تقریب میں جماعت کے نمائندگان کو مختلف معزز شخصیات سے ملنے اور جماعت کا تعارف کرانے کا بھی موقع ملا۔ ان میں سابق وزیر خارجہ اور رکن پارلیمنٹ Pekka Haavisto، رکن پارلیمنٹ Mats Löfström، سینٹرل کونسل آف فِنش جیوش کمیونٹیز کے صدر، اخبار Länsiväyla کے ایڈیٹر اِن چیف، بڑی کمپنیوں کے CEOs، فن لینڈ میں امریکی سفارت خانے کے حکام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے دیگر معزز مہمان شامل تھے۔
(رپورٹ: طاہر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)