ایشیا (رپورٹس)

دوسرا نیشنل سالانہ اجتماع وقفِ نو ملائیشیا ۲۰۲۴ء

(عین الیقین۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

٭… حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خصوصی پیغام

٭… نماز تہجد، پنجوقتہ نمازوں اور علمی و ورزشی مقابلہ جات کا اہتمام

٭…۶۰؍واقفین نو کی شمولیت

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے شعبہ وقفِ نو ملائیشیا کو اپنا دوسرا سالانہ اجتماع مورخہ ۲۹ و۳۰؍جون۲۰۲۴ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔الحمدللہ علیٰ ذالک

اجتماع کی تیاری کا آغاز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دعائیہ خط بھیجنے کے ساتھ کیا گیا۔

ناظم اعلیٰ اجتماع سلطان بشیر صاحب نے اجتماع کی تیاری کے سلسلے میں اجتماع کمیٹی کے ساتھ متعدد میٹنگز کیں۔

سب سے پہلے آن لائن لنک کے ذریعے تمام حلقہ جات کے سیکرٹریان سے اجتماع میں شامل ہونے والے واقفین نو کی فہرست منگوائی گئی۔ اجتماع کے پروگرام اور نصاب کو آن لائن تمام سیکرٹریان کے ذریعے واقفینِ نو تک پہنچایا گیا۔ اجتماع میں واقفینِ نو کی حاضری کو بہتر بنانے کے لیے سیکرٹریان کو گاہے بگاہے یاد دہانی بھی کروائی گئی۔

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۹؍جون ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ اجتماع کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر، درس اور ناشتہ کے بعد مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت افتتاحی اجلاس کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے موصو ل ہونے والا پیغام جو کہ خاص طور پر واقفین نو کے لیے تھا پڑھ کر سنایا گیا۔

افتتاحی تقریب کے بعد اجتماع کے پروگرام کا آغاز ہوا۔ سب سے پہلے ’وقف نو کی ذمہ داریاں‘ کے موضوع پر تقریر کی گئی جس میں مکرم فواد احمد ناصر صاحب نیشنل سیکرٹری وقف نو نے شاملین کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔اس کے بعد علمی مقابلہ جات کروائے گئے۔ علمی مقابلہ جات کے لیے تمام واقفین نو کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا جن میں پہلا گروپ ۱۵سے ۲۰؍سال تک اور دوسرا گروپ ۲۰؍سال سے اوپر عمر والے واقفین نو کا تھا۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، نظم، اذان، تقریر، تقریر فی البدیہہ، مقابلہ پیغام رسانی،تحریری امتحان اور کوئز شامل تھے۔

دوپہر کے کھانے کے بعد نماز ظہر اور عصر ادا کی گئیں۔ اس کے بعد دوسرا اجلاس ہوا۔سب سے پہلے ایک تربیتی اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس میں مکرم عبداللطیف صاحب مشنری انچارج ملائیشیا نے واقفین نو کے حوالے سے سات مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔اس کے بعد مقابلہ جات کا سلسلہ شام چھ بجے تک جاری رہا۔

چائے کے وقفے کے بعد انڈور گیمز کروائی گئیں اور نماز مغرب وعشاء کی ادائیگی کے بعد کھانے کا انتظام کیا گیا۔

رات نو بجے تیسرے اور آخری اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں مکرم معاذ احمد صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ ملائیشیانےخدام کو مختلف نصائح کرتے ہوئے خدام کو ان کی ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی۔ آخر پر موصوف نے شاملین کے مختلف سوالات کے جواب دیے۔

مورخہ ۳۰؍جون ۲۰۲۴ء بروز اتوار دوسرے دن کا آغاز بھی نماز تہجد سے کیا گیا۔ نماز فجر، درس اور ناشتے کے بعد صبح ساڑھے سات بجے واقفینِ نو کو گاڑیوں کے ذریعے ورزشی مقابلہ جات کے لیے گراؤنڈ لے جایا گیا۔

بارہ بجے گراؤنڈ سے واپسی پر نماز ظہر اور عصر کی ادائیگی کے بعد کھانے کا انتظام کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی نیشنل وقف نو اجتماع اختتام پذیر ہوا۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس اجتماع میں شامل ہو نے والے واقفین نو کی تعداد ۶۰؍رہی اور اجتماع میں شاملین کی کُل تعداد ۱۰۵؍تھی۔ الحمدللہ

(رپورٹ: عین الیقین۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button