شعبہ پُش چیئر۔ جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۴ء
(رپورٹ: سائحہ معاذ۔ شعبہ رپورٹنگ مستورات۔ جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۴)
ہیلتھ اینڈ سیفٹی کے پیش نظر شعبہ پُش چیئر مارکی پچھلے ۱۸سال سے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کی خدمت کر رہا ہے اور ناظمہ پُش چیئر مارکی، محترمہ عائزہ دانیال صاحبہ پچھلے دو سال سے اس شعبہ میں خدمت کی توفیق پا رہی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ یہ ایک بہت خوشگوار احساس ہے کہ وہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے مہمانوں کی خدمت کر رہی ہیں۔ اس مارکی میں جب مائیں پُش چیئر جمع کروانے آتی ہیں تو ان سے پُش چیئر لے کر ان کو ایک رنگین Sticker دے دیا جاتا ہے تاکہ وہ جب واپس لینے آئیں تو ڈھونڈنے میں آسانی ہو۔ برطانیہ سے باہر سے آنے والی مہمان ماؤں کے لیے ایک علیحدہ سیکشن میں پُش چیئر کھڑی کی جاتی ہے۔
اس شعبہ میں تقریباً ۱۵کارکنات ہیں جو ہمہ وقت خدمت کے لیے تیار رہتی ہیں اور مہمانوں کو سہولت اور آسانی بہم پہنچانے کے لیے مصروف عمل رہتی ہیں۔ جن ماؤں کے ساتھ زیادہ بچے ہوں ان کو سامان اور بچوں کے ساتھ ’’ماں اور بچہ مارکی‘‘ میں پہنچنے میں بھی مدد کرتی ہیں۔ جلسہ کے تینوں دن پروگرام شروع ہونے سے پہلے اور معاً بعد کام تیزی سے کرنا ہوتا ہے تاکہ مائیں جلد اپنی جگہ پہنچ سکیں اور ان کو لائن میں زیادہ دیر انتظار نہ کرنا پڑے۔ یہ مارکی ہر وقت کھلی ہوتی ہے تاکہ مائیں کسی بھی وقت آکر پُش چیئر لے سکیں۔ اللہ کے فضل سے جب مہمانوں کی تعداد زیادہ ہوتی ہے تو مارکی کے باہر بھی پُش چیئرز کھڑی کرنی پڑتی ہیں جو بارش کے موسم میں مشکل کا باعث بن سکتا ہے اس لیے تمام ماؤں سے درخواست کی جاتی ہے کہ پُش چیئر کا کور ضرور ساتھ لائیں۔ ہم اس چیز کا بھی خیال رکھتے ہیں کہ جن ماؤں کے پاس S.E.N.D کارڈ ہو ان کوترجیح دی جایے۔