شعبہ تاریخ احمدیت یوکے کی نمائش
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے شعبہ تاریخ احمدیت یوکے کو اس سال جلسہ سالانہ یوکے کے بابرکت موقع پر حضرت مصلح موعودؓ کےسفر یورپ ۱۹۲۴ء کے حوالے سے نمائش لگانے کی توفیق مل رہی ہے۔اس نمائش کا بنیادی موضوع تو حضرت مصلح موعودؓ کا سفر یورپ ہے لیکن برطانیہ میں تبلیغی مشن کا آغاز اس سے پہلے ہی ہوچکا تھا۔ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے دور میں ہی کتب و اخبارات کے ذریعہ جماعت احمدیہ کا نام وہاں پہنچ چکا تھا۔ اس لیے نمائش کے شروع میں ریویو آف ریلیجنز انگریزی کا تعارف ڈیجیٹل سکرین پر پیش کیا گیا ہے جس کا آغاز جنوری ۱۹۰۲ء میں ہوا۔
اس کے ساتھ ہی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا ایک رؤیا بھی انگریزی زبان میں اس سکرین پر سلائیڈ کاحصہ ہے جو درج ذیل ہے۔
’’میں نے دیکھا کہ میں شہر لنڈن میں ایک منبر پر کھڑا ہوں اور انگریزی زبان میں ایک نہایت مدلّل بیان سے اسلام کی صداقت ظاہر کررہا ہوں۔ بعد اس کے میں نے بہت سے پرندے پکڑے جو چھوٹے چھوٹے درختوں پر بیٹھے ہوئے تھے اور ان کے رنگ سفید تھے اور شاید تیتر کے جسم کے موافق ان کا جسم ہوگا۔ سو میں نے اس کی یہ تعبیر کی کہ اگرچہ میں نہیں مگر میری تحریریں ان لوگوں میں پھیلیں گی اور بہت سے راستباز انگریز صداقت کا شکار ہوجائیں گے۔‘‘(ازالہ اوہام حصہ دوم، روحانی خزائن جلد 3 صفحہ 377)
حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے دل میں تبلیغ کا جوش کس شدت سے پایا جاتاتھا اس کا اندازہ اس فرمان سے لگایا جا سکتا ہے جو نمائش کاحصہ بھی ہے۔ آپؑ فرماتے ہیں: اگرخدا تعالیٰ ہمیں انگریزی زبان سکھا دےتو ہم خود پھر کر اور دورہ کر کے تبلیغ کریں۔ اور اس تبلیغ میں زندگی ختم کر دیں خواہ مارے ہی جاویں۔ (ملفوظات جلددوم، صفحہ 219)
اس کے بعد حضرت خلیفۃ المسیح الاولؓ کی تصویر آویزاں کی گئی ہے جن کے حکم سےبرطانیہ میں پہلے مشنری کے طور پر حضرت چودھری فتح محمد سیال صاحب ۱۹۱۳ء میں تشریف لائے اور ۱۹۱۶ء تک تبلیغی خدمات انجام دیتے رہے، پھر ۱۹۱۹ء سے ۱۹۲۱ء تک دوبارہ آپ کو برطانیہ میں مشنری کے طور پر بھیجا گیا۔
حضرت چودھری فتح محمد سیال صاحب کی تصاویر میں ایک تصویر لارڈ ہیڈلے کے ساتھ بھی نمائش کا حصہ ہے جو عیدالاضحی ۱۴ اگست ۱۹۲۱ء کے تاریخی موقع پر لی گئی۔
حضرت مصلح موعودؓ کے حکم سے آپ نے اگست ۱۹۲۰ء میں لند ن میں Southfields کے مقام پر ایک ایکڑ رقبہ پر مشتمل زمین خریدی اور اسی زمین پر حضرت مصلح موعودؓ نے مسجد فضل لندن کی بنیاد مورخہ ۱۹؍اکتوبر ۱۹۲۴ء کو اپنے مبارک ہاتھوں سے رکھی اور وہاں نماز بھی پڑھائی ۔ اس بابرکت موقع کی تصاویر بشمول نقشہ مسجد فضل لندن بھی نمائش کا حصہ ہیں۔
سفر یورپ پر جانے سے پہلے حضرت مصلح موعودؓ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مزار مبارک پر طویل دعا فرمائی جس کا فوٹو نمائش میں آویزاں کیا گیا ہے۔
سفر پر جانے سے پہلے سینکڑوں افراد اپنے خلیفہ کے قدموں میں حاضر تھے اس کا فوٹو بھی محفوظ کیا گیا جو نمائش میں موجود ہے۔
سفر یورپ پر حضرت مصلح موعودؓ کے ساتھ گیارہ افراد تشریف لے گئے جن کے نام نمائش میں دیکھے جاسکتے ہیں۔
اس سفر کے دوران ہی مولوی نعمت اللہ خان صاحب کی کابل میں شہادت کی خبر بھی موصول ہوئی جنہیں کئی ماہ کی قید کے بعد ۳۱ اگست ۱۹۲۴ء کو سنگسار کر کے شہید کیا گیا، نمائش میں اس کا ذکر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ نمائش میں انگریزی اخبارات کے تراشے ڈیجیٹل سکرین پر پیش کیے گئے ہیں جن میں حضرت مصلح موعودؓ کے دورہ یورپ کا ذکر اوربہت سی تصاویر بھی شامل ہیں۔
دورہ یورپ۱۹۲۴ء کی مکمل تفصیلات اور اہم تصاویر کو شعبہ تاریخ احمدیت یوکے نے کتابی صورت میں The Islamic Renaissanceکے نام سے شائع کر دیا ہے جس کی تقریب رونمائی مورخہ ۲۷ جولائی ۲۰۲۴ء کو تین بجے دوپہر اسی نمائش میں منعقد ہوئی۔
حضور انور نے کل شام سات بجے کےبعد نمائش کو اپنے بابرکت دورہ سے مشرف فرمایا اور یوں اپنے خادموں کی حوصلہ افزائی فرمائی۔