از مرکزجلسہ سالانہیورپ (رپورٹس)

رپورٹس جلسہ گاہ مستورات (قسط دوم)

شعبہ سیکیورٹی

مستورات کی استقبالیہ مارکی میں مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ مہمانوں کی آمد پر پہلے آئی ٹی ٹیم کی ممبرات کارڈ سکین کرتی ہیں اور پھرسیکیورٹی پر تعینات ٹیم آنے والے مہمانوں کا سامان چیک کرتی ہے۔ تمام مہمانوں کا سامان سکیننگ مشین سے گزرتا ہے تاکہ کوئی ممنوعہ اشیاء غلطی سے بھی کسی مہمان کے ساتھ اندر نہ چلی جائیں۔

سیکیورٹی ٹیم میں کُل ۳۵۰ خواتین شامل ہیں اور ایک وقت میں تقریباً ستر سے اسی ممبرات ڈیوٹی دے رہی ہوتی ہیں۔ یہ ڈیوٹی دن رات جاری رہتی ہے۔ یہ ٹیم مستورات کی جلسہ گاہ کے دونوں داخلی دروازوں پر موجود استقبالیہ مارکیوں کے علاوہ ایک اوور فلو مارکی کی سیکیورٹی کی ذمہ دار بھی ہے۔

رات کے وقت صرف ایک مارکی فعال ہوتی ہے کیونکہ رات میں مہمانوں کی آمد میں دن کی نسبت واضح کمی ہو جاتی ہے۔

استقبالیہ کے علاوہ جلسہ گاہ کے کھلےاحاطے میں بھی سیکیورٹی یقینی بنائی جاتی ہے، مختلف زونز میں ڈیوٹی اہلکار موجود ہوتی ہیں، جو اپنے گرد ونواح پر نظر رکھتی ہیں۔ مزید برآں Exhibition پر جانے والے مستورات کے گروپس کی بھی سیکیورٹی یقینی بنائی جاتی ہے۔

سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کی ناظمہ ثمینہ صعود صاحبہ مستقل کسی نہ کسی سے گفتگو اور ان کی مدد میں مصروف تھیں، کبھی اپنی ٹیم کی کسی رکن کو ہدایات جاری کرتیں تو کبھی کسی مہمان کی طرف متوجہ ہوتیں۔ ان کی نائب ناظمہ لبنیٰ رفیق صاحبہ نے بتایا کہ یہاں ہر وقت مصروفیت رہتی ہے۔اور ہمارے لیے بےحد باعث اعزاز ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے تمام مہمان یہیں سے گزر کر جلسہ گاہ میں جاتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خاص کر جب حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ جلسہ کے آخر میں مستورات کی حاضری کی تعداد بتاتے ہیں تو ہمارے دل خدا کے شکر سے بھر جاتے ہیں کہ خدا نے ہمیں اس ٹیم میں شامل ہونے کی توفیق دی ہے جو ان ہزاروں مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہے جتنا بھی تھکے ہوں مہمانوں کی مسکراہٹ ہمیں ہر گز تھکن کا احساس نہیں ہونے دیتی، اور ہم آنے والوں کے دمکتے چہروں کو دیکھ کر ترو تازہ محسوس کرتے ہیں۔

ثمینہ صاحبہ نے جمعہ کے دن کا ایک دلچسپ واقعہ بیان کیا۔ کہتی ہیں کہ ایک ۷۷سالہ غیر از جماعت مہمان Linda Katz صاحبہ، جو کہ Guildford کی رہائشی ہیں، کے سامان کی تلاشی میں سامان میں کچھ Swiss Knives دیکھی گئیں۔ سیکیورٹی والوں نے ان کو بتایا کہ ایسی اشیاء جلسہ گاہ کے اندر لے کر جانے کی ممانعت ہے، جس پر مہمان نے بتایا کہ یہ ان کے پالتوکتوں کے لیےان کے پاس ہوتی ہیں۔ ناظمہ صاحبہ نے ان کو تسلی دلوائی کہ وہ ان کی چھریاں امانتاً رکھ لیں گی۔ ناظمہ صاحبہ نے جب یہ دیکھا کہ Linda صاحبہ کو جلسہ پر مدعو کرنے والی خاتون فی الوقت وہاں موجود نہیں تو ناظمہ صاحبہ ان کے ساتھ ہو لیں اور جلسہ گاہ کا دورہ کروایا پھر وہ انکو تبلیغ مارکی میں چھوڑ کر آئیں۔ اس دوران Linda صاحبہ نے ان کو بتایا کہ وہ جماعت احمدیہ سے بہت متاثر ہیں، کہنے لگیں کہ ایک بار Guildford میں ایک چرچ کی چھت گر گئی تو جماعت احمدیہ نے اس کی مرمت کے لیے ایک خطیر رقم جمع کی۔ انہوں نے جلسے کے انتظامات پر جماعت کی بے لوث محنت کو بار ہاسراہا۔ انہوں نے متنوع پس منظر سے آنے والی بہنوں کی اخوت، لگن، خلوص اور اتحاد کو بھی سراہا۔

(رپورٹ: سائحہ معاذ۔ شعبہ رپورٹنگ مستورات۔ جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۴ء)

ID scanning سکیننگ

اس شعبہ کا کام جلسہ مستورات کے تینوں داخلی دروازوں پر مہمانوں کےidentity card سکین کر کے ان کی تصدیق کرنا ہے۔ چونکہ جلسہ پر ہزاروں لوگوں کا مجمع ہوتا ہے، کوئی بھی سیکیوریٹی تھریٹ ہو سکتا ہے لہٰذا صرف وہ مہمان جن کی تصدیق ہو چکی ہو اور جو لوگ جلسے میں شرکت کے لیے رجسٹرڈ ہوں، انہی کا کارڈ بنتا ہے اور وہی کارڈ سکین کروا کر اندر جاتے ہیں۔ اس مجمع میں صرف احمدی نہیں ہوتے اس میں غیر احمدی مہمان اور نو مبائع سب آتے ہیں لیکن سب سے پہلے وہ اپنی تصدیق کروا کر کارڈ بنواتے ہیں۔ اس طرح الحمدللہ یہ شعبہ ہر ایک کی تصدیق کرکے بفضل تعالیٰ سب کی حفاظت کو یقینی بناتا ہے۔اس ٹیم میں سو سے زیادہ کارکنات کام کر رہی ہیں جو کہ چار چار گھنٹے کی شفٹ میں چوبیس گھنٹےکام کرتی ہیں۔

اس شعبہ کی ناظمہ کہتی ہیں کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے مہمانوں کو خوش آمدید کہنا بہت اچھا لگتا ہے۔ زیادہ تر مہمان لمبے سفر کی تھکان کے باوجود بہت اچھے طریقے سے ملتے ہیں اور دعائیں دیتے ہیں۔ جلسہ میں شامل ہونے کی خوشی ان کے چہروں سے عیاں ہو رہی ہوتی ہے جس کی وجہ سے ہمارا سارا دن اچھا گزر جاتا ہے۔(رپورٹ:ارفع یاسر)

کریش مارکی

اس دفعہ بھی جلسہ میں ہمیشہ کی طرح کریش مارکی کا انتظام کیا گیا ہے۔ یہ مارکی جلسہ کی کارروائی شروع ہونے سے ۳۰ سے ۴۵ منٹ پہلے کھولی جاتی ہے۔ یہ سہولت ان مستورات کے لیے ہے جن کی ڈیوٹی ہوتی ہے یا پھر وہ لجنہ جو حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطاب سننے کے لیے مین مارکی میں جانا چاہتی ہیں۔ کریش مارکی میں عموماً پانچ سے آٹھ سال کے بچوں کو رکھا جاتا ہے لیکن صدر صاحبہ یو کے کی خاص اجازت سے چھوٹی عمر کے بچوں کو بھی رکھا جاسکتا ہے،جن کی مائیں کسی خاص ڈیوٹی پر تعینات ہوں۔ یہاں بچوں کو سنبھالنے کے لیے ایک خاص ٹیم ہے جو بچوں کے ساتھ کھیلتی ہے، ان کو ایکٹیوٹیز کرواتی ہے اور نماز کے اوقات میں نماز بھی پڑھاتی ہے۔ کریش کی سہولت استعمال کرنے والی ایک ماں نے بتایا کہ ان کا بیٹا تین سال کا ہے اور وہ ایم ٹی اے کی لیڈیز سیکشن کی ٹیم میں خدمت کی توفیق پا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے لیے یہ بہت بڑی سہولت رہی ہے کہ وہ اپنا بیٹا کریش میں آرام سے چھوڑ کر اپنی ڈیوٹی کرسکتی ہیں اور بیٹا یہاں بہت خوش بھی رہتا ہے۔ کریش مارکی میں سب لوگ بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔

سہولیات کی مارکی

کریش مارکی کے ساتھ ہی سہولیات کی مارکی بھی ہے جہاں دودھ، پانی، ڈبل روٹی وغیرہ ہر وقت موجود رہتا ہے۔ اس کے علاوہ دودھ گرم کرنے، کھانا گرم کرنے اور فریج کی سہولت بھی موجود ہے۔(رپورٹ: حانیہ سعید)

خیمہ گاہ

یہاں پر تین طرح کے ٹینٹ ہیں۔ سب سے پہلے جماعتی ٹینٹ ہوتے ہیں جہاں جماعتی مہمان ٹھہرتے ہیں۔ پھر Hired tent ہوتے ہیں جو کہ لوگ کرائے ادا کر کے لے سکتے ہیں۔ پرائیویٹ ٹینٹ بھی ہیں جہاں لوگ ذاتی ٹینٹ لاکر ان میں رہ سکتے ہیں۔ لوگوں کی سہولت کے لیے گلیوں کے نام بھی رکھے گئے ہیں۔دنیا کے مختلف کونوں سے لوگ یہاں آکر ٹھہرتے ہیں، یہاں پردہ کا انتظام ہے۔ hygiene مستورات کا علیحدہ آفس ہے جہاں دن رات کارکنات موجود ہوتی ہیں۔ جب پروگرام شروع ہوتا ہے تو اعلان ہوجاتا ہے تا کہ مہمان وقت پر پروگرام دیکھنے پہنچ سکیں۔

(رپورٹ: سائحہ معاذ۔ شعبہ رپورٹنگ مستورات۔ جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۴ء)

ٹک شاپ

ہر سال جلسہ سالانہ پر شعبہ دستکاری لجنہ اماءاللہ کے تحت ٹک شاپ لگائی جاتی ہے جو کہ لجنہ اور ناصرات میں یکساں مقبول ہے اور اس کا مقصد لجنہ کو خود مختار بنانا ہے۔ اس کی تیاری جلسے سے کئی روز قبل شروع ہو جاتی ہے۔ جلسہ سے پہلے ہی خریداری مکمل کر لی جاتی ہے۔ جلسے کے دنوں میں ٹک شاپ پر بہت رش ہوتا ہے۔ جلسے سے دو دن قبل tuck shopکھل جاتی ہے اور جلسے کے بعد مزید دو دن تک کھلی رہتی ہے۔ tuck shop جلسے کا دلچسپ پہلو ہے۔ یہاں کرسپس، lollipop، قلفی، شیزان جوس اور کیک وغیرہ دستیاب ہیں۔

(رپورٹ: ستارہ جمیل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button