جماعت احمدیہ برطانیہ کی ۴۵ویں مجلس شوریٰ ۲۰۲۴ء
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ برطانیہ کو امسال اپنی ۴۵ویں مجلس شوریٰ مورخہ ۸و۹؍جون۲۰۲۴ء مسجد بیت الفتوح کے طاہر ہال میں منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔ ۸؍جون بروز ہفتہ صبح نو بجے نمائندگان مجلس شوریٰ کی رجسٹریشن کا آغاز ہواجبکہ خصوصی طور پر مدعو کیے گئے بعض مہمانان بھی تشریف لائے۔
صبح دس بجے مکرم رفیق احمد حیات صاحب امیر جماعت احمدیہ یوکے کی صدارت میں مجلس شوریٰ کے پہلے اجلاس کی کارروائی کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور دعا سے ہوا۔ اس موقع پر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے موصولہ خصوصی پیغام سے شاملین شوریٰ کو مستفید ہونے کا موقع ملا۔
بعد ازاں متعلقہ سیکرٹریان نے گذشتہ سال شعبہ مال ، شعبہ اشاعت اور شعبہ تربیت کی کمیٹیوں کی منظور شدہ تجاویز پر سالِ رَواں میں عملدرآمد کی رپورٹس پیش کیں جس کے بعد برطانیہ کی مختلف جماعتوں کی جانب سے موصولہ ردّشدہ تجاویز کے بارے میں ممبران اجلاس کو آگاہ کیا۔گیا محترم امیر صاحب نے اپنی افتتاحی تقریرمیں نمائندگان شوریٰ کو خوش آمدیدکہتے ہوئے حضور انور کی نصائح کے مطابق مجلس شوریٰ کی اہمیت اورنمائندگان کی ذمہ داریوں کااحاطہ کیا۔انہوں نے کووڈ کی وجہ سےجماعتی سرگرمیوں اور پروگراموں میں تعطل کے بعد خدام و اطفال کے تربیتی مسائل کے حل کے لیے جماعتی کاوشوں کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ حضور انور کی ہدایت کے تحت مجالس سوال و جواب کا بھی سلسلہ شروع کیا گیا ہے جن میں ممبران جماعت کے سوالات کے تفصیلی جواب دیے جاتے ہیں۔انہوں نے مختلف جماعتی شعبہ جات کی کارکردگی بیان کرتے ہوئے متعلقہ سیکرٹریان کی کوششوں کے لیے شکریہ بھی ادا کیا۔ اس کے بعد مکرم منصور شاہ صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ یوکے نے جماعت احمدیہ یوکے کے زیر انتظام چیریٹی آرگنائزیشن کے انتظامی اُمورمیں بعض تبدیلیوں کے بارے میں معلومات مہیا کیں۔
بعد ازاں امسال مختلف تجاویز کی روشنی میں شعبہ تربیت کی دو کمیٹیوں اور شعبہ مال کی ایک کمیٹی کی تشکیل ہوئی۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی اور دوپہر کے کھانے کے بعدتینوں کمیٹیوں کے اجلاسات شروع ہوئے۔ جبکہ اس دوران محترم امیر صاحب کے ساتھ دیگر ممبران کی سوال و جواب کی مجلس کا انعقاد ہوا جس میں محترم امیر صاحب نے بعض سوالات کے تفصیلی جواب دیے۔شام سات بجے دوسرے سیشن میں شعبہ مال کی سب کمیٹی نے اپنی سفارشات پیش کیں جن پر ممبران شوریٰ نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔
مورخہ ۹؍جون بروز اتوارتیسرے اجلاس میں نمائندگان شوریٰ نے شعبہ تربیت کی سب کمیٹیوں کی سفارشات پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی حتمی منظوری کے بعد آئندہ سالوں میں ان سفارشات و تجاویز پر یقینی عمل درآمدکے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔ انشاءاللہ العزیز۔
بعد ازاں محترم امیر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں مجلس شوریٰ کے کامیاب انعقاد پرتمام کارکنان اور نمائندگان شوریٰ کا شکریہ ادا کیا جس کے بعدا جتماعی دعا سے یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ اللہ تعالیٰ نمائندگان شوریٰ کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنےاوراحباب جماعت کو تجاویز شوریٰ کی بابت منظور ہونے والی سفارشات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: لطیف احمد شیخ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)