مجلس انصار اللہ جرمنی کی ماہ مئی میں قابل قدر مساعی
مجلس انصار اللہ جرمنی کی ماہ مئی میں بعض مساعی کی رپورٹ پیش خدمت ہے۔
شجرکاری:مورخہ ۳؍مئی ۲۰۲۴ء کو مشہور تاریخی شہر ہائیڈل برگ میں پودا لگایا گیا۔ اس موقع پر ہائیڈل برگ کے لارڈ میئر Mr. Hans Reinwald دیگر چار نمائندگان کے ساتھ موجود تھے۔ مجلس کی طرف سے ۱۷؍انصار نے تقریب میں شمولیت کی۔ لارڈ میئر نے شجر کاری کی اس مہم پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔ پودا لگانے کے بعد مکرم نبیل احمد شاد صاحب مقامی مربی سلسلہ نے دعا کروائی۔ مورخہ ۶؍مئی کو جرمنی کے انتہائی شمال میں Husam شہر میں پودا لگاتے وقت شہر کے میئر Mr. Ralf Jacobsen نے جماعت احمدیہ کے ساتھ اپنے پرانے دوستانہ تعلق کا ذکر کیا۔ تقریب میں شہری انتظامیہ کی طرف سے پانچ نمائندگان اور مجلس انصار اللہ کی طرف سے ۱۳؍نمائندوں نے شرکت کی۔ ہر دو تقریبات کی تشہیر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر کی گئی۔ مجلس انصار اللہ کی طرف سے شجر کاری مہم سارا سال جاری رہتی ہے اور اس سکیم کے تحت منظم انداز میں سال بھر جرمنی کے مختلف شہروں اور علاقوں میں پودے لگائے جاتے ہیں جن کو جرمن حکومتی اداروں اور عوام کی طرف سے پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
لنگر خانہ حضرت مسیح موعودؑ: مجلس انصار اللہ کو خدا تعالیٰ کے فضل سے بے گھر افراد کو کھانا مہیا کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اس کام کے لیے موبائل لنگر خانہ سے بھی مدد لی جاتی ہے۔ ماہ مئی کے دوران ان مجالس کو اس بابرکت سکیم میں درج ذیل علاقوں میں کھانا کھلانے کی توفیق ملی:
میونخ میں کھانا بنانے اور تقسیم کرنے میں سات انصار بھائیوں نے مدد کی اور اس کام پر دس گھنٹے خرچ ہوئے۔
تبلیغی سرگرمیاں: مورخہ ۱۱؍مئی کو فرینکفرٹ، ۱۸؍مئی کو میونخ اور اوگسبرگ اور ۲۵؍مئی کو وٹلش میں تبلیغی سٹال لگائے گئے۔ سٹالز پر بڑے بڑے تبلیغی پوسٹرزآویزاں کیے گئے تھے اور لوگوں میں مفت لٹریچر تقسیم کیا گیا۔ فرینکفرٹ کے تبلیغی سٹال پر پانچ مربیان سلسلہ نے لوگوں کے سوالات کے جواب دیے۔ جنگ روکنے سے متعلق کاروں پر لگائے جانے والے سٹکر ۴۵۰؍کی تعداد میں لوگوں نے حاصل کیے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق اس روز ۸۰؍ہزار افراد نے اس سٹال کا مشاہدہ کیا۔ ۴۰؍انصار نے ڈیوٹی دی اور ۸۰۰؍سے زائد جماعتی لٹریچر تقسیم ہوا۔ انصار اللہ کے سٹال کے سامنے عیسائی فرقہ کا بھی سٹال تھا جن کو پینے کا پانی مجلس انصار اللہ نے انسانی ہمدردی کے جذبہ کے ساتھ مفت مہیا کیا۔
احمدیہ چیریٹی واکس:گذشتہ سال مجلس انصار اللہ جرمنی کو ۵۳؍چیریٹی واکس کروانے کی توفیق ملی اور امسال بھی موسم کے بدلتے ہی اس کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ مورخہ ۴؍مئی کو علاقہ نورڈ کی مجلس نے مہدی آباد میں چیریٹی واک کا اہتمام کیا جس میں ۲۵؍مہمان اور ۶۵؍احمدی احباب شامل ہوئے۔ مقامی شہری انتظامیہ کے نمائندہ Wolfgang Banse جو پروگرام میں شریک تھے نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بہت اچھے تاثرات لکھے اور جماعت کا تعارف پُر اثر انداز میں کروایا۔ مقامی ٹی وی نے ان کا انٹرویو بھی نشر کیا۔
مورخہ ۲۶؍مئی کو دو چیریٹی واکس منعقد ہوئیں۔ علاقہ بیت الجامع کی شہر ہناؤ میں منعقد ہوئی۔ ۲۵؍جرمن اور ۸۰؍احمدی احباب شامل ہوئے۔ مہمانوں میں لارڈ میئر Dr. Maximilian Bieriبھی شامل تھے۔
دوسری واک علاقہ بائرن کی مجلس نیو برگ نے منعقد کروائی۔ اس میں بھی لارڈ میئر Mr. Gmehling Bernhard شامل ہوئے۔ ان کے علاوہ ۱۰؍جرمن اور ۳۵؍احمدی احباب شامل ہوئے۔ مورخہ ۵؍مئی کو علاقہ Hessen Taunus کی مجلس Floresheim کی طرف سے کروائی جانے والی واک میں میئر Dr.Blisch Bernd بھی شامل تھے۔ اس میں ۱۰۰؍جرمن اور ۲۵۰؍احمدی احباب شامل ہوئے۔ اس واک میں شہری انتظامیہ نے بھرپور تعاون کیا۔ اس روز مکرم سجیل احمد صاحب مربی سلسلہ نے جماعت کے تعارف پر مشتمل مختصر تقریر کی۔
۱۱؍مئی کو Hessen Sud West کی مجلس Stock Stadt نے Gernsheim میں ایک چیریٹی واک منعقد کروائی جس میں ۱۵؍جرمن اور ۴۰؍انصار شامل ہوئے۔ میئر Mr. Peter Burger نے بھی شرکت کی اور انعامات بھی تقسیم کیے۔ ان تمام چیریٹی واکس سے جمع ہونےوالی رقوم مقامی سماجی تنظیموں میں تقسیم کردی گئیں۔ مقامی اخبارات میں تصاویر کے ساتھ خبریں اور تبصرے شائع ہوئے۔ اس طرح مجلس انصار اللہ جرمنی کو اسلام کا پیغام جرمن احباب تک پہنچانے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
(رپورٹ: عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)