متفرق مضامین

ہے عجب میرے خدا میرے پہ احساں تیرا (اشعار ۱۰ تا ۱۸) خدا تعالیٰ کا شکر اور دعا (قسط دوم۔ آخری)

(امۃ الباری ناصر)

۱۰۔مجھ پہ وہ لطف کئے تُو نے جو برترزِ خیال

ذات برتر ہے تری پاک ہے ایواں تیرا

لطف :Lutf مہربانی kindness, favour

برترزِ خیال: bartar-ze-khayaal خیال سے بلند تر، جس کا تصور نہ کیا جاسکےUnimaginable

ایواں: aiwaaN شاہی نشست گاہ، Throne

اے اللہ تعالیٰ تونے مجھ پر جو احسان کیے ہیں ان کے بارے میں تو میں سوچ بھی نہیں سکتی تھی۔ تو بڑی اونچی شان والا ہے۔ تو بادشاہوں کا بادشاہ ہے۔تیرا دربار بہت بڑا ہے۔

۱۱۔چن لیا تُو نے مجھے اپنے مسیحا کے لئے

سب سے پہلے یہ کر م ہے مرے جاناں تیرا

مسیحا :maseehaa حضرت مسیح موعودؑ The Promised Messiah

اے میرے پروردگار! تو نے ساری دنیا میں سے مجھے اپنے مسیحا کے لیے چن کر بہت بڑا کرم کیا ہے۔

۱۲۔کس کے دل میں یہ ارادے تھے یہ تھی کس کو خبر

کون کہتا تھا کہ یہ بخت ہے رخشاں تیرا

رخشاں: rakhshaaN روشن، چمکدار Bright

اے پیارے اللہ!کسی کے بھی دل میں یہ خیال نہیں آسکتا تھا کہ دہلی کی بیٹی کا قادیان کے شہزادے سے بیاہ ہوجائے گا۔ یہ قسمتیں بنانے والے کا ہی فیصلہ تھا۔ کوئی نہیں کہہ سکتا تھا کہ میرا مستقبل اتنا روشن ہوگا۔

۱۳۔پر مرے پیارے ! یہی کام ترے ہوتے ہیں

ہے یہی فضل تری شان کے شایاں تیرا

شایاں: shaayaaN، لائق، مناسب، Fit, suitable, worthy

اے میرے پیارے تو اونچی شان والا ہے۔ تو بڑا دیالو ہے بڑے خزانوں کا مالک ہے۔ تیرے فضل و احسان تیری شان کے مطابق عظیم اور شاندار ہوتے ہیں۔

۱۴۔فضل سے اپنے بچا مجھ کو ہر اک آفت سے

صدق سے ہم نے لیا ہاتھ میں داماں تیرا

داماں :daamaaN، دامن، لباس کا کنارہ Hem, edging of shirt

اے پیارے اللہ ! مجھے اپنے فضل و کرم سے ہر مشکل سے بچا کر رکھنا۔ہم نے صدقِ دل سے تیرے دامن کو پکڑا ہے۔ تیرے ساتھ جڑ گئے ہیں۔ہمیں ہر آفت سے بچا کر عافیت کے حصار میں لے لے۔ جو تیرا ہوجائے اسے زمین و آسمان کی کوئی چیز نقصان نہیں پہنچا سکتی۔

۱۵۔کوئی ضائع نہیں ہوتا جو ترا طالب ہے

کوئی رسوا نہیں ہوتا جو ہے جویاں تیرا

ضائع ہونا :zaa’e honaa برباد ہونا Be wasted

طالب: taalib مانگنے والا،محبت کرنے والا A lover

رُسوا :ruswaa بدنام، بری شہرت، dishonoured, disgraced

جویاں: jooyaaN تلاش کرنے والا، ڈھونڈنے والا One who seeks

اے میرے پیارے اللہ ! جو تجھے چاہے وہ تیری پناہ میں آجاتا ہے۔ جو تیری تلاش میں ہو تیرے ساتھ جُڑ جائے اس کی رُسوائی نہیں ہوتی۔

۱۶۔آسماں پر سے فرشتے بھی مدد کرتے ہیں

کوئی ہوجائے اگر بندۂ فرماں تیرا

بندہ ٔ فرماں :bandah-e-farmaaN حکم کا غلام، فرمانبردار Obedient servant

اگر کوئی اللہ تعالیٰ کا فرمانبردار بندہ بن جاتا ہے تو آسمان سے فرشتے بھی اس کی مدد کے لیے آتے ہیں۔

۱۷۔جس نے دل تجھ کو دیا، ہو گیا سب کچھ اس کا

سب ثنا کرتےہیں جب ہووے ثنا خواں تیرا

ثناخواں: sanaa khaaN، حمد کرنے والا، مدح کے گیت گانے والاWho sings Praises of the Lord, eulogist, greatful

یا اللہ تعالیٰ! جس نے تجھ سے محبت کی سارا جہان اس کا ہوجاتا ہے۔ جو تیری تعریف کرتا ہے اس کی سارا جہان تعریف کرتا ہے۔

۱۸۔اس جہاں میں ہے وہ جنت میں ہی بے ریب و گماں

وہ جو اک پختہ توکل سے ہے مہماں تیرا

بے ریب و گماں: be raib-o-gumaaN بغیر شک و شبہ کے Truly, without a doubt

اے اللہ تعالیٰ! جو تجھ پر کامل توکل کے ساتھ تیرے گھر میں آجاتا ہے وہ تو بلا شک و شبہ اسی دنیا میں جنت میں آجاتا ہے

حضرت سیدہ کو اس جہان میں جنت ارضی نصیب ہوئی۔ حضرت اقدسؑ سے اللہ تعالیٰ نے وعدہ فرمایا تھا:’’تیرے پر دنیا اور دین میں میری رحمت ہے اور تو آج ہماری نظر میں صاحب مرتبہ ہے اور ان میں سے ہے جن کو مدد دی جاتی ہے۔ اور مجھ سے تو وہ مقام اور مرتبہ رکھتا ہے جس کو دنیا نہیں جانتی اور ہم نے دنیا پر رحمت کرنے کے لئے تجھے بھیجا ہے۔ اے احمد! اپنے زوج کے ساتھ بہشت میں داخل ہو۔ اے آدم! اپنے زوج کے ساتھ بہشت میں داخل ہو یعنی ہر ایک جو تجھ سے تعلق رکھنے والا ہے گو وہ تیری بیوی ہے یا تیرا دوست ہےنجات پائے گا اور اس کو بہشتی زندگی ملے گی اور آخر بہشت میں داخل ہوگا۔(روحانی خزائن جلد ۱۷ اربعین نمبر۳ صفحہ۴۱۴،۴۱۳)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button