افریقہ (رپورٹس)

برکینا فاسو کی جماعت چیرِیبا (Tcheriba) میں احمدیہ مسجدکا افتتاح

(چوہدری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل برکینافاسو)

مکرم شاکر مسلم صاحب ریجنل مبلغ ددگو تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے برکینا فاسو کے ددگو ریجن کی جماعت چربا میں ۱۲؍جولائی۲۰۲۴ء بروز جمعۃ المبارک احمدیہ مسجد کا افتتاح عمل میں آیا۔

چیریبا شہر میں جماعت کا آغاز ۲۰۲۲ء میں ہوا۔ تھوڑے ہی عرصہ کے بعد ۲۰۲۳ء میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہاں جماعت کو دو ہزار ۲۸۰؍مربع میٹرز کا ایک پلاٹ خریدنے کی توفیق ملی۔ اس سے شہر میں جماعت کومزید استحکام ملا۔مرکز کی منظوری سے جلد ہی یہاں مسجد کی تعمیر کا پروگرام بنا۔ مورخہ ۱۶؍دسمبر ۲۰۲۳ء کو یہاں جماعت کے ملکیتی پلاٹ پر کونے داؤدا صاحب جنرل سیکرٹری جماعت احمدیہ برکینافاسو نے مکرم محمود ناصر ثاقب صاحب امیر جماعت احمدیہ برکینا فاسو کی نمائندگی میں مسجد کا سنگ بنیاد رکھا۔ آپ کے بعد نیشنل سیکرٹری مال، ریجنل مبلغ، ریجنل قائد مجلس خدام الاحمدیہ، ناظم علاقہ مجلس انصاراللہ اور مقامی معلم کو بھی اس تقریب کے موقع پر بنیادی اینٹ رکھنے کی توفیق ملی۔

خاکسار کے ساتھ مقامی معلم صاحب کو بھی مسجد کی تعمیر کے کام کی نگرانی کی توفیق ملی۔مسجد کے محراب کے اوپر ایک بڑا مینار ہے جس کی اونچائی ۱۵؍میٹرز ہے جبکہ چاروں کونوں پر چار چھوٹے مینارے تعمیر کیے گئے ہیں۔ مقامی جماعت نے جوش و خروش سے تعمیر کے کام میں حصہ لیا اور کام جلد مکمل کرنے میں بہت نمایاں کردار ادا کیا۔اللہ تعالیٰ ان سب کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین

مورخہ ۱۲؍جولائی ۲۰۲۴ء کو مکرم امیر صاحب اپنے وفد کے ہمراہ نیشنل ہیڈ کوارٹرز سے مسجد کے افتتاح کے لیے تشریف لائے۔ ارد گرد کی جماعتوں سے احمدی احباب اور شہر کے غیراحمدی مسلمان ، اور دیگر مہمان بھی بکثرت اس بابرکت پروگرام میں شامل ہونے کے لیے تشریف لائے۔مجموعی طو رپر ۳۰۰؍سے زائد افراد نے اس تقریب میں شرکت کی جن میں حکومتی عہدیداران ، چرچ کے نمائندگان،مسلمان تنظیموں کے عہدیداران وغیرہ شامل تھے۔

مکرم امیر صاحب نےنماز جمعہ سے قبل فیتہ کاٹ کر دعا کروائی اور پھر جمعہ پڑھایا۔ آپ نے مساجد کی اہمیت اور مخلص ہو کر اللہ تعالیٰ کی عبادت کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ آپ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے احمدیہ مساجد سے ہمیشہ سلامتی کا پیغام ہی معاشرے کو ملا ہے۔ اس مسجد سے بھی اہل شہر کو امن اور محبت کا پیغام ہمیشہ ملتا رہے گا۔ ان شاءاللہ۔نماز جمعہ کےبعد تمام حاضرین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اللہ تعالیٰ اس مسجد کو مخلص عبادت گزاروں سے بھر دے اور علاقہ بھر کے لیے اسے مینارہ نوربنادے۔ آمین

(چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button