افریقہ (رپورٹس)

افتتاح ریجنل لائبریری و معلم ہاؤس گراں لاؤو، آئیوری کوسٹ

(عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل آئیوری کوسٹ)

مکرم لقمان فرید احمد صاحب مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے مورخہ ۵؍جولائی۲۰۲۴ء بروز جمعۃالمبارک جماعت احمدیہ ریجن گراں لاؤو، آئیوری کوسٹ کو ریجنل لائبریری اور اس کے ملحقہ معلم ہاؤس کے باقاعدہ افتتاح کی توفیق ملی۔

پروگرام کی تفصیل کچھ یوں ہے کہ نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ نے لائبریری کی افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی اور معلم ہاؤس کے اندر داخلی راستہ پر لگایا گیا فیتہ کاٹا جس کے بعد معلم ہاؤس اور لائبریری کا دورہ کیا۔

باقاعدہ پروگرام کا اہتمام لائبریری میں ہوا جس میں تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم بامبا کوتوبو صاحب نے آنے والے مہمانوں کو مقامی روایات کے مطابق خوش آمدید کہا۔اس کے بعد مسلمان نوجوانوں کی تنظیم کے سربراہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جماعت کی اس کاوش کو سراہا اور کہا کہ لائبریری کے قیام سے اس شہر کے نوجوانوں کو اسلام کے متعلق آگاہی ہو گی۔ انجمن تاجران کے صدر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں جماعت کے قریب ہوں اور لائبریری اور مشن ہاؤس کے قیام سے پتا چلتا ہے کہ جماعت کتنی منظم ہے۔ ان کے بعد دو پروفیسر حضرات نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ایک عیسائی پادری جو اس تقریب میں شریک تھے نے کہا کہ جماعت کی یہ خوبی ہے کہ وہ پروگراموں میں غیر مسلموں کو بھی مدعو کرتے ہیں۔ آخرپر مکرم امیر صاحب آئیوری کوسٹ نے اپنی تقریر میں حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کے متعلق بتایا اور علم میں اضافے کے لیے اس لائبریری سے بھرپور فائدہ اٹھانے پر زور دیا اور دعا کروائی۔ اس کے بعد تمام احباب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

اس تقریب افتتاح میں کُل ۳۸؍افراد نے شرکت کی۔ یہ لائبریری دس میٹر لمبی اور پانچ میٹر چوڑی ہےنیز سڑک کی جانب لائبریری کے سامنے ایک صحن بھی بنایا گیا ہے جبکہ معلم ہاؤس دو کمروں، کچن، واش روم اور صحن پر مشتمل ایک الگ عمارت ہے جو کہ ریجنل مشن ہاؤس سے ملحق ہے(ریجنل مشن ہاؤس کا افتتاح گذشتہ سال کیا گیا تھا)۔

مرکزی منظوری کے بعد لائبریری اور معلم ہاؤس کی تعمیر امسال ماہ مارچ میں شروع ہوئی تھی اور ماہ مئی میں مکمل ہوئی۔ اللہ تعالیٰ ان ہر دو تعمیرات کو اسلام و احمدیت کی ترقی کا موجب بنائے۔ آمین

(رپورٹ: عبد النور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button