حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز

حضرت مسیح موعودؑ کی کتب ہی دشمن کا منہ بند کرنے والی ہیں

احمدی بھی یاد رکھیں کہ اس زمانے میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی کتب ہی ہیں جو حق و باطل کے معرکے میں دلائل و براہین سے دشمن کا منہ بندکرنے والی ہیں۔ یہ اقتباسات جومَیں نے پڑھے ہیں اس معاملے میں چند ایک ہیں۔ بے شمار ہیں، کئی گھنٹے لگ جائیں گے اگر ان کو پڑھنا شروع کیا جائے تو۔ اس میں حضرت عیسیٰؑ کی وفات اور روحانی رفع کے بارے میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام نے بیان فرمایا ہے علاوہ اور مضامین کے۔ بعض لوگوں کے ذہنوں میں یہ خیال ہوتا ہے۔ یہاں جو اٹھان اٹھی ہوئی ہے اس ماحول میں زیادہ رچ بس گئے ہیں کہ کیونکہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی کتب بہت مشکل ہیں اس لئے اس کی بجائے اپنے طور پر اپنے لوگوں کے لئے جو یہاں پڑھے لکھے لوگ ہیں ان کے لئے لٹریچر بنانا چاہئے۔ بے شک اپنا لٹریچرپیدا کرناچاہئے لیکن اس کی بنیاد بھی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی کتب واقوال پر ہی ہو گی اور کلام پر ہی ہو گی۔ لیکن یہ کہنا کہ یہ مشکل ہے اس لئے براہ راست یہاں ان ملکوں کے لوگ جوہیں یا بچے جو ہیں یا نوجوان جو ہیں و ہ لٹریچر یا کتب پڑھ نہیں سکتے یہ صرف پاکستان یا ہندوستان کے لئے کتب لکھی گئی تھیں۔ یہ غلط سوچ ہے۔ نوجوانوں اور بچوں کو بھی اس کے پڑھنے کی ترغیب دی جانی چاہئے اور یہ بڑوں کا کام ہے کہ دیں۔ اور اسی طرح ذیلی تنظیمیں اور جماعتی نظاموں کا بھی کام ہے کہ اس طرف توجہ دلائیں یہ بات غلط ہے کہ کیونکہ یہ مشکل ہے اس لئے ہم نہ پڑھیں۔ آہستہ آہستہ پھر بالکل دور ہٹتے چلے جائیں گے۔ کیونکہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے اپنے الفاظ میں جو عظمت و شوکت ہے وہ ان کا خلاصہ بیان کرکے یا اس میں سے اخذ کرکے نہیں پیدا کی جا سکتی۔

مختلف عناوین کے تحت حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی جو کتب ہیں ان کے اقتباسات انگلش میں بھی ٹرانسلیشن ہو گئے ہیں۔ Essence of Islam کے نام سے پانچ والیومز (Volumes) میں اور مزیدہو بھی رہے ہیں ان کو انگریزی دان طبقے کو پڑھنا چاہئے۔ گو کہ جو اصل الفاظ میں اور ترجمہ میں بھی بڑا فرق ہو جاتا ہے لیکن پھر بھی اصل الفاظ کے قریب ترین رہتا ہے ترجمہ اور جن کتب کے مکمل ترجمے ہو چکے ہیں وہ بھی ہر احمدی گھر میں ہونی چاہئیں وہ کتب اور انشاء اللہ تعالیٰ مجھے امید ہے کہ جلد ہی براہین احمدیہ کا بھی ترجمہ ہو کے آ جائے گا۔ تو جو انگریزی میں پڑھنے والے ہیں وہ لوگ بھی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی کتب کو خریدیں اور پڑھیں اور ان سے دلیلیں لیں اور اپنے مخالفین کو دلائل سے قائل کریں اور اُردو پڑھنے والے جتنے ہیں ان کو تو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کی مکمل کتب کا سیٹ رکھنا چاہئے۔اب نئی کتب چھپ رہی ہیں جو نئی کمپوز ہو رہی ہیں کمپیوٹر پہ تو انشاءاللہ جلسہ تک کچھ جلدیں آبھی جا ئیں گی تو ان کو بھی احمدیوں کو جن کے گھروں میں کتب نہیں ہیں وہ خریدنا چاہئے۔

(خطبہ جمعہ ۳؍جولائی۲۰۰۹ء مطبوعہ الفضل انٹرنیشنل ۱۶؍جولائی ۲۰۰۹ء)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button