عالمی خبریں

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۳۰؍اگست ۲۰۲۴ءمیں سوڈان کی حالیہ جنگ کا ذکر فرماتے ہوئے سوڈانی احمدیوں کے لیے دعاؤں کی تحریک فرمائی ۔ نیز فرمایا کہ اسلامی حکومتوں میں جو فساد ہیں اللہ تعالیٰ انہیں دور فرمائے اور احمدیوں کو حقیقی رنگ میں امن و سکون کی زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے۔تفصیل کے لیے۲؍ستمبر ۲۰۲۴ء کے شمارے کا صفحہ اوّل ملاحظہ کریں۔

٭… اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر نے غزہ میں یرغمالیوں کی ہلاکت پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ادارے کے مطابق اسرائیلی سفیر نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل غزہ میں یرغمالیوں کی صورتِ حال اور حماس کی مذمت کے لیے فوری اجلاس بلائے۔ اسرائیلی سفیر کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل نے ابھی تک حماس کی مذمت کی نہ ہی یرغمالیوں کے لیے فیصلہ کن کارروائی کی۔ دوسری جانب غزہ میں چھ اسرائیلی یرغمالیوں کی ہلاکت پر اسرائیل میں ہڑتال کی گئی۔

٭… سابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے کی حتمی تحقیقاتی رپورٹ جاری کر دی گئی۔ تہران سے جاری تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر خراب موسم کی وجہ سے گرا۔ ہیلی کاپٹر کا حادثہ دھند کی وجہ سے ہوا، حادثے کی وجہ علاقے کی پیچیدہ موسمی صورتحال بھی تھی۔واضح رہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کا ہیلی کاپٹر ۱۹؍ مئی کو شمالی ایران میں حادثے کا شکار ہوا تھا۔ ہیلی کاپٹر حادثے میں ابراہیم رئیسی سات ساتھیوں سمیت جاں بحق ہوئے تھے۔

٭…اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ہفتے کے روز سرنگ سے ملنے والی چھ لاشوں کی ذمے دار حماس ہے۔ اسرائیل حماس کے راہنماؤں کا تعاقب جاری رکھے گا، اسرائیل باقی مغویوں کی رہائی کے معاہدے کے لیے پُرعزم ہے۔نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ جنہوں نے یرغمالیوں کو قتل کیا ہے وہ معاہدہ نہیں چاہتے۔دوسری جانب لاپتا افراد کے خاندانوں کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو کو یرغمالیوں کی ہلاکت کی ذمے داری قبول کرنی چاہیے۔ علاوہ ازیں حماس کے سینئر راہنما نے کہا ہے کہ رفح شہر کی سرنگ میں چھ مغوی اسرائیلی فضائی حملوں میں مارے گئے۔یرغمالیوں میں امریکی اسرائیلی اور روسی اسرائیلی شہری شامل تھے، ہم اپنے قیدیوں کی زندگیوں کا جوبائیڈن سے زیادہ خیال رکھتے ہیں۔

٭… سعودی عرب کے محکمہ انسداد کرپشن کے مطابق اگست میں کرپشن کے الزام میں ۱۳۹؍افراد کو حراست میں لیا گیا۔ دارالحکومت ریاض سے محکمہ انسداد کرپشن کے مطابق زیر حراست افراد وزارت داخلہ، دفاع، صحت، انصاف، تعلیم اور وزارت بلدیات کے ملازمین ہیں۔ محکمہ انسداد کرپشن کے مطابق ان پر رشوت، منی لانڈرنگ اور منصب کے ناجائز استعمال کے الزامات ہیں۔

٭…افغان باشندوں کے خلاف پہلی بار یورپ بھر میں آپریشن شروع ہو گیا، جرمنی نے افغان باشندوں کو ملک بدر کر دیا۔ جرمنی حکومت کے ترجمان اسٹیفن ہیبسٹریٹ کا کہنا ہے کہ ملک بدر ہونے والے تمام افراد افغان شہری ہیں، جو سزا یافتہ مجرم ہیں انہیں جرمنی میں رہنے کا کوئی حق نہیں اور ان کے خلاف ملک بدری کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ جرمنی کا افغان طالبان حکومت سے سفارتی تعلق نہ ہونے کے باعث حکومت کو دیگر ذرائع استعمال کرنے پڑے۔ یہ آپریشن دو ماہ کے ’خفیہ مذاکرات‘ کا نتیجہ تھا جس میں قطر نے برلن اور طالبان حکام کے درمیان رابطے کا کام کیا۔ملک بدر ہونے والے تمام افراد کو فی کس ہزار یورو دیے گئے ہیں۔

٭…یوکرین کی جانب سے روس کے علاقے بلگورود پر حملہ کیا گیا ہے۔ حملے میں پانچ افراد ہلاک اور ۳۷؍زخمی ہو گئے ہیں۔کلسٹر بموں سے یوکرینی حملے میں ہلاک افراد میں خاتون بھی شامل ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق زخمیوں میں سے سات کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔دوسری جانب یوکرین کے صدر زیلنسکی نے ایئر فورس کمانڈر کو برطرف کر دیا۔یاد رہے کہ گذشتہ روز یوکرین کا ایف 16 لڑاکا طیارہ روسی حملے کو ناکام بناتے ہوئے گر کر تباہ ہو گیا تھا۔

٭…جاپان کے ساحلی علاقے سے ٹکرانے والے سمندری طوفان شانشان سے مختلف واقعات میں اموات کی تعداد 6 ہو گئی۔ برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ طوفان دس کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرق کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے پیشِ نظر ہزاروں افراد کو نقل مکانی کی ہدایت کی گئی ہے۔

٭… سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان رابطہ ہوا۔اس موقع پر دونوں راہنماؤں نے غزہ میں جاری اسرائیلی حملوں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکے جانے اور فوری پائیدار جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔ترک صدر رجب اردوان نے اسلامی ممالک کی مشترکہ کوششوں کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب اسرائیل غزہ تنازع فلسطین کے دیگر شہروں میں پھیلنے پر کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔پوپ فرانسس نے فوری جنگ بندی اور غزہ کے لوگوں کو پولیو اور دیگر بیماریوں سے بچانے کی اپیل کی۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button