مجلس انصار اللہ برمپٹن ویسٹ ریجن کینیڈا کا اجتماع
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ برمپٹن ویسٹ ریجن کینیڈا کو اپنا سالانہ اجتماع مورخہ ۲۱؍جولائی ۲۰۲۴ء کو مسجد مبارک، برمپٹن میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
صبح ساڑھے دس بجے رجسٹریشن اور ناشتہ کے بعد اجتماع کا باقاعدہ آغاز مکرم ناصر محمود مرزا صاحب نائب صدر مجلس انصار اللہ کینیڈا کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم نورالدین بشیر صاحب نائب قائد تبلیغ مجلس انصار اللہ کینیڈا نے ایک مختصر پریزنٹیشن پیش کی جس میں آپ نے مجلس عاملہ کینیڈا کی حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے چند ماہ پہلے ہونے والی ملاقات میں حضور انور کی تبلیغ سے متعلق ہدایات کی تفصیل بتائی اور اس ملاقات کا ایک کلپ بھی دکھایا جس میں حضور انور نے کینیڈا کی دس فیصد آبادی تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی ہدایت کا اعادہ فرمایا۔ اس حکم کی تعمیل کے لیے سال کے بقیہ مہینوں میں ہر ناصر کو ہر ماہ اوسطاً ۲۳۵؍فلائرز تقسیم کرنے ہوں گے۔ ان شاء اللہ۔ اس کے بعد مکرم نائب صدر صاحب نے افتتاحی تقریر میں نماز کی بروقت ادائیگی اور تہجد کی ادائیگی کی طرف توجہ کرنے پر زور دیا۔ دعا کے ساتھ افتتاحی اجلاس کا اختتام ہوا۔
اس کے بعد علمی اور ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد ہوا۔ گذشتہ مہینوں میں ۹؍حلقہ جات میں منعقد ہونے والے مقامی اجتماعات میں مقابلہ جات جیتنے والے انصار نے آج کے مقابلہ جات میں حصہ لیا۔
مقابلہ جات کے بعد اجتماع کا اختتامی اجلاس مکرم عمیر خان صاحب مربی سلسلہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد مربی صاحب نے علمی و ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے۔
مکرم عطاء الوہاب راشد صاحب زعیم اعلیٰ مجلس انصاراللہ برمپٹن ویسٹ ریجن نے تمام شاملین اجتماع، مقابلہ جات میں حصہ لینے والے انصار، تمام زعماء، ممبران مجلس عاملہ اور خصوصاً کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں اختتامی تقریر میں مربی صاحب نے انصار کو نمازوں کے معیار بہتر بنانے کی طرف توجہ دلائی اور پھر دعا کروائی۔ آخر میں احباب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا جس کے ساتھ یہ اجتماع بخیرو عافیت اپنے اختتام کو پہنچا۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
(رپورٹ :محمد سلطان ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)