عالمی خبریں

سپورٹس بلیٹن

ٹینس:رواں برس کا چوتھا اورآخری گرینڈ سلَیم،یوایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ۲۶؍اگست تا۸؍ستمبر۲۰۲۴ءنیویارک سٹی میں منعقد ہوا۔مینز سنگلزکے فائنل میں عالمی نمبرایک اٹلی کے جَینک سِنر(Jannik Sinner)نے امریکہ کے ٹیلرفرٹز(Taylor Fritz)کو۶۔۳، ۶۔۴؍اور۷۔۵؍سے شکست دے کراپناپہلا یوایس اوپن ٹائیٹل جیتا۔ویمنزسنگلزمیں بیلاروس کی Aryna Sabalenkaنے امریکہ کی Jessica Pegulaکوسٹریٹ سیٹس میں ہرادیا۔ان کی جیت کا سکور ۷۔۵؍اور ۷۔۵؍رہا۔سبالینکا کے کیریئرکایہ پہلا یوایس اوپن جبکہ تیسراگرینڈسلَیم ٹائیٹل ہے۔

کرکٹ:انگلینڈبمقابلہ سری لنکا،تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میزبان انگلینڈنے ۲۔۱؍سے جیت لی۔سیریز کا آخری مقابلہ لندن کے اوول کرکٹ گراؤنڈپر کھیلاگیا جس میں سری لنکا نے آٹھ وکٹوں سے شاندارکامیابی حاصل کی۔مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر باؤلنگ کافیصلہ کیاتو انگلینڈنے پہلی اننگز میں ۳۲۵؍رنزکا اچھا اسکوربنایاجس میں کپتان Ollie Popeکی ۱۵۴؍رنزکی بہترین باری شامل تھی۔جواب میں سری لنکن ٹیم ۲۶۳؍رنزبناسکی۔انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگزمیں صرف۱۵۶؍رنزبنائے اورسری لنکا کو جیت کے لیے۲۱۹؍رنزکاہدف دیا۔لاہیروکمارانےصرف ۲۱؍رنزکے عوض چارکھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔کھیل کے چوتھے روزسری لنکا کے نوجوان بلے باز پاتھم نسانکا (Pathum Nissanka)نے ۱۲۴؍گیندوں پر۱۲۷؍رنز کی لاجواب اورناقابل شکست باری کھیل کر اپنی ٹیم کویادگارفتح سے ہمکنارکیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔ سیریزکے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ انگلینڈ کے مایہ ناز بلے باز جوروٹ (Joe Root)کودیا گیا جنہوں نے مجموعی طورپر۳۷۵؍رنزبنائے۔

دوسری طرف بنگلہ دیش نے پاکستان کو دومیچزکی ٹیسٹ سیریزمیں دو،صفرسے شکست دے کرتاریخی کامیابی اپنے نام کی۔ راولپنڈی میں کھیلے گئے دونوں مقابلوں میں بنگلہ دیشی ٹیم نے میزبان پاکستان کوکھیل کے ہرشعبہ میں پچھاڑدیا۔

فارمولاوَن کارریسنگ: ۲۵؍اگست کو رواں سیزن کی پندرھویں ریس ڈچ گراں پری، نیدرلینڈز کے شہرZandvoort میں منعقد ہوئی جس میں McLarenگاڑی چلانے والے برطانوی ڈرائیورLando Norrisنے شاندار فتح حاصل کرکےسیزن میں دوسری فتح اپنے نام کی۔یکم ستمبرکوہونے والی اٹالین گراں پری Ferrariکے ڈرائیورمناکو سے تعلق رکھنے والے Charles Leclercنے جیت لی۔رواں سیزن میں سات فتوحات اور۳۰۳؍پوائنٹس کے ساتھ نیدرلینڈزکے Max Verstappen ڈرائیورزکی دوڑ میں سرفہرست ہیں۔

(ن م طاہر)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button