افریقہ (رپورٹس)

ریجنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ بوبو جلاسو، برکینا فاسو

مکرم مرزا ایقان احمدصاحب نائب معتمد مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو تحریر کرتے ہیں: مجلس خدام الاحمدیہ بوبو جلاسو، برکینافاسو کا ریجنل اجتماع بعنوان ’’حب الوطنی، ایمان کا جزو لازم‘‘ مورخہ ۶و۷؍جولائی ۲۰۲۴ء کو مجلس سوروکودنگا میں منعقد ہوا۔ بوبو جلاسو دارالحکومت واگادوگو کے بعد برکینافاسو کا دوسرا بڑا شہر ہے اورملک کا اقتصادی دارالحکومت بھی ہے۔ ریجنل اجتماع بوبو جلاسو شہر سے ۲۵؍کلومیٹر دُور سوروکودنگا مجلس میں ہوا۔ اجتماع میں صدر مجلس خدام الاحمدیہ برکینافاسو پودا عبد الرحمان صاحب نے اپنے وفد کے ساتھ شرکت کی۔

دوپہر ایک بجے پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس کے بعد پہلا اجلاس تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور قصیدہ سے شرو ع ہوا۔ بعد ازاں قائد علاقہ کولی بالی سریکی صاحب نے چند افتتاحی کلما ت کہے اور ابراہیم کوناتے صاحب نے اجتماع کا موضوع بتایا۔ اس کے بعد صدر مجلس خدام الاحمدیہ برکینا فاسو نے اپنی تقریر میں خدام کوخدمت دین اور خدمت وطن کے لیے آگے آنے کا کہا۔ اجلاس میں شامل معزز مہمانوں نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار کیا جن میں گاؤں کے چیف بھی شامل تھے۔

افتتاحی اجلاس کے بعد ورزشی مقابلوں کا آغاز ہوا جو شام چھ بجے تک جاری رہے۔ رات نو بجے خدام اور اطفال کے الگ الگ علمی مقابلے منعقد ہوئے۔

مورخہ ۷؍جولائی کو کھیلوں کے فائنل مقابلے صبح پانچ بج کر پچاس منٹ سے پونے آٹھ بجے تک جاری رہے۔ ساڑھے آٹھ بجے ایک مارچ کی گئی جس میں اطفال اور خدام نے ’’لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ‘‘کا ورد کرتے اوراللہ اکبر کے نعرے بلند کرتے ہوئے سوروکودنگا کا چکر لگایا۔ ساڑھے دس بجے اطفال کا ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں سوال و جواب کی نشست اور علاقائی مبلغ کی قیادت میں آمین کی تقریب شامل تھی۔

اختتامی اجلاس ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوا جس میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم کے بعد معتمد علاقہ نے اجتماع اور سالانہ سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق بوبو جلاسو شہر کی مجلس دوران سال انتہائی فعال رہی۔ مجلس کی طرف سے خدام کے ساتھ ۵۴؍سے زیادہ علمی نشستیں، چار عوامی تبلیغی نشستیں اور ۲۶؍لائیو ریڈیو نشریات شامل ہیں جن میں اہم موضوعات پر بحث کی گئی۔ قرآن کریم اور نمازوں پر ۱۲۵؍سے زیادہ کلاسزمنعقد ہوئیں اور مختلف مقامات پر تربیت کلاس کا انعقاد کیا گیا۔ خدام نے ۵۰۰؍درخت لگا کر جنگلات کی بحالی میں حصہ لیا۔ مقامی ہیلتھ سینٹرز کی صفائی کی، چھ سائیکل سفر کیے، مقامی کھیلوں کے ٹورنامنٹس میں انعامات جیتے اور ایک رسہ کشی ٹورنامنٹ بھی منعقد کیا جس میں بیرونی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔

اس اجلاس میں سوروکودنگا جماعت کے صدر اور علاقائی مبلغ حسن جینگانی صاحب نے اپنی تقریر میں خدام و اطفال کو دینِ اسلام سمجھنے اور احمدیوں کو نمونہ بننے کی ترغیب دی۔ اجلاس کا اختتام صدر صاحب کے اختتامی کلمات اور دعا کے ساتھ ہوا۔

مالی مشکلات، بارش کے موسم اور سیکیورٹی خدشات کے باوجود اجتماع میں حوصلہ افزا حاضری دیکھنے کو ملی۔ اجتماع میں ۱۴؍مجالس کے ۲۱۵؍خدام و اطفال نے شرکت کی۔کھیلوں کے مقابلہ جات کے وقت مقامی آبادی کی جانب سے بھرپور شرکت اور حوصلہ افزائی ہوئی۔ اس اجتماع نے سوروکودنگا کے باشندوں کو ایک مثبت پیغام دیا۔ اللہ تعالیٰ ان کے دل کھولے اور ہمیں مثالی مومن بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(مرسلہ: چودھری نعیم احمدباجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل )

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button