اطلاعات واعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
سانحہ ارتحال
چودھری منیر مسعود صاحب تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے چھوٹے بھائی عزیزم فیاض الدین جہانگیر ولد چودھری نور الدین جہانگیر صاحب ۱۰؍ستمبر۲۰۲۴ء بروز منگل بعارضہ قلب رحلت کرگئے ہیں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون
آپ کو ایک لمبا عرصہ جماعت احمدیہ ضلع ساہیوال کے سیکرٹری مال کے طور پر خدمات بجا لانے کی توفیق ملی۔ اس ذمہ داری کو تمام عرصہ انتہائی ذوق و شوق سے نبھاتے رہے اور ہر ماہ خود سکوٹر پر شہری و ضلعی جماعتوں کے احباب کے ساتھ ذاتی رابطہ کرکے چندہ کی وصولی کرتے رہے۔ اکثر و بیشتر احباب سے ان کی آمدن کے مطابق بجٹ کی تشخیص اور وصولی کرنا ان کا محبوب مشغلہ تھا اور ہر سال بجٹ سے بڑھ کر چندہ وصول کرنے کی سعادت پائی۔ مکرم امیر صاحب ضلع اجلاسات میں ان کی کارکردگی پر اظہار خوشنودی فرماتے۔
آپ پنجوقتہ نمازوں کے پابند، غریب پرور اور دوسروں کی خوشی و غمی میں تا دم آخر شامل ہوتے رہے۔ بیوی بچوں کے ساتھ احترام کا رشتہ زندگی بھر خوب نبھایا اور بچوں کی نیک تربیت کی۔ ایک بیٹا عین نوجوانی میں بقضائے الٰہی وفات پاگیا۔ فطرت انسانی کے تحت غم قدرتی امر تھا مگر اللہ کی رضا پر راضی رہے۔
لواحقین میں اہلیہ محترمہ کے علاوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں یاد گار چھوڑی ہیں جو سب شادی شدہ اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے صاحب اولاد ہیں اور حسب توفیق روزگار کی مصروفیت میں سے وقت نکال کر خدمت دینیہ کی سعادت پا رہے ہیں۔
احباب جماعت سے ان کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی درخواست ہے۔ دعا ہے کہ رحیم و کریم خدا میرے مرحوم پیارے مرحوم سے رحم اور مغفرت کا سلوک فرمائے اور ان کے بچوں کو ان کی نیکیاں جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
پاکستان اور بیرون سے عزیز اقربا اور احباب فون پر، بذریعہ میسجز اور گھر پر تشریف لا کر اظہار تعزیت کرتے رہے اور یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ ہر ایک عزیز رشتہ دار اور دوست احباب کا فرداً فرداً شکریہ ادا کرنا ممکن نہ ہے ان چند سطور کے ذریعہ میں ایسے سب احباب کا تہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ فجزاء ہم اللہ احسن الجزاء