یورپ (رپورٹس)

مجلس خدام الاحمدیہ ناروے کے بیالیسویں سالانہ اجتماع کا کامیاب انعقاد

اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۶ تا ۱۸؍اگست ۲۰۲۴ء مجلس خدام الاحمدیہ ناروے کا بیالیسواں سالانہ اجتماع مسجد بیت النصر، اوسلو میں منعقد ہوا۔

اجتماع کا آغاز ۱۶؍اگست کو نماز جمعہ سے ہوا جس میں تقریباً ۷۰؍خدام نے شرکت کی۔ نماز جمعہ کے فوراً بعد خدام کو حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ سننے کی سعادت ملی۔ اجتماع کے آغاز میں خدام کی دلچسپی کے لیے مختلف قسم کی سرگرمیاں رکھی گئیں جن میں ڈارٹ سے نشانہ بازی اور تیر اندازی نمایاں رہے۔ اس کے بعد تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔

نماز عصر کے بعد مجلس خدام الاحمدیہ ناروے کی پہلی تاریخی تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی۔ بعد ازاں افتتاحی اجلاس مکرم ظہور احمد چودھری صاحب امیر جماعت احمدیہ ناروے کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، نظم اور عہد سے شروع ہوا۔ اس کے بعد مکرم مصور احمد شاہد صاحب مشنری انچارج و نائب امیر نے عہد کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے خدام کو چند نصائح کیں اور مجلس خدام الاحمدیہ یوکے کے نیشنل اجتماع ۲۰۲۳ء کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے خدام سے جو عہد لیا تھا وہ پڑھ کر سنایا۔

شام کو ٹیبل ٹینس کےمقابلہ کے بعد سوال و جواب کی ایک محفل میں مکرم مشنری انچارج صاحب اور مکرم یاسر فوزی صاحب مربی سلسلہ سے خدام نے مختلف موضوعات پر سوالات کیے۔ اس طرح پہلے دن کی تقریبات کا اختتام ہوا۔

دوسرے دن کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور عہد سے ہوا۔ پہلے کھیلوں کے مقابلہ جات منعقد کروائے گئے۔کرکٹ اور فٹ بال میں بڑی تعداد میں خدام نے حصہ لیا۔ دوسرے اجلاس میں مختلف علمی مقابلہ جات منعقد کروائے گئے جن میں تلاوت قرآن کریم، نظم، تقریر، حفظ قرآن اور دینی معلومات کے مقابلے شامل رہے۔ تقریری مقابلہ جات میں نارویجن اور اردو دونوں زبانوں میں تقاریر شامل تھیں۔ اس سال کوئز کا مقابلہ بھی رکھا گیا جو کہ حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی کتاب الوصیت پر مبنی تھا۔ نیز خدام سے مقابلہ کے رنگ میں زبانی عہد بھی سنا گیا۔ شام کو گرل (Grill)کا اہتمام کیا گیا جس سے لطف اندوز ہوتے ہوئے خدام کے درمیان بھائی چارے کا احساس مزید بڑھا۔

تیسرے دن کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد فٹ بال اور کرکٹ کے سیمی فائنل اور فائنل مقابلہ جات ہوئے۔ فٹ بال میں مجلس ویسٹ فولڈ اور درامن نے نمایاں کامیابی حاصل کی جبکہ کرکٹ میں اول پوزیشن کے حقدار مجلس فولو اور اولنساکر کے خدام رہے۔

آخری اجلاس کی صدارت مکرم امیر صاحب نے کی۔ تلاوت قرآن کریم، نظم اور عہد کے بعد مکرم عبدالحئ صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ ناروے نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ بعد ازاں امیر صاحب نے اپنی تقریر میں خدام کو جماعت احمدیہ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے اس سے وابستہ رہنے کی تلقین کی اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی توقع کے مطابق اگلے سال اجتماع میں حاضری بہتر کرنے کی طرف توجہ دلائی۔

مقابلہ جات میں پوزیشن لینے والے خدام میں امیر صاحب نے انعامات تقسیم کیے۔ مجلس ویسٹ فولڈ کو بہترین مجلس قرار دیتے ہوئے علم انعامی سے نوازا گیا۔ دعا کے ساتھ اجتماع کا اختتام ہوا۔

اجتماع میں کل ۱۵۰؍خدام نے شرکت کی۔ الحمدللہ

(رپورٹ: حمزہ سلطان۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button