لولیو، سویڈن میں تین روزہ تبلیغی سٹال اور تبلیغی فولڈرز کی تقسیم
لولیو، سویڈن کے شمال میں ایک شہر ہے جہاں اللہ تعالیٰ کے فضل سے باقاعدہ جماعت قائم ہے اور نماز سینٹر بھی موجود ہے۔ مورخہ ۶تا ۸؍اگست۲۰۲۴ء تین روزہ دورے کا پروگرام بنایا گیا جس میں شمالی صوبہ کے انتہائی شمالی علاقہ جات میں فولڈرز کی تقسیم اور دو نسبتاً بڑے شہروں میں تبلیغی سٹالز کا اہتمام کیا گیا۔ اس دورے میں خاکسار (مبلغ سلسلہ) کے ہمراہ عزیزم شازل احمد افضل صاحب نے سفر کیا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات کی روشنی میں دورہ پر جانے سےقبل ایک نقشہ بنا کر چھوٹے قصبوں اور گاؤں کو منتخب کیا گیا تاکہ ان علاقوں میں فولڈرز تقسیم کیے جا سکیں۔ مورخہ ۶؍اگست کی صبح تقریباً پانچ بجے سفرکا آغاز دعا کے ساتھ کیا۔ سارا دن مختلف علاقوں میں فولڈر ز کی تقسیم کرنے کی توفیق ملی۔
اگلے دن مورخہ ۷؍ اگست کو کیرونا (Kiruna) شہر میں جو کہ سویڈن کی آخری سٹی کونسل ہے میں تبلیغی سٹال کا اہتمام کرنے کی توفیق ملی۔ جبکہ اس دن شام کو کیرونا کے اردگرد کے دیہات میں فولڈرز کی تقسیم کا کام کیا۔ مورخہ ۸؍ اگست کی صبح (Gällivare) شہر میں سٹال کا اہتمام کیا گیا۔ اس دن صبح سٹی کونسل میں اس شہر کی میئر اور ڈپٹی میئر کے ساتھ ملاقات ہوئی جنہیں تفصیل سے جماعت کا تعارف کروانے کا موقع ملا۔ ملاقات کے آخر پر خاکسار نے انہیں قرآن کریم کا سویڈش ترجمہ بطور تحفہ پیش کیا اور حضور انور کے خطابات پر مشتمل کتاب ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘ بھی دی۔ اس تحفہ کو پا کر انہوں نے بہت خوشی کا اظہار کیا۔
اس سفر کے دوران دو مختلف مقامات پر آرکٹک سرکل کے دوسری طرف جا کر فولڈرز تقسیم کیے۔ اسی طرح ہمیں سویڈن کی سب سے شمالی سڑک پر جا کر بھی فولڈرز تقسیم کرنے کا موقع ملا۔ یہ وہ آخری مقام ہے جہاں تک سویڈن میں گاڑی پر سفر کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح الحمدللہ ہمیں سویڈن کے اس کنارے تک بھی حضرت مسیح موعودؑ کا پیغام پہنچانے کی توفیق ملی۔ دورے کے دوران کُل سات ہزار سے زائد فولڈرز تقسیم کیے جن کے ذریعہ سات ہزار ۵۰۰؍سے زائد لوگوں تک پیغام پہنچا۔ یہ فلائرز پانچ میونسپلٹیز کے ۴۲؍گاؤں میں تقسیم کیے گئے۔ فلائرز کی تقسیم کے ليے ایک ہزار ۳۳۰؍کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا اور فلائرز کی تقسیم پر کُل ۲۹؍گھنٹے صرف ہوئے۔ اس طرح حضور انور کے ارشاد کی تعمیل میں چھوٹے علاقوں میں موجود لوگوں تک پیغام پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
اللہ تعالیٰ ہمیں اسلام احمدیت کی پُر امن تعلیمات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین
(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)