افریقہ (رپورٹس)

مجلس انصار اللہ تنزانیہ کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے شعبہ ایثار مجلس انصار اللہ تنزانیہ کے زیر اہتمام مورخہ ۱۱؍اگست ۲۰۲۴ء کو فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کے ذریعہ ۴۳۴؍مریضان کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں جن میں ایک بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی تھی۔ اس غرض کےليے ممبران مجلس انصار اللہ نے اپنی مدد آپ کے تحت تقریباًدو ملین دو لاکھ شلنگ کی رقم اکٹھی کی جس سے ادویات، ٹیسٹ آپریٹس، صفائی کا سامان اور دیگر انتظامات میں مدد ملی۔ اسی طرح طب کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے انصار نے اس دن کو خدمت انسانیت کےليے وقف کیا۔ یہ کیمپ دارالسلام شہر کے قریب واقع Kitonga نامی جگہ پر منعقد ہوا جہاں جلسہ گاہ بھی قائم ہے۔

مکرم ڈاکٹر صالح کتاب پازی صاحب (سپیشلسٹ ڈاکٹر) صدر مجلس انصاراللہ تنزانیہ اس میڈیکل کیمپ کے نگران تھے۔ ان کے علاوہ ایک میڈیکل ڈاکٹر، چار میڈیکل اسسٹنٹ ڈاکٹرز، دو نرسز، دو لیبارٹری ٹیکنیشنز، ایک ریڈیالوجی اسسٹنٹ، ایک فارمیسی اسسٹنٹ اور ایک میڈیکل ریکارڈر سمیت ۱۳؍افراد کے سٹاف نے اس کیمپ میں اپنی خدمات پیش کیں۔ اس سٹاف میں دو غیر از جماعت افراد بھی شامل تھے۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء

اس مفت میڈیکل کیمپ میں الٹراساؤنڈ سمیت بہت سے لیبارٹری ٹیسٹ کرنے کی سہولت موجود تھی۔ ہر مریض کی باقاعدہ رجسٹریشن کی گئی اوران کے کارڈز بنا کر ضرورت کے مطابق موقع پر ہی ٹیسٹ اور ادویات فراہم کی گئیں۔ بعض مریضان کو مزید معائنہ کےليے ہسپتال میں بھیreferکیا گیا۔ بہت سے مریضوں نے اس میڈیکل کیمپ کے حسنِ انتظام پر اظہارِ تشکر کیا۔ صبح سے شام تک جاری رہنے والے اس کیمپ میں ایک بڑی تعداد مریضوں کے لواحقین کی بھی موجود تھی۔ ان کے لیے بیٹھنے اور پینے کے صاف پانی کا بھی مناسب انتظام کیا گیا تھا۔

اللہ تعالیٰ اس ادنیٰ کاوش کو قبول فرمائے، تمام خدمت کرنے والوں کو جزائے خیر سے نوازے اور اس میڈیکل کیمپ کے بابرکت اثرات پیدا ہوں۔ آمین

(رپورٹ: شہاب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button