سویڈن کے پانچ مختلف شہروں میں پانچ روزہ تبلیغی دورہ
سویڈن میں ۲۰۲۰ء سے آزادئ اظہار کے نام پر اسلام کے خلاف مسلسل مختلف اقدامات کی صورت میں مخالفت جاری ہے۔ اس صورتحال میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے ارشادات کی روشنی میں مبلغین سویڈن کو ملک کے وسطی علاقوں کا دورہ کرنے کا موقع ملا۔ یہ دورہ ۶تا۱۰؍مئی ۲۰۲۴ء کو کیا گیا۔
اس دورے کا موضوع ’’میں ایک مسلمان ہوں، مجھ سے کچھ بھی پوچھیں!‘‘ رکھا گیا۔ اس تبلیغی دورے میں مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن، کاشف ورک صاحب مبلغ سلسلہ، مصعب رشید صاحب مبلغ سلسلہ اور خاکسار (مبلغ سلسلہ) شامل ہوئے۔
سفرکاآغازمورخہ ۶؍مئی کی صبح سٹاک ہالم سے دعا کے ساتھ ہوا جس میں کل ۸۴۴؍کلومیٹر کا سفر طے کیا گیا۔ اس سفر میں گاڑی کے پیچھے جماعتی ٹریلر بھی نصب کیا گیا جس پر حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی بڑی تصویر، ’مسیح آگیا‘ کی سویڈش میں تحریر نیز جماعتی ویب سائٹ اور ماٹو ’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں‘ نمایاں طور پر لکھا گیا تھا۔ اسی طرح ٹریلر کی ایک طرف Ask a Muslimلکھا ہوا تھا اور ساتھ ہی بعض موضوعات بھی لکھے گئے جو کہ عموماً میڈیا میں آتے رہتے ہیں۔ اس سارے سفر کے دوران ہزاروں گاڑیاں اس کاروان کے پاس سے گزریں اور اس طرح ہزاروں لوگوں تک پیغام پہنچا۔
دورہ کے دوران جماعتی ٹریلر کو ۵؍مختلف شہروں Norrtälje, Uppsala, Sandviken, Falun Ludvika کی مرکزی جگہوں پر کھڑا کیا گیا اور زائرین سے گفتگو ہوئی۔
دورہ کے دوران کئی دلچسپی لینے والوں کو قرآن کریم کا نسخہ بطور تحفہ دیا گیا۔ اسی طرح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے لیکچرز اور خطوط پر مشتمل کتاب عالمی بحران اور امن کی راہ اور لائف آف محمدﷺ بڑی تعداد میں تقسیم کرنے کا موقع ملا۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے دورہ کے دوران بعض اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی ہوئیں جن میں انہیں جماعت کا تفصیلی تعارف کروایا گیا، حضور انور کی امن عالم کے لیے کوششوں کا ذکر ہوا اور ان کو قرآن کریم کا سویڈش ترجمہ اور عالمی بحران اور امن کی راہ کتاب بطور تحفہ دی گئی۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مقامی میڈیا میں اس دورہ کی خوب تشہیر ہوئی۔ کُل ۶؍اخبارات، ایک نیشنل ریڈیو، دو صوبائی ریڈیو سٹیشنز اور ایک ٹی وی چینل نے ہمارے انٹرویوز لیے جن کے ذریعہ جماعت کا پیغام سارے علاقے میں پھیلا۔ اخبارات، ریڈیو اور سوشل میڈیا کے ذریعہ اس دورہ کی خبر اور جماعت کا تعارف تقریباً دو لاکھ ۵۰؍ہزار افراد تک پہنچا۔ الحمد للہ
اس دورے کے دوران اسلامیات کے ایک پروفیسر نےدورے کی رپورٹ لکھنے کے لیے ہمارے ساتھ آخری دو دن گزارے۔ وہ سویڈن میں اسلام کی تاریخ کے بارے میں دوسری کتاب لکھ رہے ہیں اور اس میں وہ ہماری اس مہم کے بارے میں بھی لکھیں گے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں اسلام کی صحیح تعلیمات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔
(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)