افریقہ (رپورٹس)

طاہر احمدیہ مسلم سینئر سیکنڈری سکول مانساکونکو، گیمبیا میں گریجوایشن تقریب

گیمبیا کے لوئر ریور ریجن میں جماعت احمدیہ کے طاہر احمدیہ مسلم سینئر سیکنڈری سکول میں ہر سال کی طرح اس سال بھی سالانہ گریجوایشن کی تقریب مورخہ ۲۰؍جولائی ۲۰۲۴ء کو سکول کے ہال میں منعقد ہوئی۔ اس سال گریڈ بارہ کے ۱۴۹؍طلبہ جبکہ گریڈ نو کے ۱۰۴؍طلبہ بیرونی امتحان میں شریک ہوئے۔

اس پروگرام کے مہمان خصوصی نارتھ بینک ریجن کی گورنر مکرمہ فاطو جامع طورے تھیں۔ مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیا چونکہ جلسہ سالانہ یوکے میں شمولیت کے لیےگئے ہوئے تھے اس لیے آپ نے نائب امیر اول کواپنی نمائندگی کے لیے اس تقریب میں بھیجا۔ دیگر معزز مہمانوں میں سکول کے بورڈ آف گورنرز کے اراکین، مکرم داؤدا کوجابی چیف ایگزیکٹو آفیسر گیمبیا ٹیچرز یونین، مکرم لینڈنگ ایم سانے چیف جسٹس ہائی کورٹ، مکرم موموڈو جی جالو ریجنل ایجوکیشن ڈائریکٹر، مکرم اسماعیل سیسے صدر جی ٹی یو،پولیس کمشنر آف پولیس، آفیسر کمانڈنگ گیمبیا پولیس فورس، ڈسٹرکٹ چیف جارا ویسٹ گاؤں کا الکالو، قریبی سکولوں کے پرنسپل ودیگر نامور شخصیات، طلبہ کے والدین اور کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ جماعتی مہمانوں میں دو ریجنز کے ایریا مشنریز، لوکل معلمین و مربیان شامل تھے۔

پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور قومی ترانہ سے ہوا۔ سٹیج پر بیٹھے ہوئے معززین کا مختصر تعارف پیش کیا گیا اور انہیں خوش آمدید کہا گیا۔ تعارف کے بعد مکرم ابوبکر نیابلی صاحب پرنسپل سکول نے افتتاحی تقریر کی جس میں سکول کی کارکردگی پیش کی۔ اسی طرح سکول کے لیے کسی بھی رنگ میں تعاون کرنے والے احباب، جماعت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ دوران تقریب سائنس کے طلبہ نے سب کے سامنے ایک پریزنٹیشن پیش کی۔ اسی طرح مختلف نظمیں، ترانے، ڈرامہ اور مہمانان کی طرف سے تقاریر کی گئیں۔

امسال گریڈ بارہ میں پاس ہونے والے طلبہ میں اسناد اور تمام کلاسوں میں پوزیشن لینے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے اختتام پر تمام مہمانوں، والدین، اساتذہ اور طلبہ کی خدمت میں دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔

یہ تقریب چھ گھنٹے تک جاری رہی اور الحمدللہ ہر لحاظ سے کامیاب رہی۔اللہ تعالیٰ ہماری تمام کاوشوں کو برکت عطا فرمائے۔آمین

(رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button