افریقہ (رپورٹس)

پہلی تقریب تقسیم اسناد مدرسۃ الحفظ، بینن

اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۱۴؍ جولائی ۲۰۲۴ء کو مدرسۃ الحفظ بینن کواپنی پہلی تقریب تقسیم اسناد جامع مسجد پورتونووو(Porto Novo) میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ تقریب میں مدرسۃ الحفظ کی پہلی کلاس کے کُل ۹؍حفاظ نے بعد از تکمیل حفظ قرآن اسناد حاصل کیں۔ مقام انعقادِ تقریب کو موقع کی مناسبت سے احسن رنگ میں مزین کیا گیا۔

تقریب کی تیاری کے سلسلہ میں مدرسہ کمیٹی سے قبل از وقت لائحہ عمل کی منظوری لی گئی اور ان کی تجاویز کی روشنی میں تقریب کو عملی جامہ پہنایا گیا۔ تقریب میں حفاظ کے اہل خانہ و عزیز و اقارب، مرکزی و لوکل مجالس عاملہ، ذیلی تنظیموں کے صدران، شہر کے عمائدین سمیت غیر احمدی علماء نے بھی شرکت کی۔ امیر صاحب کی خصوصی دعوت پر بینن کے تین بادشاہوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں تقریباً ۳۰۰؍لوگ شامل ہوئے۔ لوکل الیکٹرونک میڈیا نے بھی تقریب کی کوریج کی۔

مکرم محمد لقمان بصیرو صاحب امیر جماعت احمدیہ بینن کی زیر صدارت پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعدازاں مکرم حافظ توصیف احمد صاحب ریجنل مبلغ و سابق انچارج مدرسۃ الحفظ بینن نے مدرسۃ الحفظ کی تاریخ اور تعارف پیش کیا۔ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے مورخہ ۳؍اگست ۲۰۲۱ء کو مدرسۃ الحفظ کا قیام عمل میں آیا جس میں پہلی کلاس ۱۴؍طلبہ پر مشتمل تھی جن میں سے تقریب ہذا میں ۹؍حفاظ نے اسناد حاصل کیں۔ مدرسہ کی موجودہ تعداد ۱۵؍طلبہ پر مشتمل ہے۔ اس وقت مکرم حافظ حلیم احمدصاحب مدرسۃ الحفظ بینن کے انچارج ہیں۔ مدرسہ اپنے آغاز سےمرکزی مسجد پورتو نووو کی بیسمنٹ میں قائم ہےاور یہی عمارت بطور کلاس و ہاسٹل زیر استعمال ہے۔

مدرسہ کے تعارف کے بعد حفظ مکمل کرنے والے طلبہ نے باری باری خوش الحانی سے تلاوت قرآن کریم پیش کی جس کے بعد مکرم ڈاکٹر سعید اولوروتمی تیمہی(Said Olurotimi TIMEHIN) صاحب، مکرم حافظ مصلح الدین صاحب انچارج مدرسۃ الحفظ نائیجیریا اور مکرم میاں قمر احمد صاحب مبلغ انچارج، بینن نے اظہار خیال کرتے ہوئے مختلف حوالوں سے قرآن کریم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ تقاریر کے بعد غیر احمدی ائمہ اور بادشاہوں نے تقریب کے حوالے سے اپنےتاثرات بیان کیے۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے حفاظ میں اسناد تقسیم کیں۔ اعزاز پانے والے حفاظ کے اسماء درج ذیل ہیں:

نمبراسماءعرصہ حفظ
۱عزیزم حافظ اہودے ماجد (AHOUDE Madjid)ایک سال، ایک ماہ اور تین دن
۲عزیزم حافظ سیبو عبداللطیف (SEBO Aboudou Latifou)ایک سال، ایک ماہ اور پانچ دن
۳عزیزم حافظ موسیٰ رشید (MOUSSA Rachidou)ایک سال، گیارہ ماہ اور چودہ دن
۴عزیزم حافظ گاربااوباتوندے علی
(GARBA Obatundé Aliou)
دو سال ایک ماہ سترہ دن
۵عزیزم حافظ مسو رفیق (MISSO Rafik)دو سال چار ماہ بائیس دن
۶عزیزم حافظ عفو رضوان (AFFO Ridwan)دو سال چھ ماہ چار دن
۷عزیزم حافظ الیدو ابیب (ALIDOU Abibou)دو سال نو ماہ ستائیس دن
۸عزیزم حافظ نوید اولاکامی فائق (NONVIDÉ Olakanmi Fayik)دو سال دس ماہ چار دن
۹عزیزم حافظ زنسو رافع (ZINSAO Rafiou)دو سال دس ماہ گیارہ دن

تقسیمِ اسناد کے بعد مکرم امیر صاحب نے قرآن کریم کی حفاظت کے اعجاز کے حوالے سے مختصر تقریر کی اور سب مہمانان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ تقریب کے اختتام پر تمام حفاظ کی مکرم امیر صاحب کے ساتھ ایک گروپ فوٹو کا انتظام بھی کیا گیا۔ یوں تقریب تقسیم اسناد اپنے اختتام کو پہنچی۔

اللہ تعالیٰ حفاظ کو قرآن کریم کا نور سمیٹنے اور اپنی زندگیوں کا حصہ بنانے والا بنائے۔ آمین

(رپورٹ: مرزا فرحان احمد بیگ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button