عالمی خبریں

خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سےخطاب کرتے ہوئے ایران کے صدر مسعود پزیشکیان نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت فوری ختم ہونی چاہیے، اسرائیل نے اپنے دفاع کے بہانے نسل کشی کی۔ ایرانی صدر نے یوکرین جنگ مذاکرات کے ذریعے فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔اپنے خطاب میں ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران ۲۰۱۵ء جوہری معاہدے کے فریقین سے مل کر تعطل ختم کرنے کو تیار ہے۔ ایران پر عائد پابندیاں غیرانسانی ہیں، اس سے عام لوگ متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران عالمی برادری کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کے لیے تیار ہے۔

٭…لبنان میں اسرائیل کے حملوں پر سلامتی کونسل کا اجلاس شروع ہوگیا، اجلاس میں ایران نے کہا ہے کہ لبنان میں مکمل جنگ ہوئی تو ایران لاتعلق نہیں رہ سکتا۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سلامتی کونسل کےاجلاس میں خطاب میں کہا کہ خطہ بڑے پیمانے پر جنگ کے دہانے پر ہے۔عباس عراقچی نے کہا کہ اسرائیل تمام ریڈ لائنیں کراس کرچکا ہے، سلامتی کونسل کو امن اور سلامتی کو بحال کرنے کے لیے مداخلت کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی قیادت کو سمجھنا چاہیے کہ ان کےجرائم کی سزا ملنی ہے، لبنان میں مکمل جنگ ہوئی تو ایران لاتعلق نہیں رہ سکتا۔ لبنان میں اسرائیلی مظالم اور قبضے کے خلاف دفاع کے لیے ایران حزب اللہ کی حمایت کرتا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے سلامتی کونسل کا اجلاس لبنان میں پیجر اور مواصلاتی آلات دھماکوں پر 20 ستمبر کو ہوا تھا۔

٭…بھارت کے شہر ممبئی میں موسلادھار بارش کے باعث مختلف حادثات میں چار افراد ہلاک ہوگئے۔ گذشتہ شام ہونے والی 275 ملی میٹر بارش کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا رہا۔ کئی سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ہے جبکہ ٹرین سروس متاثر اور کچھ پروازوں کا رُخ بھی موڑنا پڑا۔ ممبئی اور دیگر علاقوں میں مزید موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ حکام نے ریڈ الرٹ جاری کردیا جس کی وجہ سے سکولوں اور کالجوں میں تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور ماہی گیروں کو بھی سمندر میں نہ جانےکی ہدایت کی گئی ہے۔

٭…لبنان اسرائیل تنازع پر فرانس کی جانب سے سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کیا گیا۔ دوران اجلاس امریکہ، یورپی یونین اور متعدد عرب ممالک نے لبنان میں فوری طور پر ۲۱ روزہ عارضی جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور غزہ میں بھی جنگ بندی کی حمایت کی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کا کہنا ہے کہ لبنان میں مکمل جنگ کو ہرصورت روکنا ہوگا۔ امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ لبنان اسرائیل کا عارضی جنگ بندی پر فیصلہ چند گھنٹوں میں متوقع ہے، فریقین کے ساتھ بات چیت کی ہے، جنگ بندی کا یہ صحیح وقت ہے۔

٭… اسرائیل نے امریکہ، اتحادیوں اور عرب ممالک کی جانب سے لبنان میں جنگ بندی کا مطالبہ ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ اسرائیل کے انکار پر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا اسرائیل، لبنان سرحد پر جنگ بندی چاہتی ہے۔ یورپ، علاقائی ممالک اور پوری دنیا واضح طور پر جنگ بندی کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔ اسرائیلی حکام سے نیو یارک میں ملاقات ہوگی۔ اسرائیلی وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

٭…برطانیہ کے مختلف ریل اسٹیشنوں کے سسٹم پر سائبر حملہ ہوا ہے۔ برطانیہ کے مختلف ریل اسٹیشنوں کے وائی فائی ہیک کرکے یورپ پر دہشتگرد حملے کا پیغام چلا دیا گیا۔ برطانیہ کے نیٹ ورک ریل کا وائی فائی سسٹم متاثر ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ متاثرہ اسٹیشنوں میں لندن یوسٹن، مانچسٹر پکاڈلی، برمنگھم نیو اسٹریٹ اور گلاسگو سینٹرل شامل ہیں۔ جب مسافر ریل اسٹیشنوں پر وائی فائی سے لاگ ان ہوئے تو اسکرین پر یورپ میں دہشتگرد حملے کی اطلاع ملی۔ ترجمان نیٹ ورک ریل نے کہا کہ متاثرہ اسٹیشنوں پر وائی فائی بند اور سائبرسیکیورٹی واقعے سےنمٹ رہے ہیں۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button