افتتاح مسجد بیت السلام ،سساندرا،آئیوری کوسٹ کا افتتاح
مکرم عزیز احمد صاحب مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل و احسان کے ساتھ جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو سساندرا شہر میں پہلی مسجد کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد مورخہ ۶؍جولائی ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ اس مسجد کا افتتاح کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔ سساندرا شہر آئیوری کوسٹ کے جنوب مغرب میں خلیج گنی کے ساحل پر واقع ہے اور اس کی کُل آبادی ایک لاکھ ۸؍ہزار ہے۔ اس شہر میں سب سے پہلے legion برادری کے ایک دوست مکرم ساوانے سومائلہ صاحب نے ۲۰۰۲ء میں احمدیت قبول کی اور اس طرح سساندرا شہرمیں احمدیت کا آغاز ہوا۔
مورخہ ۶؍جولائی۲۰۲۴ء کی صبح مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب امیر ومشنری انچارج آئیوری کوسٹ مع مرکزی وفد تشریف لائے۔ مسجد کی افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم و فرانسیسی ترجمہ اور قصیدہ حضرت اقدس مسیح موعودؑ سے ہوا۔ مکرم طورے عبداللہ صاحب صدر جماعت احمدیہ سساندرا نے مہمانان کرام کو مقامی روایات کے مطابق خوش آمدید کہا جس کے بعد مکرم زالے سیدی محمد صاحب مبلغ سلسلہ نے جماعت احمدیہ کا تعارف کرایا۔ بعدازاں مکرم جابی مصطفیٰ صاحب صدرمجلس خدام الاحمدیہ آئیوری کوسٹ نے ’’اسلام میں مذہبی روا داری اور دوسروں کے حقوق کا احترام‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔
اس بابرکت تقریب میں شامل معزز مہمانان کرام نے بھی مختصراً اظہارخیال کیا جس کے بعد مکرم امیرو مشنری انچارج صاحب نے اپنی تقریر میں ’’اسلام میں مساجد کی تعمیر اور کردار‘‘ کے موضوع پر روشنی ڈالی۔ جبکہ آخر میں سیکرٹری برائے گورنر علاقہ نے تقریرکی اور مسجد کی تعمیر کو سراہا اور جماعت احمدیہ کے امن کے پیغام کی خاص تعریف کی۔بعدہٗ امیر صاحب نے تمام غیر از جماعت معزز مہمانان کرام کی خدمت میں جماعتی کتب بزبان فرانسیسی کا تحفہ پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر مکرم امیر صاحب نےسیکرٹری جنرل کے ہمراہ مسجد کی تختی کی نقاب کشائی کی اور دعا کروائی۔ اس کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں پھر مہمانان کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
مسجدکی تقریب سنگ بنیادکا اہتمام مورخہ ۶؍دسمبر ۲۰۲۳ء کو کیا گیا تھا۔(تفصیل کے لیے ملاحظہ فرمائیں الفضل انٹرنیشنل ۱۶؍دسمبر۲۰۲۳ء)۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت مسجد کا نام ’’بیت السلام‘‘عطا فرمایا ہے۔ اس مسجد کا کُل احاطہ ۱۴۰؍مربع میٹر پر مشتمل ہے جس میں ۲۰۰؍سے زائد افراد کے نماز ادا کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ مسجد کے ساتھ دو واش رومز بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔
اس مسجد کی تعمیر کی سعادت مکرم عبدالنور صاحب مبلغ سلسلہ کو حاصل ہوئی ہے۔ یہ مسجد ریجنل احمدیہ مسجد کی حیثیت رکھتی ہے جس سے ملحقہ پلاٹ میں ہی مستقبل قریب میں ان شاءاللہ ریجنل مشن ہاؤس، معلم ہاؤس و ریجنل لائبریری کی تعمیر بھی کی جائے گی۔
اس بابرکت تقریب میں ۲۰۰؍سے زائد افراد کی شرکت کے ساتھ ساتھ کئی حکومتی عہدیداران نے شرکت کی جن میں سیکرٹری جنرل برائے گورنر علاقہ، نائب میئر سساندرا، پولیس کے نمائندہ، سینیٹر صاحب کے نمائندہ، اقتصادی آپریٹر، دو سرکاری ریڈیوز کے نمائندے، تین مختلف گاؤں کے چیفس اور علاقہ کے کئی غیر مسلم احباب شامل ہیں۔ سب نمائندگان نے اپنی تقریر میں جماعت احمدیہ کے امن کے پیغام کو سراہا جبکہ نائب میئر صاحب نے جماعت سے اپنی پرانی واقفیت کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ کس طرح و ہ دلی طور پر جماعتی تعلیم سے بہت حد تک متاثر ہیں۔ نیز آپ نے پروگرام کے انعقاد میں بھی خاطر خواہ حد تک مدد کی تھی۔
اللہ تعالیٰ مسجد کی اس تعمیر کے نفع رساں نتائج پیدا فرمائے نیز حقیقی ایمان کے ساتھ مسجد کو آباد کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: عبد النور۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)