سویڈن کے مختلف علاقوں میں Summer Markets میں تبلیغ سٹالز کا اہتمام
موسم گرما میں سویڈن کے مختلف علاقوں میں کئی ایک Summer Markets کاا ہتمام کیا جاتا ہے۔ جن میں ہزار ہا لوگ شامل ہوتے ہیں۔ امسال ان میں سے چار بازاروں میں جماعتی سٹالز کا اہتمام کیا گیا جن میں سے دو سٹالز ملک کے جنوبی حصے میں لگائے گئے جبکہ دو سٹالز سویڈن کے شمالی علاقہ جات میں لگائے گئے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان تمام بازاروں میں بڑی تعداد میں لوگوں نے ہمارے سٹال کا وزٹ کیا۔ اسلام کے بارے میں مختلف سوالات کیے اور جواب پائے۔ اسی طرح جماعتی لٹریچر بھی لے کر گئے۔ بعض لوگ قرآن کریم بھی قیمتاً لے کر گئے۔
شیوکس (Kiviks) مارکیٹ
یہ مارکیٹ سویڈن کے جنوب میں گرمیوں میں منعقد ہوتی ہے جس میں ایک لاکھ کے قریب لوگ چار دن میں وزٹ کرتے ہیں۔ اس مارکیٹ میں مورخہ ۵تا۸؍جولائی کو سٹالز کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں مکرم کاشف ورک صاحب مبلغ سلسلہ اور خاکسار مبلغ سلسلہ چاروں دن Ask A Muslim مہم کے تحت سٹالز پر موجود رہے۔ جبکہ دو خدام مکرم Alexander Svenssonصاحب نو مبائع اور نورالحق صاحب نے دو دن ہمارے ساتھ ڈیوٹی دی۔
مارکیٹ میں دو سیاسی جماعتوں کے سٹالز بھی تھے۔ جن میں ایک پارٹی بائیں بازو کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی سوشل ڈیموکریٹس تھی جبکہ دوسرا سٹال دائیں بازوں کی بڑی سیاسی پارٹی سویڈش ڈیموکریٹس کا سٹال تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان دونوں سیاسی پارٹیوں کے لوکل اور نیشنل سیاستدانوں سے سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ دائیں بازو کی سیاسی جماعت کی ایک سیاستدان خاتون جو کہ سخت اسلام مخالف ہیں نے مختلف سوالات کے جواب پانے کے بعد کہا کہ آپ دوسرے مسلمانوں سے مختلف ہیں، اگر سارے ملک کے مسلمان احمدی ہوں تو ہمیں اسلام پر کوئی اعتراض نہیں۔ اسلام کی صحیح تعلیمات پر اطلاع پانے پر اس خاتون کے اسلام کے بارے میں منفی خیالات مثبت ہو گئے۔ الحمد للہ۔
ان چار دنوں میں ہم نے دو ممبران پارلیمنٹ کے علاوہ ایک شہر کی میئر، دو گروپ لیڈرز، ایک شہر کے پارٹی لیڈر اور چند لوکل سیاستدانوں سے ملاقات کی۔ ان سب کو تفصیل سے جماعت کا تعارف کروانے کا موقع ملا۔ الحمد للہ۔
وَے نیس ( Vännäs) مارکیٹ
یہ مارکیٹ سویڈن کے شمال میں واقع ایک شہر Umeå کے نواح میں ایک چھوٹے شہر وے نیس (Vännäs) میں مورخہ ۱۲ تا ۱۴ جولائی ۲۰۲۴ء کو منعقد ہوئی۔ امسال پہلی دفعہ جماعت لولیو کو یہاں تینوں دن سٹالز کے اہتمام کا موقع ملا۔ خاکسار مبلغ سلسلہ کے ساتھ مکرم صدیق احمد صاحب ممبر جماعت لولیو تینوں دن سٹال پر موجود رہے۔ جبکہ عزیزم شازل افضل دو دن کےلئے اور مکرم احمد عبداللہ صاحب ایک دن کےلئے سٹال پر ڈیوٹی کےلئے موجود رہے۔
سوشل ڈیموکریٹس کی مقامی صدر جو کہ اس علاقے کی میئر بھی ہیں ان سے ان کے سٹال پر ملاقات ہوئی۔ ان سے ان کے آفس میں بھی خاکسار اس سے قبل مل چکا ہے اور قرآن کریم کا تحفہ دے چکا ہے۔ اس ملاقات میں انہوں نے اپنے ساتھیوں کو بھی بتایا کہ انہیں قرآن کریم کا تحفہ ملا تھا جو کہ انہوں نے اپنے آفس میں رکھا ہوا ہے۔
سیاستدانوں کے علاوہ مختلف عیسائی تنظیموں کی طرف سے بھی ایک سٹال تھا جہاں خاکسار کو چیف پادری صاحبہ اور بعض دوسرے عیسائی چرچز کے نمائندگان سے ملاقات کرنے اور جماعت کا تعارف کرانے کا موقع ملا۔ ان تین دنوں میں ایک ممبر آف پارلیمنٹ، ایک میئر کے علاوہ تین ریجنل سیاستدانوں اور تین لوکل سیاستدانوں کے ساتھ بات چیت کرنے کا موقع ملا۔ جبکہ سویڈش چرچ، Pings چرچ، Missionچرچ کے چیف پادریوں سے ملاقات کی۔ الحمدللہ۔ لوکل فیس بک پیج پر بھی سٹال کے بارے میں بتایا گیا۔ جہاں بہت سے لوگوں نے پسندیدگی کا اظہار کیا۔
خُوبُو( Sjöbo) مارکیٹ
یہ مارکیٹ مالمو سے تقریباً ۵۰کلو میٹر دُور کونسل میں ہر سال منعقد ہوتی ہے۔ امسال اس مارکیٹ میں مورخہ ۱۸ و ۱۹؍جولائی کو پہلی دفعہ جماعتی سٹال لگایا گیا۔ سٹال کے پہلے دن کاشف ورک صاحب مبلغ سلسلہ کے ہمراہ مکرم منیر نیازی صاحب اور Alexander Svensson صاحب نومبائع نے ڈیوٹی دی۔ جبکہ دوسرے دن مکرم ناصر محمود صاحب نے اپنے بیٹوں حافظ فوزان احمد اور نایاب احمد کے ساتھ سٹال پر ڈیوٹی دی۔
اُور کالِکس( Överkalix) مارکیٹ
یہ مارکیٹ لولیو سے مزید تقریباً ۱۱۰کلومیٹر شمال میں موجود شہر اُورکالِکس میں مورخہ ۱۹تا ۲۱؍جولائی کو منعقد ہوئی۔ اس مارکیٹ میں پہلی دفعہ ہمیں سٹال لگانے کا موقع ملا۔ اس سٹال کے لیے مکرم صدیق احمد صاحب ممبر جماعت احمدیہ لولیو خاکسار کے ہمراہ تھے۔
اس علاقے کے میئر نے بھی ہمارے سٹال کا وزٹ کیا۔ انہوں نے ہمارے کاموں کی بہت تعریف کی۔ اسی طرح بائیں بازو کی سیاسی جماعت سویڈش ڈیموکریٹس کے سٹال پر بھی جانے کا موقع ملا جہاں صوبے کے مختلف شہروں سے آنے والے چار سیاستدانوں سے بات ہوئی۔ ان کے اسلام کے بارے میں خدشات کے جواب دیے اور ان کے اسلام کے بارے میں رویہ پر بھی بات ہوئی۔
سٹال کے آخری دن سوشل ڈیموکریٹس یوتھ ونگ کے صوبائی صدر نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ ہمارے سٹال کا وزٹ کیا۔ انہوں نے ہماری کوششوں کو بہت سراہا۔ سوال و جواب بھی ہوئے اور دوبارہ ملنے کا پروگرام بھی طے ہوا۔
(رپورٹ: رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)