از مرکز

مسلمانوں کو اپنے عمل اللہ تعالیٰ کی رضا کے مطابق ڈھالنے ہوں گے، بھائی بھائی بننا ہو گا۔ تبھی اللہ تعالیٰ کی مدد کا وعدہ پورا ہوگا (حضرت خلیفۃ المسیح الخامس)

(ادارہ الفضل انٹرنیشنل)

حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ۱۱؍اکتوبر۲۰۲۴ء میں دعاؤں کی تحریک کرتے ہوئے فرمایا:

پاکستان کے احمدیوں کو خود بھی اپنے لیے دعا کرنی چاہیے، آجکل ان پر زمین تنگ سے تنگ تر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اللہ تعالیٰ کی رضا کو حاصل کرنے کی انہیں پہلے سے زیادہ کوشش کرنی چاہیے کیونکہ حالات بدتر ہوتے چلے جارہے ہیں جیسا کہ میں نے کہا۔ اللہ تعالیٰ فضل اور رحم فرمائے۔

اسی طرح دنیا میں جو بسنے والے احمدی ہیں پاکستانی وہ بھی خاص طور پر اپنے پاکستانی بھائیوں کے لیے دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ ان کو مشکلات سے نجات دے۔ آمین

اسی طرح بنگلہ دیش کے احمدیوں کے لیے بھی دعا کریں اور وہ خود بھی اپنے لیے دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ ہر شر سے انہیں بھی بچائے۔ وہاں بھی احمدی بہت مشکلات میں گرفتار ہیں۔

الجزائر کے احمدیوں کے لیے بھی دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ ان کو بھی ہر شر سے بچائے۔ ان کو بھی پکڑا جارہا ہے۔ ان کا ایمان اللہ تعالیٰ مضبوط رکھے۔

سوڈان کے احمدی بھی وہاں جنگی حالات کی وجہ سے بُرے حالات میں ہیں۔ ان کے لیے بھی دعا کریں۔

ہر جگہ کلمہ گو، کلمہ گو کے ہاتھوں مشکلات میں گرفتار ہے اور یہی وجہ ہے کہ غیر، اسلام مخالف لوگ بے دھڑک مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بہت دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ اسرائیلی حکومت اور امریکہ کی حکومت اور بڑی طاقتوں کے ہاتھوں کو روک سکتا ہے۔ اس کے ہاتھ میں سب طاقت ہے۔ لیکن اس کے لیے مسلمانوں کو بھی اپنے عمل اللہ تعالیٰ کی رضا کے مطابق ڈھالنے ہوں گے اور بھائی بھائی ہونے کا نمونہ بننا ہوگا۔ آپس کے اختلافات کو ختم کرنا ہوگا۔ جو ہمیں کہیں نظر نہیں آ رہا۔ تب ہی اللہ تعالیٰ کی مدد کا وعدہ بھی پورا ہوگا۔ اس کے بغیر تو نہیں ہوسکتا۔ مسلمانوں کو ایک مومن بن کے رہنا ہوگا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی اور تمام مسلمانوں کو بھی اس کی توفیق عطا فرمائے۔

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button