نمازِ جنازہ حاضر و غائب
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۱۸؍ستمبر۲۰۲۴ء بروز بدھ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ شمیم اختر صاحبہ کی نمازِ جنازہ حاضر اور پانچ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جناز ہ حاضر
مکرمہ شمیم اختر صاحبہ اہلیہ مکرم افتخار احمد سپرا صاحب (آلڈرشاٹ نارتھ۔ یوکے)
۱۵؍ ستمبر ۲۰۲۴ء کو ۶۵؍ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ پابند صوم و صلوٰة، نیک، رحمدل اور مہمان نواز خاتون تھیں۔ تلاوت قرآن کریم کا خاص اہتمام کرتیں۔ مرحومہ کو اپنی فیملی میں اکیلی احمدی ہونے کی وجہ سے بہت مخالفت کا سامنا کرنا پڑا لیکن وفا کے ساتھ احمدیت پر قائم رہیں۔ بہت شکرگزار خاتون تھیں۔ گذشتہ پانچ سالوںسے فالج اور دونوں ٹانگوں سے معذوری کے باعث بستر پر تھیں مگر کبھی مایوسی کا اظہار نہیں کیا۔ جب بھی ان کا حال دریافت کیا گیا تو یہی سننے کو ملتا کہ اللہ کا شکر ہے۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں شوہر کے علاوہ ایک بیٹا اور ۳ بیٹیاں شامل ہیں۔
نماز جناز ہ غائب
۱۔ مکرمہ شبانہ شمیم صاحبہ اہلیہ مکرم سلطان احمد صاحب (قادیان)
یکم اگست ۲۰۲۴ء کو۵۵ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ مکرم قاضی زین العابدین صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پڑپوتی کی بیٹی تھیں۔ شادی کے ۱۰؍ سال بعد ۲۰۰۵ء میں قادیان میں رہائش پذیر ہوئیں اورسیکرٹری تحریک جدید حلقہ نور قادیان کے طور پر خدمت بجالا رہی تھیں۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند، چندوں کی ادائیگی میں باقاعدہ، مہمان نواز، ہمدرد، خوش اخلاق، نیک اورمخلص خاتون تھیں۔ پسماندگان میں شوہر کے علاوہ تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ مکرم صہیب احمد وانی صاحب (مربی سلسلہ نور الاسلام قادیان) کی ساس تھیں۔
۲۔ مکرم رشید احمد صاحب( ربوہ )
۳؍جولائی۲۰۲۴ء کو ۷۲؍ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم جب سے ربوہ میں آئے اپنی لوکل مسجد کی صفائی ستھرائی اور مرمت وغیرہ کا کام کیا کرتے تھے۔ صوم وصلوٰۃ کے پابند، بہت خوش اخلاق، ملنسار اور مخلص انسان تھے۔ ہمیشہ سلام میں پہل کیا کرتے تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔ مرحوم کے ایک بھائی مکرم حبیب احمد صاحب مرحوم کو نائیجیریا میں بطور مربی سلسلہ خدمت کرنے کی توفیق ملی۔
۳۔ مکرم ضیاء الدین احمد صاحب ( امریکہ)
۱۸؍اگست ۲۰۲۴ء کو ۹۱؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحوم پاکستانی گورنمنٹ کے سینئرعہدہ پر فائز ہونے کے علاوہ مشرقی یورپ اور افریقہ کےليے اقوام متحدہ کے diplomat بھی رہ چکے ہیں۔ کئی کتابوں کے مصنف اور صاحب علم، سخی، صابر، ہمدرد، نیک اور مخلص انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی، تین بیٹے، اور۹ نواسے نواسیاں اورپوتے پوتیاں شامل ہیں۔
۴۔ مکرمہ انیسہ ایوبی صاحبہ اہلیہ مکرم صلاح الدين ایوبی صاحب (ملتان )
۱۳؍اگست۲۰۲۴ء کو۷۷؍سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ صوم و صلوٰۃ کی پابند، خلافت سے بے انتہا اطاعت کا تعلق رکھنے والی بہت نیک اور اچھے اخلاق کی مالک مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور دو بیٹے شامل ہیں۔ آپ کے بیٹے مکرم کمال الدین ایوبی صاحب شعبہ عمومی مجلس خدام الاحمدیہ یوکے میں اور داماد مکرم محمد عبد الودود صاحب …خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔
۵۔ مکرمہ رشیدہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم بشارت الرحمٰن سراء صاحب مرحوم (چک نمبر ۶ / ۱۱؍ ایل ضلع ساہیوال)
۲؍جولائی ۲۰۲۴ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّاۤ اِلَیۡہِ رٰجِعُوۡنَ۔ مرحومہ ۳ سال سے یو کے میں اپنی بیٹی کے پاس مقیم تھیں۔ آپ نے ۱۲؍ سال صدر لجنہ ضلع ساہیوال اور ۱۵؍ سال مقامی صدر لجنہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، مہمان نواز، جماعتی عہدیداروں کا احترام کرنے والی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ خلافت سے بے پناہ عقیدت اور فدائیت کا تعلق تھااورخلافت کی ہر آواز پر لبیک کہنے والی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹیاں اور تین بیٹے شامل ہیں۔ آپ مکرم شاہد احمد چیمہ صاحب (مربی سلسلہ دفتر پرائیویٹ سیکرٹری اسلام آباد۔ یوکے) کی نانی کی بہن تھیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔ آمین