ہالینڈ کی الحافظون کلاس کی پہلی تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۷؍ستمبر بروز ہفتہ ہالینڈ کی الحافظون کلاس کی پہلی تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت مکرم ہبةالنورVerhagenصاحب امیر جماعت احمدیہ ہالینڈ نے کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، حدیث، اقتباس حضرت مسیح موعودؑ اور نظم سے ہوا۔ بعدازاں مکرم زبیر اکمل صاحب سیکرٹری تعلیم القرآن و وقف عارضی نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد مکرم منیر عباس قاضی صاحب انچارج الحافظون کلاس نے سالانہ رپورٹ پیش کی جس میں اس بات کا ذکر کیا گیا کہ دورانِ سال کُل چھ بچوں نے نصاب الحفظ اورتیسواں پارہ مکمل کر کے حافظ فضل ربی صاحب (انچارج الحافظون یوکے) کو ٹیسٹ دے کرپاس کیاجس میں دو طلبہ اور چار طالبات شامل ہیں۔ جبکہ تین طلبہ نے صرف نصاب الحفظ کا ٹیسٹ پاس کیا اور ایک بچے نے نصاب الحفظ کا نصف حصہ مکمل کر کے ٹیسٹ پاس کیا۔ اس رپورٹ کا ڈچ میں ترجمہ مکرم زبیر اکمل صاحب نے پیش کیا۔ بعدہٗ مکرم حافظ فضل ربی صاحب نے تقریب میں آن لائن شرکت کی اور طلبہ و طالبات اور شاملین کو نصیحت کرتے ہوئے حفظ القرآن کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی۔
اس کے بعد بچوں نے باری باری خوبصورت آواز میں قرآن کریم کا حفظ شدہ حصہ سنایا۔ بعدازاں والدین نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا اور الحافظون کی تمام ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
تقسیم انعامات کے بعد مکرم امیر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ فرمودہ ۲۳؍اگست۲۰۲۴ء میں جن دعاؤں کو کثرت سے پڑھنے کی تحریک فرمائی تھی ان کی یاددہانی کرائی۔ اس کے بعد مکرم نعیم احمد وڑائچ صاحب مبلغ انچارج نے دعا کروائی۔
اس پروگرام میں کُل ۶۰؍افراد شامل ہوئے۔ آخر میں تمام شاملین کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا اور نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔
اللہ تعالیٰ اس پروگرام کے نیک نتائج پیدا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭