سپورٹس بلیٹن
کرکٹ:پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور ۴۷ رنز سے بڑی شکست سے دو چار کر دیا۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پہلی اننگز میں ۵۵۶ رنز کا اچھااسکور بنایا۔ جس میں عبداللہ شفیق کے ۱۰۲، کپتان شان مسعودکے ۱۵۱ اور سلمان علی آغا کے ناٹ آؤٹ ۱۰۴ رنز شامل تھے۔ جواب میں انگلش بلےبازوں نے بے جان پچ کابھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے شانداربلےبازی کا مظاہرہ کیااور صرف۱۵۰ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر ۸۲۳ رنز کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کردیا جو کہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کا سب سے زیادہ مجموعی اسکور ہے۔انگلینڈکی جانب سے جو روٹ (Joe Root)نے۲۶۲ جبکہ نوجوان بلےباز ہیری بروک (Harry Brook)نے۳۱۷ رنزکی لاجواب باری کھیلی۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں ریکارڈ ۴۵۴ رنزکا اضافہ کیا۔مہمان ٹیم نے ۲۶۷ رنزکی برتری حاصل کرکے اپنی اننگزڈیکلیئر کی جس کے بعد پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف ۲۲۰ رنزبناکرآؤٹ ہوگئی۔ ٹیسٹ کرکٹ کی ۱۴۷سالہ تاریخ میں یہ پہلاموقع ہے کہ کوئی ٹیم اپنی پہلی باری میں۵۵۰ سےزائدرنزبنانے کے باوجود ایک اننگز کے فرق سے میچ ہارگئی۔
ویمنزٹی ٹوینٹی ورلڈکپ:نواں آئی سی سی ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈکپ ۳تا۲۰؍اکتوبر۲۰۲۴ءیواے ای میں منعقدہورہا ہے جس میں دس ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔گروپ اے سے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اپنے چاروں میچزجیت کرسیمی فائنل میں جگہ بناچکی، اسی طرح نیوزی لینڈنے بھارت، سری لنکا اور پاکستان کوشکست دے کرسیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔بھارت کی مضبوط ٹیم کو آسٹریلیااورنیوزی لینڈکے ہاتھوں ہارکاسامناکرناپڑاجبکہ پاکستان نے اپنی واحدکامیابی ایشین چیمپئن سری لنکا کے خلاف حاصل کی۔ گروپ بی میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور ساؤتھ افریقہ کی ٹیموں نے اپنے چار میں سے تین تین میچز میں کامیابی حاصل کی۔
پہلا سیمی فائنل ۱۷؍ اکتوبرکوآسٹریلیااور ساؤتھ افریقہ کی ٹیموں کے مابین دوبئی جبکہ سیمی فائنل میں شارجہ کے میدان پرنیوزی لینڈاور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ٹورنامنٹ کا آخری معرکہ ۲۰؍اکتوبرکودبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم چھ مرتبہ ویمنزٹی ٹوینٹی ورلڈکپ جیت چکی ہے۔جبکہ انگلینڈاورویسٹ انڈیزکی ٹیمیں ایک ایک بارعالمی چیمپئن بننے کا اعزازحاصل کرچکی ہیں۔
ٹینس:بیلاروس کی آریانا سبالینکا (Aryna Sabalenka) نے چین کی Zheng Qinwen کو شکست دے کر مسلسل تیسری بارووہان اوپن کا ویمنز سنگلزٹائٹل جیت لیا۔فائنل مقابلہ میں انہوں نے چینی حریف کو 6-3، 5-7 اور 6-3 کےاسکور سے ہرایا۔ دوسری جانب سربیاکے نوواک جوکووچ(Novak Djokovic) اپنے شاندار کیریئر کا ۱۰۰واں ٹائٹل جیتنے کا موقع گنوا بیٹھے جب انہیں شنگھائی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں عالمی نمبرایک اطالوی کھلاڑی یانیک سنر (Jannik Sinner) کےہاتھوں شکست کا سامناکرناپڑا۔ Sinner، جو رواں سیزن میں اپنی بہترین فارم میں ہیں، نے۷۔۶اور۶۔۳ کے اسکور سے فتح حاصل کی۔ یادرہے کہ ٹینس کی تاریخ میں دوکھلاڑی اپنے کیریئرمیں ۱۰۰سےزائدٹائٹل جیت چکے ہیں جن میں امریکہ کے جمی کونرز (۱۰۹ٹائٹلز) اورسوئٹزرلینڈکے راجر فیڈرر (۱۰۳ ٹائٹلز) شامل ہیں۔
ہاکی:چین کےشہرHulunbuirمیں منعقدہ آٹھویں ایشین ہاکی چیمپئنزٹرافی کا فائنل میزبان چین اور دفاعی چیمپئن بھارت کی ٹیموں کے مابین کھیلاگیا۔جس میں بھارت نے ایک صفر سے فتح حاصل کرتے ہوئے پانچویں بارٹائٹل اپنے نام کیا۔میچ کا واحد اورفیصلہ کن گول جگراج سنگھ نے چوتھے کوارٹرکے دسویں منٹ میں کیا۔تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے جنوبی کوریا کے خلاف دوکے مقابلہ میں پانچ گول سے شاندارکامیابی حاصل کی۔قبل ازیں سیمی فائنل مقابلوں میں چین نے پاکستان کو پنلٹی شوٹ آؤٹ پر۲۔صفر سے ہرایا جبکہ بھارت نے جنوبی کوریا کو۴۔۱ سے شکست دی تھی۔ٹورنامنٹ میں ملائیشیااورجاپان کی ٹیمیں بالترتیب پانچویں اور چھٹے نمبرپررہیں۔
(ن م طاہر)
٭…٭…٭