حالاتِ حاضرہ

سپورٹس بلیٹن

کرکٹ: بھارت اور نیوزی لینڈکے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ بنگلورو میں کھیلاگیاجس میں نیوزی لینڈ نے آٹھ وکٹوں سے یادگار فتح حاصل کرتے ہوئے ۳۶سال بعد بھارتی سرزمین پرٹیسٹ میچ اپنے نام کیا۔ راچن رویندرا(Rachin Ravindra) کو شاندار ۱۳۴؍رنز بنانےپر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔بارش کی وجہ سے اس میچ میں پہلےدن کا کھیل نہ ہو سکا ، دوسرے دن ٹاس جیت کر پہلےبلےبازی کرتے ہوئے انڈین ٹیم محض ۴۶؍رنز پر ڈھیر ہوگئی جوکہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کا تیسراکم ترین اسکورہے۔جواب میں نیوزی لینڈنے۴۰۲؍رنزبناکر۳۵۶؍رنزکی برتری حاصل کی۔ بھارتی بلےبازوں نےاپنی دوسری باری میں بہترین کھیل پیش کیا۔ نوجوان کھلاڑی سرفرازخان کے۱۵۰؍اوررشبھ پنت (Rishabh Pant)کے ۹۹؍رنزکی بدولت بھارتی ٹیم ۴۶۲؍رنز بنانے میں کامیاب ہوئی اور مہمان ٹیم کو ۱۰۷؍رنزکاہدف ملا۔ کھیل کے آخری روزنیوزی لینڈنے مطلوبہ ہدف دووکٹوں کےنقصان پرپوراکرکے تاریخی کامیابی سمیٹی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین جاری ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے۱۵۲؍رنزسے کامیابی حاصل کرلی۔ ملتان میں ہونے والےاس مقابلہ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے۳۶۶؍رنزبنائے۔اپناپہلاٹیسٹ کھیلنے والے کامران غلام نے ۱۱۸؍رنزکی شاندار اننگزکھیلی۔جواب میں انگلش ٹیم ۲۹۱؍رنزبناسکی،پاکستان کی جانب سے آف اسپنر ساجدخان نےسات جبکہ نعمان علی نے تین کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ دوسری باری میں پاکستانی ٹیم ۲۲۱؍رنزبناکرآؤٹ ہوئی جس میں سلمان علی آغاکے۶۳؍اہم رنز شامل تھے۔ ۲۹۷؍رنز کے ہدف کےتعاقب میں انگلینڈکی ٹیم صرف ۱۴۴؍رنزبناسکی اور یوں پاکستان نے میچ جیت کر سیریز ۱۔۱ سے برابر کردی۔ نعمان علی نے بہترین گیندبازی کرتے ہوئے ۴۶؍رنزکےعوض آٹھ کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔

ویمنزٹی ٹوینٹی ورلڈکپ:نیوزی لینڈ نواں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ۲۰۲۴ء جیت کرپہلی دفعہ کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا جبکہ جنوبی افریقہ کومسلسل دوسرے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ۲۰؍اکتوبرکودوبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئےفائنل مقابلہ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتےہوئے مقررہ ۲۰؍اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر ۱۵۸؍رنز بنائے جس کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم ۱۲۶؍رنز بناسکی، یوں نیوزی لینڈنے۳۲؍رنزسےفتح اپنے نام کی۔ نیوزی لینڈکی آل راؤنڈر Amelia Kerrفائنل میچ اور ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی قرارپائیں۔

فٹ بال:انگلش پریمیئرلیگ میں گذشتہ ہفتہ ہونے والے مقابلوں میں لیورپول نے چیلسی کوایک کے مقابلہ میں دوگول سے شکست دے کرسیزن میں اپنی ساتویں فتح حاصل کرلی۔یوں لیورپول کی ٹیم ۲۱؍پوائنٹس کےساتھ پہلے نمبرپر ہے۔ دیگرمیچزمیں مانچسٹرسٹی نے وولوز جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈ نے برینٹفورڈکے خلاف ۲۔۱؍سے کامیابی حاصل کی۔آرسنل کوبرنمتھ کے ہاتھوں ۲۔صفرسےشکست کاسامناکرناپڑا۔

UEFAنیشنزلیگA میں رواں ہفتہ کھیلے گئےمیچزمیں فرانس نے بیلجیم کو۲۔۱،جرمنی نے نیدرلینڈز کو۱۔صفراور سپین نے سربیا کو ۳۔صفرسے شکست دے دی۔سکاٹ لینڈ اور پرتگال کا مقابلہ بغیرکسی گول کے برابررہا۔اسی طرح پولینڈ بمقابلہ کروشیا اور سوئٹزرلینڈبمقابلہ ڈنمارک بھی برابری پر ختم ہوئے۔یوئیفانیشنزلیگ اے کے گروپ ۱ میں پرتگال، گروپ۲ میں اٹلی، گروپ۳ میں جرمنی اور گروپ۴ میں سپین کی ٹیمیں ۱۰۔۱۰ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں۔

فارمولاوَن کار ریسنگ:۲۰؍اکتوبرکوامریکی ریاست ٹیکساس کے شہرآسٹن میں ہونے والی یوایس گراں پری مناکوسے تعلق رکھنے والے FerrariڈرائیورCharles Leclercنے جیت لی۔اسپین کے Carlos Sainz Jrنے دوسری جبکہ نیدرلینڈز کے Max Verstappenنے تیسری پوزیشن حاصل کی۔رواں سیزن میں مجموعی طورپرسات فتوحات اور۳۵۴؍پوائنٹس کے ساتھ Max Verstappen بدستور پہلے نمبرپر ہیں جبکہ ۲۹۷؍پوائنٹس کے ساتھ برطانیہ کے Lando Norris دوسرے نمبرپرہیں۔سیزن کی اگلی ریس۲۷؍اکتوبرکومیکسیکوسٹی میں منعقدہوگی۔

تائیکوانڈو:پاکستان نے انڈونیشیا میں ہونے والی چھٹی ایشین اوپن (کیوروگی) تائیکوانڈو چیمپئن شپ جیت لی۔پاکستانی کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر تین طلائی ،تین چاندی اوردوکانسی کے تمغےجیتے۔اس چیمپئن شپ میں قازقستان نے دوسری جبکہ ملائیشیانے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(ن م طاہر)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button