تربیتی کیمپ جماعت احمدیہ لولیو، سویڈن
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۷ و ۸؍ستمبر ۲۰۲۴ء کو سویڈن کی جماعت احمدیہ لولیو میں ۷ تا ۲۵ سال کے بچوں اور نوجوانوں کا ایک تربیتی کیمپ شعبہ تربیت کے تحت منعقد ہوا جس کا موضوع ‘تبلیغ’ تھا۔ اس کیمپ میں تعلیمی و تربیتی پروگرامز کے علاوہ بچوں کی تفریح کے پروگرام بھی رکھے گئے تھے۔
کیمپ کا باقاعدہ آغاز مورخہ ۷؍ستمبر بروز ہفتہ ہوا۔ افتتاحی اجلاس میں تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد خاکسار (مربی سلسلہ) نے تبلیغ کی اہمیت کے بارے میں بتایا۔
تربیتی کیمپ کے دوران تبلیغ سے متعلق جماعت احمدیہ سویڈن کی بعض ویڈیو رپورٹس بچوں کو دکھائی گئیں۔ ایک نشست ‘مبلغین سلسلہ کے میدان عمل کے ایمان افروز واقعات’ کے موضوع پر رکھی گئی تھی۔ اسی طرح تربیتی کیمپ کے دوران شاملین کیمپ نے لولیو شہر کے مرکزی حصہ میں جاکر فلائرز تقسیم کیے۔
اختتامی اجلاس میں خاکسار نے شاملین کو سویڈش زبان میں موجود جماعت احمدیہ کےلٹریچر کا تعارف کروایا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ تربیتی کیمپ بہت کامیاب رہا۔
(رپورٹ: رضوان افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭