ربوہ کا موسم (۱۸تا۲۴؍اکتوبر۲۰۲۴ء)
اس ہفتہ میں ربوہ کا موسم تقریباً ایک جیسا رہا یعنی گرم اور خشک۔ تاہم ہلکی ہوا کے کبھی کبھار چلنے سے دن کی گرمی میں قدرے کمی آجاتی تھی اور موسم معتدل بن جاتا۔ یاد رہے کہ پاکستان میں سردیو ں کی آمد آمد ہے اور گذشتہ برسوں میں تو اس مہینہ میں اچھی خاصی ٹھنڈ شروع ہوجاتی رہی ہے۔ گرم کپڑے اور کمبل رضائیاں پیٹیوں سے باہر نکل آتے ہیں۔ لیکن اب گلوبل وارمنگ اورعالمی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے موسم کے تبدیل ہونے کا وقت چینج ہوچکا ہے۔ اس سال کے آغاز میں بھی سردیاں کچھ دیر سے رخصت ہوئی تھیں۔
اس ہفتہ میں موسم خشک ہونے کی وجہ سے دن کے وقت سورج کی تپش کافی زیادہ محسوس ہوتی رہی۔ زیادہ کام اور سائیکل چلانے کی وجہ سے پسینہ بھی آجاتا رہا۔ رات ٹھنڈی ہونے کی وجہ سے بعض گھروں میں پنکھے یا تو بند ہوگئے ہیں یا آہستہ رفتار سے چلائے جاتے ہیں، خشک موسم کا ایک نقصان یہ ہے کہ سڑکوں اور گلیوں محلوں میں گردو غبار اُڑنے کی وجہ سے لوگ گلے کی مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔ نزلہ، زکام، بخار اور کھانسی وغیرہ کی بیماریوں کی وبا اسی وجہ سے پھیلی ہوئی ہے۔ اس ہفتہ کا اوسط ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۴؍ اور کم سے کم ۲۱؍ درجہ سینٹی گریڈ رہا۔
(ابو سدید)