مارادی، نائیجر میں زیر تبلیغ احباب کے ساتھ ایک تبلیغی نشست
نائیجر کے دارالحکومت نیامے کے بعد مارادی شہر ملک کا سب سے بڑا شہر ہے اور ملک کی معیشت کا بڑا انحصار مارادی شہر کی نائیجیریا کے شہروں سے تجارت پر ہے۔ اس شہر میں عرصہ پندرہ سال سے زائد جماعت کا مشن قائم ہے اور گذشتہ تین سال سے مسجد، مشن اور کلینک و سکول کا ایک مکمل جماعتی کمپلیکس بھی تعمیر کیا جا چکا ہے۔ نائیجر کے اس شہر میں اکثر افراد کا تعلق وہابی مکتبۂ فکر سے ہے جو کسی حد تک کچھ بنیاد پرست ہونے کی وجہ سے بات ماننے میں ہمیشہ تردد کا شکار رہتے ہیں۔اس کے باوجود اس شہر میں تبلیغ کے ليے انفرادی طور پر افراد سے رابطوں کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور وقتاً فوقتاً ایسے افراد ملتے رہتے ہیں جن کو اللہ تعالیٰ اپنی جناب سے ہدایت عطا فرماتا ہے۔
چنانچہ مورخہ ۲۰؍ستمبر۲۰۲۴ء بروز جمعۃ المبارک نائیجر کے امیر و مبلغ انچارج مکرم اسد مجیب صاحب کے ریجن مارادی کے دورہ کے دوران نماز مغرب کے بعد شہر مارادی کے زیر تبلیغ احباب میں سے ۳۸؍افراد کے ساتھ دو گھنٹے کی ایک نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں مکرم امیر صاحب نے اختلافی مسائل پر مشتمل سوالات مثلاً حضرت اقدس مسیح موعودؑ کا دعویٰ نبوت، حضرت عیسیٰؑ کی وفات اور خاتم النبیینؐ کی غلط تفاسیر وغیرہ کے جواب دیے۔ اس پر کافی دوست مطمئن نظر آئے جس کا انہوں نے بعد ازاں اظہار بھی کیا۔
اس پروگرام میں شہر کے بعض امام، تاجر، اساتذہ اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔
اللہ تعالیٰ اپنے فضل سے ان احباب کی ہدایت کے سامان پیدا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)