اطلاعات و اعلانات
نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں
سانحہ ارتحال
عامر شہزاد عادل صاحب تحریر کرتے ہیں کہ نہایت افسوس کے ساتھ اطلاع دی جاتی ہے کہ خاکسار کی ہمشیرہ نازیہ محمود آف ناصر آباد اسٹیٹ ضلع عمر کوٹ مورخہ ۱۹؍اکتو بر ۲۰۲۴ء کو بوجہ کینسر مختصر علالت کے بعد ۵۰؍ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اناللہ وانا الیہ راجعون۔
مرحومہ کو اللہ تعالیٰ نے پانچ بیٹوں اور تین بیٹیوں سے نوازا مگر وہ سب پیدائش کے کچھ دنوں کے بعد کم عمری میں ہی فوت ہو جاتے رہے۔ مرحومہ نے اپنے جیٹھ کا ایک بچہ گود لیا تھا جو اب ماشاء اللہ بیس سال کا ہے۔ مرحومہ نے اپنی زندگی میں بہت دکھ دیکھے مگر کبھی حرف شکایت زبان پر نہ آیا۔ آپ ہمیشہ خدا تعالیٰ کی رضا پر راضی رہنے والی اور صبر و شکر کرنے والی تھیں۔ بہت ہی ملنسار، خوش مزاج اور ہر ایک کے ساتھ بڑی محبت سے پیش آتی تھیں۔ مہمان نوازی اور خداتعالیٰ کی راہ میں خرچ کرنا ان کی طبیعت کا خاصہ تھا۔ جماعتی عہدیداران اور واقفین کا بڑا ادب واحترام کرتیں اور خلافت سے عشق کا تعلق تھا۔ مرحومہ نے اپنے پیچھے شوہر محمود احمد اور بیٹا فاخر محمود ساحل یاد گار چھوڑے ہیں۔
احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ علیین میں جگہ دے۔ آمین
٭…٭…٭