سپورٹس بلیٹن
کرکٹ: بھارت میں جاری تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں بھی نیوزی لینڈ نے بھارت کو ہرا کر دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔پونے میں ہونے والے مقابلہ میں نیوزی لینڈنے پہلے بلےبازی کرتے ہوئے ۲۵۹؍رنز بنائے جس کے جواب میں میزبان ٹیم صرف ۱۵۶؍رنز بناسکی، کیوی گیندباز مچل سینٹنر(Mitchell Santner) نے سات کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری باری میں ۲۵۵؍رنز بناکر بھارت کو ۳۵۹؍ رنز کا مشکل ہدف دیا۔میچ کےتیسرےروزپوری انڈین ٹیم ۲۴۵؍رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ یوں نیوزی لینڈ نے ۱۱۳؍رنز سے نہ صرف میچ میں کامیابی حاصل کی بلکہ بھارتی سرزمین پرپہلی ٹیسٹ سیریزجیت کرتاریخ رقم کردی۔ مچل سینٹنرکومیچ میں تیرہ وکٹیں حاصل کرنے پرپلیئرآف دی میچ کاایوارڈدیاگیا۔ یادرہے کہ بھارت کو ۱۲برس بعداپنے ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامناکرناپڑا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین تیسرا ٹیسٹ میچ یکم نومبر سےممبئی میں کھیلاجائے گا۔
٭…پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ راولپنڈی میں کھیلاگیاجس میں پاکستان نے ۹؍وکٹوں سےکامیابی حاصل کرکےسیریزاپنے نام کرلی۔ گذشتہ میچ کی طرح اس میچ میں بھی انگلش بلےباز پاکستانی اسپنرز نعمان علی اور ساجد خان کے سامنے بےبس دکھائی دیے۔ انگلینڈنے اپنی پہلی باری میں جیمی اسمتھ(Jamie Smith) کے۸۹؍رنزکی بدولت ۲۶۷؍رنز بنائے۔جواب میں پاکستانی ٹیم نے ۳۴۴؍رنزبناکر۷۷؍رنزکی اہم برتری حاصل کی۔ سعودشکیل نے شانداربیٹنگ کرتے ہوئے ۱۳۴؍ جبکہ نعمان علی اورساجدخان نے عمدہ کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئےبالترتیب ۴۵؍اور ۴۶؍رنز کی اہم اننگزکھیلیں۔انگلش ٹیم اپنی دوسری باری میں بری طرح ناکام ہوئی اورصرف ۱۱۲؍رنز بناسکی۔ یوں پاکستان کوکامیابی کے لیے ۳۶؍رنز کا ہدف ملا جوانہوں نے ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ سعودشکیل کو عمدہ بیٹنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ آف اسپنر ساجد خان کو مجموعی طور پر ۱۹؍وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئرآف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔ علاوہ ازیں بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی نے آخری دومیچوں میں ۲۰؍وکٹیں حاصل کیں۔اس فتح کے ساتھ پاکستان ساڑھے تین سال بعد اپنی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا۔
فٹ بال:انگلش پریمیئرلیگ میں گذشتہ ہفتہ ہونے والے میچز میں مانچسٹرسٹی نے ساؤتھ ہیمپٹن کو ایک صفر سے شکست دے کر۲۳؍پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ لیورپول اور آرسنل کامیچ ۲۔۲؍گول سے برابرہوا۔دیگرمقابلوں میں ویسٹ ہیم نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو اور چیلسی نے نیوکاسل کوایک کے مقابلہ میں دوگول سے ہرایا۔
٭…مانچسٹر سٹی اور سپین کے مڈفیلڈر روڈری (Rodri) نے پہلی بار Ballon d’Orیعنی گولڈن بال کا ایوارڈجیت لیا۔اس طرح ۲۸؍سالہ روڈری جنہوں نے سال۲۰۲۳۔۲۰۲۴ءمیں اپنے کلب اورملک کے لیے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتےہوئے صرف ایک میچ ہارا اور دنیائے فٹ بال کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔روڈری ۱۹۶۰ءکےبعدپہلے ہسپانوی فٹ بالر ہیں جنہیں یہ ایوارڈ دیا گیا۔
فارمولاوَن کارریسنگ:۲۷؍اکتوبر کو میکسیکو سٹی میں ہونے والی میکسیکن گراں پری Ferrariکےاسپینش ڈرائیور Carlos Sainz Jrنے جیت لی۔انہوں نے ۴.۳۰۴؍کلومیٹرٹریک پر ۷۱؍چکروں کی ریس ایک گھنٹہ چالیس نٹ اور۵۵؍سیکنڈمیں مکمل کی۔ برطانیہ کے Lando Norrisنےدوسری جبکہ مناکوسے تعلق رکھنے والے Charles Leclercنے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ٹینس:آسٹریا میں ہونے والےویانااوپن کےفائنل میچ میں برطانیہ کے۲۲؍سالہ Jack Draperنےروس کےKaren Khachanovکو ۶۔۴؍اور۷۔۵؍کے سکورسے شکست دے دی۔جیک ڈریپرچوتھے برطانوی کھلاڑی ہیں جنہوں نے ATP 500ٹائیٹل اپنے نام کیا۔
دوسری طرف ٹوکیومیں ہونے والے خواتین کے ٹینس ٹورنامنٹ Pan Pacific اوپن میں چین کی اولمپک گولڈ میڈلسٹ Qinwen Zhengنےامریکہ کی Sofia Keninکو۷۔۶اور۶۔۳کے اسکورسے ہراکرWTA 500ٹائیٹل جیت لیا۔
(ن م طاہر)
٭…٭…٭