ماہ ربیع الاوّل میں سیرۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے آئیوری کوسٹ میں بعض سرگرمیاں
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو دوران ماہ ربیع الاول ملک بھر کی مختلف جماعتوں میں جلسہ ہائے سیرۃالنبیﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ موصولہ رپورٹس کے مطابق ملک بھر کے ۲۲؍ریجنز کی کُل ۱۴۰؍جماعتوں میں ۱۸۰؍جلسہ جات کا انعقاد ہوا جن میں چھ ہزار مردوخواتین نے حصہ لیا۔ جلسوں کے انعقاد کے بعد مختلف مقامات پر طعام یا کلواجمیعًا کا انتظام بھی رکھا گیا تھا۔
ان جلسہ جات کے ساتھ ساتھ نماز فجر اور مغرب کے بعد جماعتی مساجد میں سیرۃالنبیﷺ کے مختلف پہلوؤں کو بذریعہ دروس بیان کیا جاتا رہا۔ ان دروس کی کُل تعداد ۳۰۰؍تھی جن کو سننے کے لیےتین ہزار احباب نے شرکت کی۔
دوران ماہ مساجد میں خطبات جمعہ بھی سیرۃالنبیﷺ کے حوالے سے دیے جاتے رہے جن کی کُل تعداد ۱۴۰؍تھی اور شاملین کی تعداد سات ہزار تھی۔
اسی طرح مختلف جماعتوں میں ریڈیو چینلز کے ذریعے بھی سیرۃالنبیﷺ کے پروگرامز کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ ۱۰۰؍ریڈیو پروگرامز کے تقریباً ۳۰؍ہزار سامعین تھے۔
علاوہ ازیں ۴۰؍بُک سٹالز کا انعقاد کیا گیا۔ قرآن کریم کے نسخہ جات کے ساتھ ساتھ سیرۃالنبیﷺ کے حوالے سے کتب بھی ان سٹالز کی زینت بنیں۔ ان کتب سٹالز کے ذریعے دو لاکھ فرانک سیفا کی رقم کی کتب فروخت ہوئیں اور ان بک سٹالز کا ایک ہزار سے زائد افراد نے دورہ کیا۔
سوشل میڈیا کے ذریعے بھی دوران ماہ سیرۃالنبیﷺ کے پروگرامز کی تشہیر کی جاتی رہی۔ جبکہ مختلف شہروں کے متعدد مقامات پر ۱۵؍تبلیغی پروگرامز کا انعقاد بھی بعنوان سیرۃ النبیﷺ ہوا جن میں ایک ہزار کے قریب افراد نے شرکت کی۔
اسی طرح سوال و جواب کے پروگرامز بھی منعقد ہوئے جن میں سیرۃالنبیﷺ کے تحت پوچھے گئے سوالات کے جواب دیے گئے۔ کئی ایک مقامات پرسرکاری نیز پرائیویٹ عہدیداران کو دوران ملاقات ’’حیات محمدﷺ‘‘ نیز ’’عالمی بحران اور امن کی راہ‘‘ کتب کا تحفہ پیش کیا گیا۔
اللہ تعالیٰ ان تمام پروگرامز کے نیک نتائج پیدا فرمائے نیز ہمیں سیرۃالنبیﷺ کے ہر پہلو پرعمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)