مجلس خدام الاحمدیہ ڈنمارک کی مجلس شوریٰ اور سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۴ء کا انعقاد
محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ ڈنمارک کو اپنا سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ ۲۱و۲۲؍ستمبر۲۰۲۴ء کوپن ہیگن میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔
افتتاحی اجلاس:اجتماع کا آغاز مورخہ ۲۱؍ستمبربروز ہفتہ ایودویور میں واقع ایک سکول کے سپورٹس ہال میں ہوا۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت مکرم محمد زکریا خان صاحب امیر جماعت احمدیہ ڈنمارک نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور عہد کے بعد مکرم امیر صاحب نے خدام کو چند نصائح کیں اور دعا کے ساتھ اجتماع کا آغاز ہوا۔ پہلے دن خدام اور اطفال کے ورزشی مقابلہ جات منعقد ہوئے جن میں کرکٹ، فٹ بال، والی بال، ٹیبل ٹینس اور کلائی پکڑنا شامل تھے۔
اجتماع مجلس اطفال الاحمدیہ:۲۱؍ستمبرکو ہی مجلس خدام الاحمدیہ کے افتتاحی اجلاس کے ساتھ مجلس اطفال الاحمدیہ کے اجتماع کا بھی آغاز ہوا۔ ورزشی مقابلہ جات کے بعد نماز ظہر و عصر سپورٹس ہال میں ادا کی گئیں جس کے بعد علمی مقابلہ جات مسجد نصرت جہاں میں منعقد ہوئے۔ مجلس اطفال الاحمدیہ کے کچھ مقابلہ جات آن لائن بھی منعقد کیے گئے تھے۔ شام پانچ بجے نا صرہال میں اختتامی تقریب منعقد ہوئی جس میں مکرم امیر صاحب نے پوزیشن حاصل کرنے والے اطفال میں انعامات تقسیم کیے اور دعا کے ساتھ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ اجتماع میں کُل ۲۶؍اطفال شامل ہوئے۔
مجلس شوریٰ:بروز ہفتہ شام چھ بجے مجلس خدام الاحمدیہ کی مجلس شوریٰ کا انعقاد ناصر ہال میں ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور عہد سے ہوا جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے دعا کرائی اور صدر مجلس خدام الاحمدیہ کا انتخاب عمل میں آیا۔ بعد ازاں ممبران مجلس شوریٰ نے بجٹ اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے منظورشدہ تجویز پر غور کیا اور اپنی تجاویز دیں۔ یہ اجلاس ایک گھنٹہ تک جاری رہا۔
۲۲؍ستمبرکو مجلس خدام الاحمدیہ کے علمی مقابلہ جات ناصرہال میں منعقد ہوئے جن میں تلاوت قرآن کریم، نظم، تقریر، اذان اور حفظ ادعیہ شامل تھے۔ نماز ظہر و عصر کے بعد ایک ڈسکشن پروگرام رکھا گیا اور شام پانچ بجے اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔
اختتامی تقریب: اختتامی اجلاس میں تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم امیر صاحب نے پوزیشن حاصل کرنے والے خدام میں انعامات تقسیم کیے اور اختتامی تقریر کی۔ دعا کے ساتھ یہ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ کُل حاضری ۲۲؍خدام رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک
اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو اس اجتماع سے مستفید ہوتے ہوئے اپنے ایمان میں بڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(رپورٹ:محمد اکرم محمود۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)